یوحنا 22:10-42
یوحنا 22:10-42 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
یروشلیمؔ میں بیت المُقدّس کے مخصوص کیٔے جانے کی عید آئی۔ سردی کا موسم تھا اَور حُضُور عیسیٰ بیت المُقدّس میں سُلیمانی برآمدہ میں ٹہل رہے تھے۔ یہُودی اُن کے اِردگرد جمع ہو گئے اَور کہنے لگے، ”تُو کب تک ہمیں شک میں مُبتلا رکھےگا؟ اگر تو المسیؔح ہے تو ہمیں صَاف صَاف بتا دے۔“ حُضُور عیسیٰ نے جَواب دیا، ”میں تُمہیں بتا چُکا ہُوں لیکن تُم تو میرا یقین ہی نہیں کرتے۔ جو معجزے میں اَپنے باپ کے نام سے کرتا ہُوں وُہی میرے گواہ ہیں۔ لیکن تُم یقین نہیں کرتے کیونکہ تُم میری بھیڑیں نہیں ہو۔ میری بھیڑیں میری آواز سُنتی ہیں۔ میں اُنہیں جانتا ہُوں اَور وہ میرے پیچھے پیچھے چلتی ہیں۔ میں اُنہیں اَبدی زندگی دیتا ہُوں۔ وہ کبھی ہلاک نہ ہوں گی اَور کویٔی اُنہیں میرے ہاتھ سے چھین نہیں سَکتا۔ میرا باپ، جِس نے اُنہیں میرے سُپرد کیا ہے سَب سے بڑا ہے؛ کویٔی اُنہیں میرے باپ کے ہاتھ سے نہیں چھین سَکتا۔ میں اَور باپ ایک ہیں۔“ یہُودیوں نے پھر آپ کو سنگسار کرنے کے لیٔے پتّھر اُٹھائے۔ لیکن حُضُور عیسیٰ نے اُن سے فرمایا، ”میں نے تُمہیں اَپنے باپ کی طرف سے بَڑے بَڑے معجزے دکھائے ہیں۔ اُن میں سے کِس معجزہ کی وجہ سے مُجھے سنگسار کرنا چاہتے ہو؟“ یہُودیوں نے جَواب دیا، ”ہم آپ کو کسی نیک کام کے لیٔے نہیں، بَلکہ اِس کُفر کے لیٔے سنگسار کرنا چاہتے ہیں کہ آپ محض ایک اِنسان ہوتے ہویٔے بھی خُدا ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں۔“ حُضُور عیسیٰ نے اُن سے فرمایا، ”کیا تمہاری شَریعت میں یہ نہیں لِکھّا ہے، ’میں نے کہا، تُم ”معبُود“ ہو؟‘ اگر شَریعت اُنہیں ’معبُود،‘ کہتی ہے جنہیں خُدا کا کلام دیا گیا اَور کِتاب مُقدّس جُھٹلایا نہیں جا سَکتا۔ تو تُم اُس کے بارے میں کیا کہتے ہو جسے باپ نے مخصوص کرکے دُنیا میں بھیجا ہے؟ چنانچہ تُم مُجھ پر کُفر کا اِلزام کیوں لگاتے ہو؟ کیا اِس لیٔے کہ میں نے فرمایا، ’میں خُدا کا بیٹا ہُوں‘؟ اگرمیں باپ کے کہنے کے مُطابق کام نہ کروں تو میرا یقین نہ کرو۔ لیکن اگر کرتا ہُوں تو چاہے میرا یقین نہ کرو لیکن اِن معجزوں کا تو یقین کرو تاکہ جان لو اَور سمجھ جاؤ کہ باپ مُجھ میں ہے اَور میں باپ میں ہُوں۔“ اُنہُوں نے پھر حُضُور عیسیٰ کو پکڑنے کی کوشش کی لیکن وہ اُن کے ہاتھ سے بچ کر نِکل گیٔے۔ اِس کے بعد حُضُور عیسیٰ یردؔن پار اُس جگہ تشریف لے گیٔے جہاں حضرت یحییٰ شروع میں پاک غُسل دیا کرتے تھے۔ آپ وہاں ٹھہر گیٔے۔ اَور بہت سے لوگ اُن کے پاس آئے اَور ایک دُوسرے سے کہنے لگے، ”حضرت یحییٰ نے خُود تو کویٔی معجزہ نہیں دکھایا لیکن جو کُچھ حضرت یحییٰ نے اِن کے بارے میں فرمایا وہ سَب سچ ثابت ہُوا۔“ اَور اُس جگہ بہت سے لوگ حُضُور عیسیٰ پر ایمان لایٔے۔
