یسعیاہ 15:63-19
یسعیاہ 15:63-19 کِتابِ مُقادّس (URD)
آسمان پر سے نِگاہ کر اور اپنے مُقدّس اور جلِیل مسکن سے دیکھ۔ تیری غَیرت اور تیری قُدرت کے کام کہاں ہیں؟ تیری دِلی رحمت اور تیری شفقت جو مُجھ پر تھی مَوقُوف ہو گئی۔ یقِیناً تُو ہمارا باپ ہے۔ اگرچہ ابرہامؔ ہم سے ناواقِف ہو اور اِسرائیل ہم کو نہ پہچانے۔ تُو اَے خُداوند ہمارا باپ اور فِدیہ دینے والا ہے۔ تیرا نام ازل سے یِہی ہے۔ اَے خُداوند تُو نے ہم کو اپنی راہوں سے کیوں گُمراہ کِیا اور ہمارے دِلوں کو سخت کِیا کہ تُجھ سے نہ ڈریں؟ اپنے بندوں کی خاطِر اپنی مِیراث کے قبائِل کی خاطِر باز آ۔ تیرے مُقدّس لوگ تھوڑی دیر تک قابِض رہے۔ اب ہمارے دُشمنوں نے تیرے مَقدِس کو پامال کر ڈالا ہے۔ ہم تو اُن کی مانِند ہُوئے جِن پر تُو نے کبھی حُکُومت نہ کی اور جو تیرے نام سے نہیں کہلاتے۔
یسعیاہ 15:63-19 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
اے اللہ، آسمان سے ہم پر نظر ڈال، بلندیوں پر اپنی مُقدّس اور شاندار سکونت گاہ سے دیکھ! اِس وقت تیری غیرت اور قدرت کہاں ہے؟ ہم تیری نرمی اور مہربانیوں سے محروم رہ گئے ہیں! تُو تو ہمارا باپ ہے۔ کیونکہ ابراہیم ہمیں نہیں جانتا اور اسرائیل ہمیں نہیں پہچانتا، لیکن تُو، رب ہمارا باپ ہے، قدیم زمانے سے ہی تیرا نام ’ہمارا چھڑانے والا‘ ہے۔ اے رب، تُو ہمیں اپنی راہوں سے کیوں بھٹکنے دیتا ہے؟ تُو نے ہمارے دلوں کو اِتنا سخت کیوں کر دیا کہ ہم تیرا خوف نہیں مان سکتے؟ ہماری خاطر واپس آ! کیونکہ ہم تیرے خادم، تیری موروثی ملکیت کے قبیلے ہیں۔ تیرا مقدِس تھوڑی ہی دیر کے لئے تیری قوم کی ملکیت رہا، لیکن اب ہمارے مخالفوں نے اُسے پاؤں تلے روند ڈالا ہے۔ لگتا ہے کہ ہم کبھی تیری حکومت کے تحت نہیں رہے، کہ ہم پر کبھی تیرے نام کا ٹھپا نہیں لگا تھا۔