یرمیاہ 1:12-4
یرمیاہ 1:12-4 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
اے رب، تُو ہمیشہ حق پر ہے، لہٰذا عدالت میں تجھ سے شکایت کرنے کا کیا فائدہ؟ تاہم مَیں اپنا معاملہ تجھے پیش کرنا چاہتا ہوں۔ بےدینوں کو اِتنی کامیابی کیوں حاصل ہوتی ہے؟ غدار اِتنے سکون سے زندگی کیوں گزارتے ہیں؟ تُو نے اُنہیں زمین میں لگا دیا، اور اب وہ جڑ پکڑ کر خوب اُگنے لگے بلکہ پھل بھی لا رہے ہیں۔ گو تیرا نام اُن کی زبان پر رہتا ہے، لیکن اُن کا دل تجھ سے دُور ہے۔ لیکن اے رب، تُو مجھے جانتا ہے۔ تُو میرا ملاحظہ کر کے میرے دل کو پرکھتا رہتا ہے۔ گزارش ہے کہ تُو اُنہیں بھیڑوں کی طرح گھسیٹ کر ذبح کرنے کے لئے لے جا۔ اُنہیں قتل و غارت کے دن کے لئے مخصوص کر! ملک کب تک کال کی گرفت میں رہے گا؟ کھیتوں میں ہریالی کب تک مُرجھائی ہوئی نظر آئے گی؟ باشندوں کی بُرائی کے باعث جانور اور پرندے غائب ہو گئے ہیں۔ کیونکہ لوگ کہتے ہیں، ”اللہ کو نہیں معلوم کہ ہمارے ساتھ کیا ہو جائے گا۔“
یرمیاہ 1:12-4 کِتابِ مُقادّس (URD)
اَے خُداوند! اگر مَیں تیرے ساتھ حُجّت کرُوں تو تُو ہی صادِق ٹھہرے گا تَو بھی مَیں تُجھ سے اِس امر پر بحث کرنا چاہتا ہُوں کہ شرِیر اپنی روِش میں کیوں کامیاب ہوتے ہیں؟ سب دغاباز کیوں آرام سے رہتے ہیں؟ تُو نے اُن کو لگایا اور اُنہوں نے جڑ پکڑ لی۔ وہ بڑھ گئے بلکہ برومند ہُوئے۔ تُو اُن کے مُنہ سے نزدِیک پر اُن کے دِلوں سے دُور ہے۔ لیکن اَے خُداوند! تُو مُجھے جانتا ہے۔ تُو نے مُجھے دیکھا اور میرے دِل کو جو تیری طرف ہے آزمایا ہے۔ تُو اُن کو بھیڑوں کی مانِند ذبح ہونے کے لِئے کھینچ کر نِکال اور قتل کے دِن کے لِئے اُن کو مخصُوص کر۔ اہلِ زمِین کی شرارت سے زمِین کب تک ماتم کرے اور تمام مُلک کی روئیدگی پژمُردہ ہو؟ چرِندے اور پرِندے غارت ہو گئے کیونکہ اُنہوں نے کہا وہ ہمارا انجام نہ دیکھے گا۔