یعقوب 2:1-12
یعقوب 2:1-12 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
میرے بھائیوں اَور بہنوں! جَب تُم طرح طرح کی آزمائشوں کا سامنا کرتے ہو، تو اِسے بڑی خُوشی کی بات سمجھو کیونکہ تُم جانتے ہو کہ تمہارے ایمان کا اِمتحان صبر پیدا کرتا ہے۔ اَور صبر کو اَپنا پُورا کام کرنے دو تاکہ تُم اَپنے ایمان میں پُختہ اَور کامِل ہو جاؤ اَور تُم میں کسی بات کی کمی نہ رہے۔ اگر تُم میں سے کسی میں حِکمت کی کمی ہو تو وہ خُدا سے مانگے جو سَب کو بغیر ملامت کیٔے فیّاضی سے دیتاہے اَور تُمہیں بھی عطا فرمایٔے گا۔ مگر ایمان کے ساتھ مانگے اَور ذرا بھی شک نہ کرے، کیونکہ شک کرنے والا سمُندر کی لہر کی مانند ہوتاہے جو ہَوا کے زور سے بہتی اَور اُچھلتی رہتی ہے۔ اَیسا شخص یہ اُمّید نہ لگائے کہ اُسے خُداوؔند سے کچھ ملے گا۔ اِس لیٔے کہ وہ شخص دو دلا ہے اَور اَپنے کسی کام میں مُستقِل نہیں۔ جو مُومِنِین پست حالی میں ہیں اُنہیں اَپنے اعلیٰ مرتبہ پر فخر کرنا چاہئے۔ مگر دولتمند کو اَپنے ادنیٰ مرتبہ پر فخر کرنا چاہئے کیونکہ دولتمند جنگلی پھُول کی طرح مُرجھا کر ختم ہو جایٔےگا۔ کیونکہ سُورج طُلوع ہوتے ہی سخت دھوپ لگتی ہے اَور پَودے کو سُکھا دیتی ہے۔ اَور اُس کا پھُول جھڑ جاتا ہے اَور اُس کی تمام خُوبصُورتی ختم ہو جاتی ہے۔ اِسی طرح دولتمند کی زندگی بھی اُس کے کاروبار کے دَوران فنا ہو جایٔےگی۔ مُبارک ہے وہ آدمی جو آزمائش کے وقت صبر سے کام لیتا ہے، کیونکہ جَب مقبُول ٹھہرے گا تو زندگی کا تاج پایٔےگا جِس کا خُداوؔند نے اَپنے مَحَبّت کرنے وَالوں سے وعدہ کیا ہے۔
یعقوب 2:1-12 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
میرے بھائیو، جب آپ کو طرح طرح کی آزمائشوں کا سامنا کرنا پڑے تو اپنے آپ کو خوش قسمت سمجھیں، کیونکہ آپ جانتے ہیں کہ آپ کے ایمان کے آزمائے جانے سے ثابت قدمی پیدا ہوتی ہے۔ چنانچہ ثابت قدمی کو بڑھنے دیں، کیونکہ جب وہ تکمیل تک پہنچے گی تو آپ بالغ اور کامل بن جائیں گے، اور آپ میں کوئی بھی کمی نہیں پائی جائے گی۔ لیکن اگر آپ میں سے کسی میں حکمت کی کمی ہو تو اللہ سے مانگے جو سب کو فیاضی سے اور بغیر جھڑکی دیئے دیتا ہے۔ وہ ضرور آپ کو حکمت دے گا۔ لیکن اپنی گزارش ایمان کے ساتھ پیش کریں اور شک نہ کریں، کیونکہ شک کرنے والا سمندر کی موج کی مانند ہوتا ہے جو ہَوا سے اِدھر اُدھر اُچھلتی بہتی جاتی ہے۔ ایسا شخص نہ سمجھے کہ مجھے خداوند سے کچھ ملے گا، کیونکہ وہ دو دلا اور اپنے ہر کام میں غیرمستقل مزاج ہے۔ پست حال بھائی مسیح میں اپنے اونچے مرتبے پر فخر کرے جبکہ دولت مند شخص اپنے ادنیٰ مرتبے پر فخر کرے، کیونکہ وہ جنگلی پھول کی طرح جلد ہی جاتا رہے گا۔ جب سورج طلوع ہوتا ہے تو اُس کی جُھلسا دینے والی دھوپ میں پودا مُرجھا جاتا، اُس کا پھول گر جاتا اور اُس کی تمام خوب صورتی ختم ہو جاتی ہے۔ اِس طرح دولت مند شخص بھی کام کرتے کرتے مُرجھا جائے گا۔ مبارک ہے وہ جو آزمائش کے وقت ثابت قدم رہتا ہے، کیونکہ قائم رہنے پر اُسے زندگی کا وہ تاج ملے گا جس کا وعدہ اللہ نے اُن سے کیا ہے جو اُس سے محبت رکھتے ہیں۔
یعقوب 2:1-12 کِتابِ مُقادّس (URD)
اَے میرے بھائِیو! جب تُم طرح طرح کی آزمایشوں میں پڑو۔ تو اِس کو یہ جان کر کمال خُوشی کی بات سمجھنا کہ تُمہارے اِیمان کی آزمایش صبر پَیدا کرتی ہے۔ اور صبر کو اپنا پُورا کام کرنے دو تاکہ تُم پُورے اور کامِل ہو جاؤ اور تُم میں کِسی بات کی کمی نہ رہے۔ لیکن اگر تُم میں سے کِسی میں حِکمت کی کمی ہو تو خُدا سے مانگے جو بغَیر ملامت کِئے سب کو فیّاضی کے ساتھ دیتا ہے۔ اُس کو دی جائے گی۔ مگر اِیمان سے مانگے اور کُچھ شک نہ کرے کیونکہ شک کرنے والا سمُندر کی لہر کی مانِند ہوتا ہے جو ہوا سے بہتی اور اُچھلتی ہے۔ اَیسا آدمی یہ نہ سمجھے کہ مُجھے خُداوند سے کُچھ مِلے گا۔ وہ شخص دو دِلا ہے اور اپنی سب باتوں میں بے قِیام۔ ادنےٰ بھائی اپنے اعلیٰ مرتبہ پر فخر کرے۔ اور دَولت مند اپنی ادنیٰ حالت پر اِس لِئے کہ گھاس کے پُھول کی طرح جاتا رہے گا۔ کیونکہ سُورج نِکلتے ہی سخت دُھوپ پڑتی اور گھاس کو سُکھا دیتی ہے اور اُس کا پُھول گِر جاتا ہے اور اُس کی خُوب صُورتی جاتی رہتی ہے۔ اِسی طرح دَولت مند بھی اپنی راہ پر چلتے چلتے خاک میں مِل جائے گا۔ مُبارک وہ شخص ہے جو آزمایش کی برداشت کرتا ہے کیونکہ جب مقبُول ٹھہرا تو زِندگی کا وہ تاج حاصِل کرے گا جِس کا خُداوند نے اپنے مُحبّت کرنے والوں سے وعدہ کِیا ہے۔