یرمیاہ 1:25-14
یرمیاہ 1:25-14 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
شاہِ یہُودیؔہ یہُویقیمؔ بِن یُوشیاہؔ کے دَورِ حُکومت کے چوتھے سال میں جو شاہِ بابیل نبوکدنضرؔ کے حُکومت کا پہلا سال تھا، یہُودیؔہ کے تمام لوگوں کے متعلّق یَاہوِہ کا یہ کلام یرمیاہؔ پر نازل ہُوا۔ جسے یرمیاہؔ نبی نے یہُودیؔہ کے تمام لوگوں اَور یروشلیمؔ کے سَب باشِندوں کو کہہ سُنایا، گذشتہ تئیس سال سے یعنی شاہِ یہُودیؔہ یُوشیاہؔ بِن امُونؔ کے دَورِ حُکومت کے تیرہویں سال سے آج تک یَاہوِہ کا کلام مُجھ پر نازل ہوتا رہاہے اَور مَیں بار بار اُسے تُمہیں سُناتا رہا لیکن تُم لوگوں نے اُسے سُن کر فراموش کر دیا۔ اَور حالانکہ یَاہوِہ نے اَپنے تمام خادِموں یعنی نبیوں کو بار بار تمہارے پاس بھیجا لیکن تُم نے نہ تو اُنہیں سُنا اَور نہ ہی اُن کے کلام پر کان لگایا۔ نبیوں نے تُمہیں آگاہ کیا تھا، ”اَب تُم میں سے ہر ایک اَپنی بُری روِشوں اَور اَپنے بُرے اعمال سے باز آئے تاکہ تُم اِس مُلک میں رہ سکو جو یَاہوِہ نے تُمہیں اَور تمہارے آباؤاَجداد کو ہمیشہ کے لیٔے دیا ہے۔ غَیر معبُودوں کی پیروی کرکے اُن کی پرستش اَور عبادت نہ کرو اَور اَپنے ہاتھوں کی بنائی ہُوئی بُتوں سے میرے غضب کو مت بھڑکاؤ۔ تَب میں تُمہیں کویٔی نُقصان نہ پہُنچاؤں گا۔“ ”لیکن تُم نے میری نہ سُنی،“ یہ یَاہوِہ کا فرمان ہے، ”اَور تُم نے اَپنے ہاتھوں کی بنائی ہُوئی چیزوں سے مُجھے غضبناک کیا اَور خُود اَپنا نُقصان کیا۔“ اِس لیٔے قادرمُطلق یَاہوِہ یُوں فرماتے ہیں: ”چونکہ تُم نے میرے حُکموں پر عَمل نہیں کیا، اِس لیٔے میں شمال کے تمام لوگوں کو اَور اَپنے خادِم شاہِ بابیل نبوکدنضرؔ کو بُلاؤں گا،“ یَاہوِہ فرماتے ہیں، ”اَور مَیں اُنہیں اِس مُلک پر اَور اِس کے تمام باشِندوں پر اَور اُس کے گِردونواح کی تمام قوموں کے خِلاف حملہ کرنے کو چڑھا لاؤں گا اَور مَیں اُنہیں بالکُل برباد کر دُوں گا تاکہ وہ دہشت اَور طعن اَور اَبدی تباہی اَور بربادی کی مثال بَن جایٔیں۔ اَور اِس کے علاوہ میں اِن مُلکوں میں سے خُوشی اَور شادمانی کی آوازیں، دُلہا دُلہن کی صدائیں اَور چکّی کا شور اَور چراغ کی رَوشنی دُور کر دُوں گا۔ یہ تمام مُلک غَیر آباد ویرانہ بَن جائے گا اَور یہ قومیں ستّر بَرس تک شاہِ بابیل کی خدمت گذار ہُوں گی۔ ”لیکن ستّر بَرس پُورے ہونے پر میں شاہِ بابیل اَور اُس کی قوم اَور کَسدیوں کے مُلک کو اُن کی بدکاری کے باعث سزا دُوں گا۔“ یَاہوِہ فرماتے ہیں، ”اَور اُسے ہمیشہ کے لیٔے ویران کر دُوں گا۔ اِس مُلک کے خِلاف مَیں نے جو کچھ فرمایاہے اَورجو کچھ اِس کِتاب میں درج کیا ہے اَورجو مُختلف قوموں کے خِلاف یرمیاہؔ نے بطور نبُوّت فرمایاہے سَب پُورا کیا جائے گا۔ وہ خُود مُختلف قوموں اَور بڑے بڑے بادشاہوں کے غُلام بَن جایٔیں گے اَور مَیں اُن کے اعمال اَور اُن کے ہاتھوں کے کاموں کے مُطابق اُنہیں بدلہ دُوں گا۔“
