یسعیاہ 2:9-7

یسعیاہ 2:9-7 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

جو لوگ تاریکی میں چل رہے تھے اُنہُوں نے ایک بڑی رَوشنی دیکھی؛ اَورجو لوگ موت کی گہری تاریکی کے مُلک میں زندگی گزار رہے تھے اُن پر ایک نُور آ چمکا۔ آپ نے قوم کو بڑھایا اَور اُن کی خُوشی میں اِضافہ کر دیا؛ وہ تیرے سامنے خُوشی مناتے ہیں ٹھیک اُسی طرح جَیسے فصل کاٹتے وقت یا مالِ غنیمت تقسیم کرتے وقت لوگ خُوشی مناتے ہیں۔ آپ نے وہ جُوئے توڑ دئیے جو اُن کے اُوپر بوجھ بنے ہُوئے تھے، اَور وہ سلاخے بھی ہٹا دیں جو اُن کے کندھوں پر تھیں، اَور وہ عصا بھی ٹکڑے ٹکڑے کر دیا جِس سے اُن کے اُوپر ظُلم ڈھائے گیٔے، ٹھیک اُسی طرح جَیسے مِدیان کی شِکست کے دِنوں میں تُونے کیا تھا۔ ہر جنگجو سپاہی کا جُوتا جو لڑائی میں اِستعمال کیا گیا اَور ہر وہ لباس جو خُون آلُودہ ہے جَلایا جائے گا، اَور آگ کا ایندھن بَن جائے گا۔ کیونکہ ہمارے لیٔے ایک ولد پیدا ہُواہے، ہمیں ایک بیٹا بخشا گیا، اَور سلطنت اُس کے کندھوں پر ہوگی۔ اَور وہ عجِیب مُشیر، قادر خُدا، اَبدیّت کا باپ اَور سلامتی کا شہزادہ کہلائے گا۔ اُس کی سلطنت کے اِقبال اَور سلامتی کی اِنتہا نہ ہوگی۔ وہ داویؔد کے تخت اَور اُس کی مملکت پر اِس وقت سے لے کر اَبد تک حُکومت کریں گے۔ اَور اُسے عدل اَور راستی کے ساتھ قائِم کرکے برقرار رکھےگا۔ قادرمُطلق یَاہوِہ کی غیّوری اُسے اَنجام دے گی۔

یسعیاہ 2:9-7 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

اندھیرے میں چلنے والی قوم نے ایک تیز روشنی دیکھی، موت کے سائے میں ڈوبے ہوئے ملک کے باشندوں پر روشنی چمکی۔ تُو نے قوم کو بڑھا کر اُسے بڑی خوشی دلائی ہے۔ تیرے حضور وہ یوں خوشی مناتے ہیں جس طرح فصل کاٹتے اور لُوٹ کا مال بانٹتے وقت منائی جاتی ہے۔ تُو نے اپنی قوم کو اُس دن کی طرح چھٹکارا دیا جب تُو نے مِدیان کو شکست دی تھی۔ اُسے دبانے والا جوا ٹوٹ گیا، اور اُس پر ظلم کرنے والے کی لاٹھی ٹکڑے ٹکڑے ہو گئی ہے۔ زمین پر زور سے مارے گئے فوجی جوتے اور خون میں لت پت فوجی وردیاں سب حوالۂ آتش ہو کر بھسم ہو جائیں گی۔ کیونکہ ہمارے ہاں بچہ پیدا ہوا، ہمیں بیٹا بخشا گیا ہے۔ اُس کے کندھوں پر حکومت کا اختیار ٹھہرا رہے گا۔ وہ انوکھا مشیر، قوی خدا، ابدی باپ اور صلح سلامتی کا شہزادہ کہلائے گا۔ اُس کی حکومت زور پکڑتی جائے گی، اور امن و امان کی انتہا نہیں ہو گی۔ وہ داؤد کے تخت پر بیٹھ کر اُس کی سلطنت پر حکومت کرے گا، وہ اُسے عدل و انصاف سے مضبوط کر کے اب سے ابد تک قائم رکھے گا۔ رب الافواج کی غیرت ہی اِسے انجام دے گی۔

یسعیاہ 2:9-7 کِتابِ مُقادّس (URD)

جو لوگ تارِیکی میں چلتے تھے اُنہوں نے بڑی روشنی دیکھی۔ جو مَوت کے سایہ کے مُلک میں رہتے تھے اُن پر نُور چمکا۔ تُو نے قَوم کو بڑھایا۔ تُو نے اُن کی شادمانی کو زِیادہ کِیا۔ وہ تیرے حضُور اَیسے خُوش ہیں جَیسے فصل کاٹتے وقت اور غنِیمت کی تقسِیم کے وقت لوگ خُوش ہوتے ہیں۔ کیونکہ تُو نے اُن کے بوجھ کے جُوئے اور اُن کے کندھے کے لٹھ اور اُن پر ظُلم کرنے والے کے عصا کو اَیسا توڑا ہے جَیسا مِدیاؔن کے دِن میں کِیا تھا۔ کیونکہ جنگ میں مُسلّح مَردوں کے تمام سِلاح اور خُون آلُودہ کپڑے جلانے کے لِئے آگ کا اِیندھن ہوں گے۔ اِس لِئے ہمارے لِئے ایک لڑکا تولُّد ہُؤا اور ہم کو ایک بیٹا بخشا گیا اور سلطنت اُس کے کندھے پر ہو گی اور اُس کا نام عجِیب مُشِیر خُدایِ قادِر ابدِیت کا باپ سلامتی کا شاہزادہ ہو گا۔ اُس کی سلطنت کے اِقبال اور سلامتی کی کُچھ اِنتہا نہ ہو گی۔ وہ داؤُد کے تخت اور اُس کی مُملکت پر آج سے ابد تک حُکمران رہے گا اور عدالت اور صداقت سے اُسے قِیام بخشے گا ربُّ الافواج کی غیُوری یہ کرے گی۔