یوحنا 22:10-42 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
سردیوں کا موسم تھا اور عیسیٰ بیت المُقدّس کی مخصوصیت کی عید بنام حنوکا کے دوران یروشلم میں تھا۔ وہ بیت المُقدّس کے اُس برآمدے میں پھر رہا تھا جس کا نام سلیمان کا برآمدہ تھا۔ یہودی اُسے گھیر کر کہنے لگے، ”آپ ہمیں کب تک اُلجھن میں رکھیں گے؟ اگر آپ مسیح ہیں تو ہمیں صاف صاف بتا دیں۔“ عیسیٰ نے جواب دیا، ”مَیں تم کو بتا چکا ہوں، لیکن تم کو یقین نہیں آیا۔ جو کام مَیں اپنے باپ کے نام سے کرتا ہوں وہ میرے گواہ ہیں۔ لیکن تم ایمان نہیں رکھتے کیونکہ تم میری بھیڑیں نہیں ہو۔ میری بھیڑیں میری آواز سنتی ہیں۔ مَیں اُنہیں جانتا ہوں اور وہ میرے پیچھے چلتی ہیں۔ مَیں اُنہیں ابدی زندگی دیتا ہوں، اِس لئے وہ کبھی ہلاک نہیں ہوں گی۔ کوئی اُنہیں میرے ہاتھ سے چھین نہ لے گا، کیونکہ میرے باپ نے اُنہیں میرے سپرد کیا ہے اور وہی سب سے بڑا ہے۔ کوئی اُنہیں باپ کے ہاتھ سے چھین نہیں سکتا۔ مَیں اور باپ ایک ہیں۔“ یہ سن کر یہودی دوبارہ پتھر اُٹھانے لگے تاکہ عیسیٰ کو سنگسار کریں۔ اُس نے اُن سے کہا، ”مَیں نے تمہیں باپ کی طرف سے کئی الٰہی نشان دکھائے ہیں۔ تم مجھے اِن میں سے کس نشان کی وجہ سے سنگسار کر رہے ہو؟“ یہودیوں نے جواب دیا، ”ہم تم کو کسی اچھے کام کی وجہ سے سنگسار نہیں کر رہے بلکہ کفر بکنے کی وجہ سے۔ تم جو صرف انسان ہو اللہ ہونے کا دعویٰ کرتے ہو۔“ عیسیٰ نے کہا، ”کیا یہ تمہاری شریعت میں نہیں لکھا ہے کہ اللہ نے فرمایا، ’تم خدا ہو‘؟ اُنہیں ’خدا‘ کہا گیا جن تک اللہ کا یہ پیغام پہنچایا گیا۔ اور ہم جانتے ہیں کہ کلامِ مُقدّس کو منسوخ نہیں کیا جا سکتا۔ تو پھر تم کفر بکنے کی بات کیوں کرتے ہو جب مَیں کہتا ہوں کہ مَیں اللہ کا فرزند ہوں؟ آخر باپ نے خود مجھے مخصوص کر کے دنیا میں بھیجا ہے۔ اگر مَیں اپنے باپ کے کام نہ کروں تو میری بات نہ مانو۔ لیکن اگر اُس کے کام کروں تو بےشک میری بات نہ مانو، لیکن کم از کم اُن کاموں کی گواہی تو مانو۔ پھر تم جان لو گے اور سمجھ جاؤ گے کہ باپ مجھ میں ہے اور مَیں باپ میں ہوں۔“ ایک بار پھر اُنہوں نے اُسے گرفتار کرنے کی کوشش کی، لیکن وہ اُن کے ہاتھ سے نکل گیا۔ پھر عیسیٰ دوبارہ دریائے یردن کے پار اُس جگہ چلا گیا جہاں یحییٰ شروع میں بپتسمہ دیا کرتا تھا۔ وہاں وہ کچھ دیر ٹھہرا۔ بہت سے لوگ اُس کے پاس آتے رہے۔ اُنہوں نے کہا، ”یحییٰ نے کبھی کوئی الٰہی نشان نہ دکھایا، لیکن جو کچھ اُس نے اِس کے بارے میں بیان کیا، وہ بالکل صحیح نکلا۔“ اور وہاں بہت سے لوگ عیسیٰ پر ایمان لائے۔
