یرمیاہ 1:18-8
یرمیاہ 1:18-8 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
رب یرمیاہ سے ہم کلام ہوا، ”اُٹھ اور کمہار کے گھر میں جا! وہاں مَیں تجھ سے ہم کلام ہوں گا۔“ چنانچہ مَیں کمہار کے گھر میں پہنچ گیا۔ اُس وقت وہ چاک پر کام کر رہا تھا۔ لیکن مٹی کا جو برتن وہ اپنے ہاتھوں سے تشکیل دے رہا تھا وہ خراب ہو گیا۔ یہ دیکھ کر کمہار نے اُسی مٹی سے نیا برتن بنا دیا جو اُسے زیادہ پسند تھا۔ تب رب مجھ سے ہم کلام ہوا، ”اے اسرائیل، کیا مَیں تمہارے ساتھ ویسا سلوک نہیں کر سکتا جیسا کمہار اپنے برتن سے کرتا ہے؟ جس طرح مٹی کمہار کے ہاتھ میں تشکیل پاتی ہے اُسی طرح تم میرے ہاتھ میں تشکیل پاتے ہو۔“ یہ رب کا فرمان ہے۔ ”کبھی مَیں اعلان کرتا ہوں کہ کسی قوم یا سلطنت کو جڑ سے اُکھاڑ دوں گا، اُسے گرا کر تباہ کر دوں گا۔ لیکن کئی بار یہ قوم اپنی غلط راہ کو ترک کر دیتی ہے۔ اِس صورت میں مَیں پچھتا کر اُس پر وہ آفت نہیں لاتا جو مَیں نے لانے کو کہا تھا۔
یرمیاہ 1:18-8 کِتابِ مُقادّس (URD)
خُداوند کا کلام یَرمِیاؔہ پر نازِل ہُؤا۔ کہ اُٹھ اور کُمہار کے گھر جا اور مَیں وہاں اپنی باتیں تُجھے سُناؤُں گا۔ تب مَیں کُمہار کے گھر گیا اور کیا دیکھتا ہُوں کہ وہ چاک پر کُچھ بنا رہا ہے۔ اُس وقت وہ مِٹّی کا برتن جو وہ بنا رہا تھا اُس کے ہاتھ میں بِگڑ گیا۔ تب اُس نے اُس سے جَیسا مُناسِب سمجھا ایک دُوسرا برتن بنا لِیا۔ تب خُداوند کا یہ کلام مُجھ پر نازِل ہُؤا کہ اَے اِسرائیل کے گھرانے کیا مَیں اِس کُمہار کی طرح تُم سے سلُوک نہیں کر سکتا ہُوں؟ خُداوند فرماتا ہے دیکھو جِس طرح مِٹّی کُمہار کے ہاتھ میں ہے اُسی طرح اَے اِسرائیل کے گھرانے تُم میرے ہاتھ میں ہو۔ اگر کِسی وقت مَیں کِسی قَوم اور کِسی سلطنت کے حق میں کہُوں کہ اُسے اُکھاڑُوں اور توڑ ڈالُوں اور وِیران کرُوں۔ اور اگر وہ قَوم جِس کے حق میں مَیں نے یہ کہا اپنی بُرائی سے باز آئے تو مَیں بھی اُس بدی سے جو مَیں نے اُس پر لانے کا اِرادہ کِیا تھا باز آؤُں گا۔