YouVersion Logo
تلاش

یرمیاہ 7:20-14

یرمیاہ 7:20-14 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

اے رب، تُو نے مجھے منوایا، اور مَیں مان گیا۔ تُو مجھے اپنے قابو میں لا کر مجھ پر غالب آیا۔ اب مَیں پورا دن مذاق کا نشانہ بنا رہتا ہوں۔ ہر ایک میری ہنسی اُڑاتا رہتا ہے۔ کیونکہ جب بھی مَیں اپنا منہ کھولتا ہوں تو مجھے چلّا کر ’ظلم و تباہی‘ کا نعرہ لگانا پڑتا ہے۔ چنانچہ مَیں رب کے کلام کے باعث پورا دن گالیوں اور مذاق کا نشانہ بنا رہتا ہوں۔ لیکن اگر مَیں کہوں، ”آئندہ مَیں نہ رب کا ذکر کروں گا، نہ اُس کا نام لے کر بولوں گا“ تو پھر اُس کا کلام آگ کی طرح میرے دل میں بھڑکنے لگتا ہے۔ اور یہ آگ میری ہڈیوں میں بند رہتی اور کبھی نہیں نکلتی۔ مَیں اِسے برداشت کرتے کرتے تھک گیا ہوں، یہ میرے بس کی بات نہیں رہی۔ متعدد لوگوں کی سرگوشیاں میرے کانوں تک پہنچتی ہیں۔ وہ کہتے ہیں، ”چاروں طرف دہشت ہی دہشت؟ یہ کیا کہہ رہا ہے؟ اُس کی رپٹ لکھواؤ! آؤ، ہم اُس کی رپورٹ کریں۔“ میرے تمام نام نہاد دوست اِس انتظار میں ہیں کہ مَیں پھسل جاؤں۔ وہ کہتے ہیں، ”شاید وہ دھوکا کھا کر پھنس جائے اور ہم اُس پر غالب آ کر اُس سے انتقام لے سکیں۔“ لیکن رب زبردست سورمے کی طرح میرے ساتھ ہے، اِس لئے میرا تعاقب کرنے والے مجھ پر غالب نہیں آئیں گے بلکہ خود ٹھوکر کھا کر گر جائیں گے۔ اُن کے منہ کالے ہو جائیں گے، کیونکہ وہ ناکام ہو جائیں گے۔ اُن کی رُسوائی ہمیشہ ہی یاد رہے گی اور کبھی نہیں مٹے گی۔ اے رب الافواج، تُو راست باز کا معائنہ کر کے دل اور ذہن کو پرکھتا ہے۔ اب بخش دے کہ مَیں اپنی آنکھوں سے وہ انتقام دیکھوں جو تُو میرے مخالفوں سے لے گا۔ کیونکہ مَیں نے اپنا معاملہ تیرے ہی سپرد کر دیا ہے۔ رب کی مدح سرائی کرو! رب کی تمجید کرو! کیونکہ اُس نے ضرورت مند کی جان کو شریروں کے ہاتھ سے بچا لیا ہے۔ اُس دن پر لعنت جب مَیں پیدا ہوا! وہ دن مبارک نہ ہو جب میری ماں نے مجھے جنم دیا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں یرمیاہ 20

یرمیاہ 7:20-14 کِتابِ مُقادّس (URD)

اَے خُداوند! تُو نے مُجھے ترغِیب دی ہے اور مَیں نے مان لِیا۔ تُو مُجھ سے توانا تھا اور تُو غالِب آیا۔ مَیں دِن بھر ہنسی کا باعِث بنتا ہُوں۔ ہر ایک میری ہنسی اُڑاتا ہے۔ کیونکہ جب جب مَیں کلام کرتا ہُوں زور سے پُکارتا ہُوں۔ مَیں نے غضب اور ہلاکت کا اِعلان کِیا کیونکہ خُداوند کا کلام دِن بھر میری ملامت اور ہنسی کا باعِث ہوتا ہے۔ اور اگر مَیں کہُوں کہ مَیں اُس کا ذِکر نہ کرُوں گا نہ پِھر کبھی اُس کے نام سے کلام کرُوں گا تو اُس کا کلام میرے دِل میں جلتی آگ کی مانِند ہے جو میری ہڈِّیوں میں پوشِیدہ ہے اور مَیں ضبط کرتے کرتے تھک گیا اور مُجھ سے رہا نہیں جاتا۔ کیونکہ مَیں نے بُہتوں کی تُہمت سُنی۔ چاروں طرف دہشت ہے۔ اُس کی شکایت کرو۔ وہ کہتے ہیں ہم اُس کی شِکایت کریں گے۔ میرے سب دوست میرے ٹھوکر کھانے کے مُنتظِر ہیں اور کہتے ہیں شاید وہ ٹھوکر کھائے۔ تب ہم اُس پر غالِب آئیں گے اور اُس سے بدلہ لیں گے۔ لیکن خُداوند مُہِیب بہادُر کی مانِند میری طرف ہے۔ اِس لِئے مُجھے ستانے والوں نے ٹھوکر کھائی اور غالِب نہ آئے۔ وہ نِہایت شرمِندہ ہُوئے اِس لِئے کہ اُنہوں نے اپنا مقصد نہ پایا۔ اُن کی شرمِندگی ہمیشہ تک رہے گی۔ کبھی فراموش نہ ہو گی۔ پس اَے ربُّ الافواج! تُو جو صادِقوں کو آزماتا اور دِل و دِماغ کو دیکھتا ہے اُن سے بدلہ لے کر مُجھے دِکھا اِس لِئے کہ مَیں نے اپنا دعویٰ تُجھ پر ظاہِر کِیا ہے۔ خُداوند کی مدح سرائی کرو۔ خُداوند کی سِتایش کرو کیونکہ اُس نے مِسکِین کی جان کو بدکرداروں کے ہاتھ سے چُھڑایا ہے۔ لَعنت اُس دِن پر جِس میں مَیں پَیدا ہُؤا۔ وہ دِن جِس میں میری ماں نے مُجھ کو جنم دِیا ہرگِز مُبارک نہ ہو۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں یرمیاہ 20