یوحنا 22:10-42 کِتابِ مُقادّس (URD)
یروشلِیم میں عِیدِ تجدِید ہُوئی اور جاڑے کا مَوسم تھا۔ اور یِسُوعؔ ہَیکل کے اندر سُلیمؔانی برآمدہ میں ٹہل رہا تھا۔ پس یہُودِیوں نے اُس کے گِرد جمع ہو کر اُس سے کہا تُو کب تک ہمارے دِل کو ڈانوانڈول رکھّے گا؟ اگر تُو مسِیح ہے تو ہم سے صاف کہہ دے۔ یِسُوعؔ نے اُنہیں جواب دِیا کہ مَیں نے تو تُم سے کہہ دِیا مگر تُم یقِین نہیں کرتے۔ جو کام مَیں اپنے باپ کے نام سے کرتا ہُوں وُہی میرے گواہ ہیں۔ لیکن تُم اِس لِئے یقِین نہیں کرتے کہ میری بھیڑوں میں سے نہیں ہو۔ میری بھیڑیں میری آواز سُنتی ہیں اور مَیں اُنہیں جانتا ہُوں اور وہ میرے پِیچھے پِیچھے چلتی ہیں۔ اور مَیں اُنہیں ہمیشہ کی زِندگی بخشتا ہُوں اور وہ ابد تک کبھی ہلاک نہ ہوں گی اور کوئی اُنہیں میرے ہاتھ سے چِھین نہ لے گا۔ میرا باپ جِس نے مُجھے وہ دی ہیں سب سے بڑا ہے اور کوئی اُنہیں باپ کے ہاتھ سے نہیں چِھین سکتا۔ مَیں اور باپ ایک ہیں۔ یہُودِیوں نے اُسے سنگسار کرنے کے لِئے پِھر پتّھر اُٹھائے۔ یِسُوعؔ نے اُنہیں جواب دِیا کہ مَیں نے تُم کو باپ کی طرف سے بُہتیرے اچھّے کام دِکھائے ہیں۔ اُن میں سے کِس کام کے سبب سے مُجھے سنگسار کرتے ہو؟ یہُودِیوں نے اُسے جواب دِیا کہ اچھّے کام کے سبب سے نہیں بلکہ کُفر کے سبب سے تُجھے سنگسار کرتے ہیں اور اِس لِئے کہ تُو آدمی ہو کر اپنے آپ کو خُدا بناتا ہے۔ یِسُوعؔ نے اُنہیں جواب دِیا کیا تُمہاری شرِیعت میں یہ نہیں لِکھا ہے کہ مَیں نے کہا تُم خُدا ہو؟ جب کہ اُس نے اُنہیں خُدا کہا جِن کے پاس خُدا کا کلام آیا (اور کِتابِ مُقدّس کا باطِل ہونا مُمکِن نہیں)۔ آیا تُم اُس شخص سے جِسے باپ نے مُقدّس کر کے دُنیا میں بھیجا کہتے ہو کہ تُو کُفر بکتا ہے اِس لِئے کہ مَیں نے کہا مَیں خُدا کا بیٹا ہُوں؟ اگر مَیں اپنے باپ کے کام نہیں کرتا تو میرا یقِین نہ کرو۔ لیکن اگر مَیں کرتا ہُوں تو گو میرا یقِین نہ کرو مگر اُن کاموں کا تو یقِین کرو تاکہ تُم جانو اور سمجھو کہ باپ مُجھ میں ہے اور مَیں باپ میں۔ اُنہوں نے پِھر اُسے پکڑنے کی کوشِش کی لیکن وہ اُن کے ہاتھ سے نِکل گیا۔ وہ پِھر یَردؔن کے پار اُس جگہ چلا گیا جہاں یُوحنّا پہلے بپتِسمہ دِیا کرتا تھا اور وہِیں رہا۔ اور بُہتیرے اُس کے پاس آئے اور کہتے تھے کہ یُوحنّا نے کوئی مُعجِزہ نہیں دِکھایا مگر جو کُچھ یُوحنّا نے اِس کے حق میں کہا تھا وہ سچ تھا۔ اور وہاں بُہتیرے اُس پر اِیمان لائے۔