یرمیاہ 1:25-14 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
یہویقیم بن یوسیاہ کی حکومت کے چوتھے سال میں اللہ کا کلام یرمیاہ پر نازل ہوا۔ اُسی سال بابل کا بادشاہ نبوکدنضر تخت نشین ہوا تھا۔ یہ کلام یہوداہ کے تمام باشندوں کے بارے میں تھا۔ چنانچہ یرمیاہ نبی نے یروشلم کے تمام باشندوں اور یہوداہ کی پوری قوم سے مخاطب ہو کر کہا، ”23 سال سے رب کا کلام مجھ پر نازل ہوتا رہا ہے یعنی یوسیاہ بن امون کی حکومت کے تیرھویں سال سے لے کر آج تک۔ بار بار مَیں تمہیں پیغامات سناتا رہا ہوں، لیکن تم نے دھیان نہیں دیا۔ میرے علاوہ رب دیگر تمام نبیوں کو بھی بار بار تمہارے پاس بھیجتا رہا، لیکن تم نے نہ سنا، نہ توجہ دی، گو میرے خادم تمہیں بار بار آگاہ کرتے رہے، ’توبہ کرو! ہر ایک اپنی غلط راہوں اور بُری حرکتوں سے باز آ کر واپس آئے۔ پھر تم ہمیشہ تک اُس ملک میں رہو گے جو رب نے تمہیں اور تمہارے باپ دادا کو عطا کیا تھا۔ اجنبی معبودوں کی پیروی کر کے اُن کی خدمت اور پوجا مت کرنا! اپنے ہاتھوں کے بنائے ہوئے بُتوں سے مجھے طیش نہ دلانا، ورنہ مَیں تمہیں نقصان پہنچاؤں گا‘۔“ رب فرماتا ہے، ”افسوس! تم نے میری نہ سنی بلکہ مجھے اپنے ہاتھوں کے بنائے ہوئے بُتوں سے غصہ دلا کر اپنے آپ کو نقصان پہنچایا۔“ رب الافواج فرماتا ہے، ”چونکہ تم نے میرے پیغامات پر دھیان نہ دیا، اِس لئے مَیں شمال کی تمام قوموں اور اپنے خادم بابل کے بادشاہ نبوکدنضر کو بُلا لوں گا تاکہ وہ اِس ملک، اِس کے باشندوں اور گرد و نواح کے ممالک پر حملہ کریں۔ تب یہ صفحۂ ہستی سے یوں مٹ جائیں گے کہ لوگوں کے رونگٹے کھڑے ہو جائیں گے اور وہ اُن کا مذاق اُڑائیں گے۔ یہ علاقے دائمی کھنڈرات بن جائیں گے۔ مَیں اُن کے درمیان خوشی و شادمانی اور دُولھے دُلھن کی آوازیں بند کر دوں گا۔ چکّیاں خاموش پڑ جائیں گی اور چراغ بجھ جائیں گے۔ پورا ملک ویران و سنسان ہو جائے گا، چاروں طرف ملبے کے ڈھیر نظر آئیں گے۔ تب تم اور ارد گرد کی قومیں 70 سال تک شاہِ بابل کی خدمت کرو گے۔ لیکن 70 سال کے بعد مَیں شاہِ بابل اور اُس کی قوم کو مناسب سزا دوں گا۔ مَیں ملکِ بابل کو یوں برباد کروں گا کہ وہ ہمیشہ تک ویران و سنسان رہے گا۔ اُس وقت مَیں اُس ملک پر سب کچھ نازل کروں گا جو مَیں نے اُس کے بارے میں فرمایا ہے، سب کچھ پورا ہو جائے گا جو اِس کتاب میں درج ہے اور جس کی پیش گوئی یرمیاہ نے تمام اقوام کے بارے میں کی ہے۔ اُس وقت اُنہیں بھی متعدد قوموں اور بڑے بڑے بادشاہوں کی خدمت کرنی پڑے گی۔ یوں مَیں اُنہیں اُن کی حرکتوں اور اعمال کا مناسب اجر دوں گا۔“
