یعقوب 1:2-10

یعقوب 1:2-10 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

اَے میرے بھائیوں اَور بہنوں! تُم جو ہمارے جلالی خُداوؔند یِسوعؔ المسیح پر ایمان رکھتے ہو، طرفداری نہ دِکھایا کرو۔ فرض کرو کہ ایک شخص سونے کی انگُوٹھی اَور نفیس لباس پہن کر تمہاری جماعت میں آئے، اَور ایک غریب شخص مَیلے کُچیلے کپڑے پہنے ہویٔے آئے۔ اَور تُم اُس عُمدہ پوشاک والے کا خاص لِحاظ کرکے اُس سے کہو، ”جَناب! آپ یہاں اَچھّی جگہ بیٹھیٔے“ اَور اُس غریب شخص سے کہو، ”تُو وہاں کھڑا رہ“ یا ”میرے پاؤں کے پاس فرش پر بیٹھ جا۔“ تو کیا تُم نے باہم طرفداری نہ کی اَور بدنیّتی سے فیصلہ نہیں کیا؟ اَے میرے پیارے بھائیوں اَور بہنوں، سُنو! کیا خُدا نے دُنیا کی نظر میں جو غریب ہیں اُنہیں نہیں چُنا تاکہ وہ ایمان میں دولتمند اَور اُس بادشاہی کے وارِث ہو جایٔیں جِس کا اُس نے اَپنے مَحَبّت رکھنے والوں سے وعدہ کیا ہے؟ لیکن تُم نے غریب آدمی کی بے عزّتی کی ہے، کیا دولتمند ہی تُم پر ظُلم نہیں ڈھاتے اَور تُمہیں عدالتوں میں کھینچ کر نہیں لے جاتے؟ کیا یہ لوگ اُس اعلیٰ نام پر کُفر نہیں بکتے جِس نام سے تُم پہچانے جاتے ہو۔ اگر تُم کِتاب مُقدّس کی اِس شاہی شَریعت کے مُطابق، ”اَپنے پڑوسی سے اَپنی مانِند مَحَبّت رکھو،“ اِس پر عَمل کرتے ہو تو، صحیح کر رہے ہو۔ لیکن اگر تُم طرفداری کرتے ہو تو گُناہ کرتے ہو، اَور شَریعت تُمہیں قُصُوروار ٹھہراتی ہے۔ کیونکہ اگر کویٔی ساری شَریعت پر عَمل کرے مگر کسی ایک حُکم کو ماننے میں چُوک جائے تو وہ ساری شَریعت کا قُصُوروار ٹھہرتا ہے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں یعقوب 2

یعقوب 1:2-10 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

میرے بھائیو، لازم ہے کہ آپ جو ہمارے جلالی خداوند عیسیٰ مسیح پر ایمان رکھتے ہیں جانب داری نہ دکھائیں۔ فرض کریں کہ ایک آدمی سونے کی انگوٹھی اور شاندار کپڑے پہنے ہوئے آپ کی جماعت میں آ جائے اور ساتھ ساتھ ایک غریب آدمی بھی مَیلے کچیلے کپڑے پہنے ہوئے اندر آئے۔ اور آپ شاندار کپڑے پہنے ہوئے آدمی پر خاص دھیان دے کر اُس سے کہیں، ”یہاں اِس اچھی کرسی پر تشریف رکھیں،“ لیکن غریب آدمی کو کہیں، ”وہاں کھڑا ہو جا“ یا ”آ، میرے پاؤں کے پاس فرش پر بیٹھ جا۔“ کیا آپ ایسا کرنے سے مجرمانہ خیالات والے منصف نہیں ثابت ہوئے؟ کیونکہ آپ نے لوگوں میں ناروا فرق کیا ہے۔ میرے عزیز بھائیو، سنیں! کیا اللہ نے اُنہیں نہیں چنا جو دنیا کی نظر میں غریب ہیں تاکہ وہ ایمان میں دولت مند ہو جائیں؟ یہی لوگ وہ بادشاہی میراث میں پائیں گے جس کا وعدہ اللہ نے اُن سے کیا ہے جو اُسے پیار کرتے ہیں۔ لیکن آپ نے ضرورت مندوں کی بےعزتی کی ہے۔ ذرا سوچ لیں، وہ کون ہیں جو آپ کو دباتے اور عدالت میں گھسیٹ کر لے جاتے ہیں؟ کیا یہ دولت مند ہی نہیں ہیں؟ وہی تو عیسیٰ پر کفر بکتے ہیں، اُس عظیم نام پر جس کے پیروکار آپ بن گئے ہیں۔ اللہ چاہتا ہے کہ آپ کلامِ مُقدّس میں مذکور شاہی شریعت پوری کریں، ”اپنے پڑوسی سے ویسی محبت رکھنا جیسی تُو اپنے آپ سے رکھتا ہے۔“ چنانچہ جب آپ جانب داری دکھاتے ہیں تو گناہ کرتے ہیں اور شریعت آپ کو مجرم ٹھہراتی ہے۔ مت بھولنا کہ جس نے شریعت کا صرف ایک حکم توڑا ہے وہ پوری شریعت کا قصوروار ٹھہرتا ہے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں یعقوب 2

یعقوب 1:2-10 کِتابِ مُقادّس (URD)

اَے میرے بھائِیو! ہمارے خُداوند ذُوالجلال یِسُوعؔ مسِیح کا اِیمان تُم میں طرف داری کے ساتھ نہ ہو۔ کیونکہ اگر ایک شخص تو سونے کی انگُوٹھی اور عُمدہ پوشاک پہنے ہُوئے تُمہاری جماعت میں آئے اور ایک غرِیب آدمی مَیلے کُچَیلے کپڑے پہنے ہُوئے آئے۔ اور تُم اُس عُمدہ پوشاک والے کا لِحاظ کر کے کہو کہ تُو یہاں اچّھی جگہ بَیٹھ اور اُس غرِیب شخص سے کہو کہ تُو وہاں کھڑا رہ یا میرے پاؤں کی چَوکی کے پاس بَیٹھ۔ تو کیا تُم نے آپس میں طرف داری نہ کی اور بدنِیّت مُنصِف نہ بنے؟ اَے میرے پِیارے بھائِیو! سُنو۔ کیا خُدا نے اِس جہان کے غرِیبوں کو اِیمان میں دَولت مند اور اُس بادشاہی کے وارِث ہونے کے لِئے برگُزِیدہ نہیں کِیا جِس کا اُس نے اپنے مُحبّت کرنے والوں سے وعدہ کِیا ہے؟ لیکن تُم نے غرِیب آدمی کی بے عِزّتی کی۔ کیا دَولت مند تُم پر ظُلم نہیں کرتے اور وُہی تُمہیں عدالتوں میں گھسِیٹ کر نہیں لے جاتے؟ کیا وہ اُس بزُرگ نام پر کُفر نہیں بَکتے جِس سے تُم نامزد ہو؟ تَو بھی اگر تُم اِس نوِشتہ کے مُطابِق کہ اپنے پڑوسی سے اپنی مانِند مُحبّت رکھ اُس بادشاہی شرِیعت کو پُورا کرتے ہو تو اچّھا کرتے ہو۔ لیکن اگر تُم طرف داری کرتے ہو تو گُناہ کرتے ہو اور شرِیعت تُم کو قصُوروار ٹھہراتی ہے۔ کیونکہ جِس نے ساری شرِیعت پر عمل کِیا اور ایک ہی بات میں خطا کی وہ سب باتوں میں قصُوروار ٹھہرا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں یعقوب 2