YouVersion Logo
تلاش

یسعیاہ 1:64-12

یسعیاہ 1:64-12 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

کاش تُو آسمان کو پھاڑ کر اُتر آئے، کہ پہاڑ تیرے سامنے تھرتھرائیں۔ کاش تُو ڈالیوں کو بھڑکا دینے والی آگ یا پانی کو ایک دم اُبالنے والی آتش کی طرح نازل ہو تاکہ تیرے دشمن تیرا نام جان لیں اور قومیں تیرے سامنے لرز اُٹھیں! کیونکہ قدیم زمانے میں جب تُو خوف ناک اور غیرمتوقع کام کیا کرتا تھا تو یوں ہی نازل ہوا، اور پہاڑ یوں ہی تیرے سامنے کانپنے لگے۔ قدیم زمانے سے ہی کسی نے تیرے سوا کسی اَور خدا کو نہ دیکھا نہ سنا ہے۔ صرف تُو ہی ایسا خدا ہے جو اُن کی مدد کرتا ہے جو تیرے انتظار میں رہتے ہیں۔ تُو اُن سے ملتا ہے جو خوشی سے راست کام کرتے، جو تیری راہوں پر چلتے ہوئے تجھے یاد کرتے ہیں! افسوس، تُو ہم سے ناراض ہوا، کیونکہ ہم شروع سے تیرا گناہ کر کے تجھ سے بےوفا رہے ہیں۔ تو پھر ہم کس طرح بچ جائیں گے؟ ہم سب ناپاک ہو گئے ہیں، ہمارے تمام نام نہاد راست کام گندے چیتھڑوں کی مانند ہیں۔ ہم سب پتوں کی طرح مُرجھا گئے ہیں، اور ہمارے گناہ ہمیں ہَوا کے جھونکوں کی طرح اُڑا کر لے جا رہے ہیں۔ کوئی نہیں جو تیرا نام پکارے یا تجھ سے لپٹنے کی کوشش کرے۔ کیونکہ تُو نے اپنا چہرہ ہم سے چھپا کر ہمیں ہمارے قصوروں کے حوالے چھوڑ دیا ہے۔ اے رب، تاہم تُو ہی ہمارا باپ، ہمارا کمہار ہے۔ ہم سب مٹی ہی ہیں جسے تیرے ہاتھ نے تشکیل دیا ہے۔ اے رب، حد سے زیادہ ہم سے ناراض نہ ہو! ہمارے گناہ تجھے ہمیشہ تک یاد نہ رہیں۔ ذرا اِس کا لحاظ کر کہ ہم سب تیری قوم ہیں۔ تیرے مُقدّس شہر ویران ہو گئے ہیں، یہاں تک کہ صیون بھی بیابان ہی ہے، یروشلم ویران و سنسان ہے۔ ہمارا مُقدّس اور شاندار گھر جہاں ہمارے باپ دادا تیری ستائش کرتے تھے نذرِ آتش ہو گیا ہے، جو کچھ بھی ہم عزیز رکھتے تھے وہ کھنڈر بن گیا ہے۔ اے رب، کیا تُو اِن واقعات کے باوجود بھی اپنے آپ کو ہم سے دُور رکھے گا؟ کیا تُو خاموش رہ کر ہمیں حد سے زیادہ پست ہونے دے گا؟

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں یسعیاہ 64

یسعیاہ 1:64-12 کِتابِ مُقادّس (URD)

کاش کہ تُو آسمان کو پھاڑے اور اُتر آئے کہ تیرے حضُور میں پہاڑ لرزِش کھائیں۔ جِس طرح آگ سُوکھی ڈالِیوں کو جلاتی ہے اور پانی آگ سے جوش مارتا ہے تاکہ تیرا نام تیرے مُخالِفوں میں مشہُور ہو اور قَومیں تیرے حضُور میں لرزان ہوں! جِس وقت تُو نے مُہِیب کام کِئے جِن کے ہم مُنتظِر نہ تھے تُو اُتر آیا اور پہاڑ تیرے حضُور کانپ گئے۔ کیونکہ اِبتدا ہی سے نہ کِسی نے سُنا نہ کِسی کے کان تک پُہنچا اور نہ آنکھوں نے تیرے سِوا اَیسے خُدا کو دیکھا جو اپنے اِنتظار کرنے والے کے لِئے کُچھ کر دِکھائے۔ تُو اُس سے مِلتا ہے جو خُوشی سے صداقت کے کام کرتا ہے اور اُن سے جو تیری راہوں میں تُجھے یاد رکھتے ہیں۔ دیکھ تُو غضب ناک ہُؤا کیونکہ ہم نے گُناہ کِیا اور مُدّت تک اُسی میں رہے۔ کیا ہم نجات پائیں گے؟ اور ہم تو سب کے سب اَیسے ہیں جَیسے ناپاک چِیز اور ہماری تمام راست بازی ناپاک لِباس کی مانِند ہے اور ہم سب پتّے کی طرح کُملا جاتے ہیں اور ہماری بدکرداری آندھی کی مانِند ہم کو اُڑا لے جاتی ہے۔ اور کوئی نہیں جو تیرا نام لے۔ جو اپنے آپ کو آمادہ کرے کہ تُجھ سے لِپٹا رہے کیونکہ ہماری بدکرداری کے سبب سے تُو ہم سے رُوپوش ہُؤا اور ہم کو پِگھلا ڈالا۔ تَو بھی اَے خُداوند! تُو ہمارا باپ ہے۔ ہم مِٹّی ہیں اور تُو ہمارا کُمہار ہے اور ہم سب کے سب تیری دست کاری ہیں۔ اَے خُداوند! غضب ناک نہ ہو اور بدکرداری کو ہمیشہ تک یاد نہ رکھ۔ دیکھ ہم تیری مِنّت کرتے ہیں۔ ہم سب تیرے لوگ ہیں۔ تیرے پاک شہر بیابان بن گئے۔ صِیُّون سُنسان اور یروشلیِم وِیران ہے۔ ہمارا خُوش نُما مَقدِس جِس میں ہمارے باپ دادا تیری سِتایش کرتے تھے آگ سے جلایا گیا اور ہماری نفِیس چِیزیں برباد ہو گئِیں۔ اَے خُداوند! کیا تُو اِس پر بھی اپنے آپ کو روکے گا؟ کیا تُو خاموش رہے گا اور ہم کو یُوں بدحال کرے گا؟

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں یسعیاہ 64