یرمیاہ 1:25-14 کِتابِ مُقادّس (URD)
وہ کلام جو شاہِ یہُوداؔہ یہویقِیم بِن یوسیاؔہ کے چَوتھے برس میں جو شاہِ بابل نبُوکدنضرؔ کا پہلا برس تھا یہُوداؔہ کے سب لوگوں کی بابت یَرمِیاؔہ پر نازِل ہُؤا۔ جو یَرمِیاؔہ نبی نے یہُوداؔہ کے سب لوگوں اور یروشلیِم کے سب باشِندوں کو سُنایا اور کہا۔ کہ شاہِ یہُوداؔہ یوسیاؔہ بِن آمُوؔن کے تیرھویں برس سے آج تک یہ تیئِیس برس خُداوند کا کلام مُجھ پر نازِل ہوتا رہا اور مَیں تُم کو سُناتا اور بر وقت جتاتا رہا پر تُم نے نہ سُنا۔ اور خُداوند نے اپنے سب خِدمت گُذار نبِیوں کو تُمہارے پاس بھیجا۔ اُس نے اُن کو بر وقت بھیجا پر تُم نے نہ سُنا اور نہ کان لگایا۔ اُنہوں نے کہا کہ تُم سب اپنی اپنی بُری راہ سے اور اپنے بُرے کاموں سے باز آؤ اور اُس مُلک میں جو خُداوند نے تُم کو اور تُمہارے باپ دادا کو قدِیم سے ہمیشہ کے لِئے دِیا ہے بسو۔ اور غَیر معبُودوں کی پَیروی نہ کرو کہ اُن کی عِبادت و پرستِش کرو اور اپنے ہاتھوں کے کاموں سے مُجھے غضب ناک نہ کرو اور مَیں تُم کو کُچھ ضرر نہ پُہنچاؤُں گا۔ پر خُداوند فرماتا ہے تُم نے میری نہ سُنی تاکہ اپنے ہاتھوں کے کاموں سے اپنے زِیان کے لِئے مُجھے غضب ناک کرو۔ اِس لِئے ربُّ الافواج یُوں فرماتا ہے کہ چُونکہ تُم نے میری بات نہ سُنی۔ دیکھو مَیں تمام شِمالی قبائِل کو اور اپنے خِدمت گُذار شاہِ بابل نبُوکدؔرضر کو بُلا بھیجُوں گا خُداوند فرماتا ہے اور مَیں اُن کو اِس مُلک اور اِس کے باشِندوں پر اور اِن سب قَوموں پر جو آس پاس ہیں چڑھا لاؤُں گا اور اِن کو بِالکُل نیست و نابُود کر دُوں گا اور اِن کو حَیرانی اور سُسکار کا باعِث بناؤُں گا اور ہمیشہ کے لِئے وِیران کرُوں گا۔ بلکہ مَیں اِن میں سے خُوشی و شادمانی کی آواز دُلہے اور دُلہن کی آواز چکّی کی آواز اور چراغ کی رَوشنی مَوقُوف کر دُوں گا۔ اور یہ ساری سرزمِین وِیرانہ اور حَیرانی کا باعِث ہو جائے گی اور یہ قَومیں ستّر برس تک شاہِ بابل کی غُلامی کریں گی۔ خُداوند فرماتا ہے جب ستّر برس پُورے ہوں گے تو مَیں شاہِ بابل کو اور اُس قَوم کو اور کسدیوں کے مُلک کو اُن کی بدکرداری کے سبب سے سزا دُوں گا اور مَیں اُسے اَیسا اُجاڑُوں گا کہ ہمیشہ تک وِیران رہے۔ اور مَیں اُس مُلک پر اپنی سب باتیں جو مَیں نے اُس کی بابت کہِیں یعنی وہ سب جو اِس کِتاب میں لِکھی ہیں جو یَرمِیاؔہ نے نبُوّت کر کے سب قَوموں کو کہہ سُنائِیں پُوری کرُوں گا۔ کہ اُن سے ہاں اُن ہی سے بُہت سی قَومیں اور بڑے بڑے بادشاہ غُلام کی سی خِدمت لیں گے۔ تب مَیں اُن کے اَعمال کے مُطابِق اور اُن کے ہاتھوں کے کاموں کے مُطابِق اُن کو بدلہ دُوں گا۔