یسعیاہ 16:8-22
یسعیاہ 16:8-22 کِتابِ مُقادّس (URD)
شہادت نامہ بند کر دو اور میرے شاگِردوں کے لِئے شرِیعت پر مُہر کرو۔ مَیں بھی خُداوند کی راہ دیکُھوں گا جو اَب یعقُوبؔ کے گھرانے سے اپنا مُنہ چِھپاتا ہے۔ مَیں اُس کا اِنتظار کرُوں گا۔ دیکھ مَیں اُن لڑکوں سمیت جو خُداوند نے مُجھے بخشے ربُّ الافواج کی طرف سے جو کوہِ صِیّون میں رہتا ہے بنی اِسرائیل کے درمِیان نِشانوں اور عجائِب و غرائِب کے لِئے ہُوں۔ اور جب وہ تُم سے کہیں تُم جِنّات کے یاروں اور افسُون گروں کی جو پُھسپُھساتے اور بُڑبُڑاتے ہیں تلاش کرو تو تُم کہو کیا لوگوں کو مُناسِب نہیں کہ اپنے خُدا کے طالِب ہوں؟ کیا زِندوں کی بابت مُردوں سے سوال کریں؟ شرِیعت اور شہادت پر نظر کرو۔ اگر وہ اِس کلام کے مُطابِق نہ بولیں تو اُن کے لِئے صُبح نہ ہو گی۔ تب وہ مُلک میں بُھوکے اور خَستہ حال پِھریں گے اور یُوں ہو گا کہ جب وہ بُھوکے ہوں تو جان سے بیزار ہوں گے اور اپنے بادشاہ اور اپنے خُدا پر لَعنت کریں گے اور اپنے مُنہ آسمان کی طرف اُٹھائیں گے۔ پِھر زمِین کی طرف دیکھیں گے اور ناگہان تنگی اور تارِیکی یعنی ظُلمتِ اندوہ اور تِیرگی میں کھدیڑے جائیں گے۔
یسعیاہ 16:8-22 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
شہادت نامہ کو بند کر دو اَور میرے شاگردوں کے لیٔے ہدایات پر مُہر لگا دو۔ میں یَاہوِہ کا اِنتظار کروں گا، جو اَپنا چہرہ یعقوب کے گھرانے سے چُھپائے ہُوئے ہے۔ میں اُس پر توکّل کروں گا۔ میں یہاں ہُوں اَور اُن فرزندوں کے ساتھ ہُوں جنہیں یَاہوِہ نے مُجھے دیا ہے۔ ہم قادرمُطلق یَاہوِہ کی جانِب سے جو کوہِ صِیّونؔ پر رہتاہے، بنی اِسرائیل کے درمیان نِشانات اَور معجزے ہیں۔ جَب لوگ تُمہیں حاضراتیوں اَور اَرواح پرستوں سے رُجُوع کرنے کو کہتے ہیں جو محض پھُسپھُساتے اَور بُڑبُڑاتے ہیں، تو پھر کیا مُناسب نہیں کہ قوم خُود اَپنے ہی خُدا سے دریافت کر لے؟ زندوں کی خاطِر مُردوں سے مشورہ کرنے کی کیا ضروُرت ہے؟ شَریعت اَور شہادت پر نظر ڈالو۔ اگر وہ اِس کلام کے مُطابق بات نہ کریں تو اُن کے لیٔے صُبح کبھی طُلوع نہ ہوگی۔ وہ پریشان حال اَور بھُوکے مُلک میں بھٹکتے پھریں گے اَور جَب فاقہ کی نَوبَت آئے گی تو زندگی سے بیزار ہوکر اَور اُوپر نگاہ کرکے اَپنے بادشاہ اَور اَپنے خُدا کو کوسنے لگیں گے۔ پھر وہ زمین کی طرف نگاہ کریں گے اَور صِرف تنگ حالی، تاریکی اَور خوفناک اُداسی ہی دیکھ پائیں گے اَور وہ گہری تاریکی میں دھکیل دئیے جایٔیں گے۔
یسعیاہ 16:8-22 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
مجھے مکاشفے کو لفافے میں ڈال کر محفوظ رکھنا ہے، اپنے شاگردوں کے درمیان ہی اللہ کی ہدایت پر مُہر لگانی ہے۔ مَیں خود رب کے انتظار میں رہوں گا جس نے اپنے چہرے کو یعقوب کے گھرانے سے چھپا لیا ہے۔ اُسی سے مَیں اُمید رکھوں گا۔ اب مَیں حاضر ہوں، مَیں اور وہ بچے جو اللہ نے مجھے دیئے ہیں، ہم اسرائیل میں الٰہی اور معجزانہ نشان ہیں جن سے رب الافواج جو کوہِ صیون پر سکونت کرتا ہے لوگوں کو آگاہ کر رہا ہے۔ لوگ تمہیں مشورہ دیتے ہیں، ”جاؤ، مُردوں سے رابطہ کرنے والوں اور قسمت کا حال بتانے والوں سے پتا کرو، اُن سے جو باریک آوازیں نکالتے اور بڑبڑاتے ہوئے جواب دیتے ہیں۔“ لیکن اُن سے کہو، ”کیا مناسب نہیں کہ قوم اپنے خدا سے مشورہ کرے؟ ہم زندوں کی خاطر مُردوں سے بات کیوں کریں؟“ اللہ کی ہدایت اور مکاشفہ کی طرف رجوع کرو! جو انکار کرے اُس پر صبح کی روشنی کبھی نہیں چمکے گی۔ ایسے لوگ مایوس اور فاقہ کش حالت میں ملک میں مارے مارے پھریں گے۔ اور جب بھوکے مرنے کو ہوں گے تو جھنجھلا کر اپنے بادشاہ اور اپنے خدا پر لعنت کریں گے۔ وہ اوپر آسمان اور نیچے زمین کی طرف دیکھیں گے، لیکن جہاں بھی نظر پڑے وہاں مصیبت، اندھیرا اور ہول ناک تاریکی ہی دکھائی دے گی۔ اُنہیں تاریکی ہی تاریکی میں ڈال دیا جائے گا۔