YouVersion Logo
تلاش

یسعیاہ 3:53-10

یسعیاہ 3:53-10 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

لوگوں نے اُسے حقیر جانا اَور ردّ کر دیا، وہ ایک غمگین اِنسان تھا جو رنج سے آشنا تھا۔ اَور اُس شخص کی مانند تھا جسے دیکھ کر لوگ مُنہ موڑ لیتے ہیں وہ حقیر سمجھا گیا اَور ہم نے اُن کی کچھ قدر نہ جانی۔ بے شک اُس نے ہمارا درد اُٹھایا اَور ہماری تکلیف برداشت کی۔ یقیناً اُس نے ہمارے درد اَور بیماریاں برداشت کیں اَپنے اُوپر اُٹھالیا پھر بھی ہم نے اُسے خُدا کا مارا، کُوٹا اَور ستایا ہُوا سمجھا۔ لیکن وہ ہماری خطاؤں کے سبب سے گھایل کیا گیا، اَور ہماری بداعمالی کے باعث کُچلا گیا؛ جو سزا ہماری سلامتی کا باعث ہُوئی وہ اُن پرائی، اَور اُس کے کوڑے کھانے سے ہم شفایاب ہُوئے۔ ہم سَب بھیڑوں کی مانند بھٹک گیٔے، ہم میں سے ہر ایک نے اَپنی اَپنی راہ لی؛ اَور یَاہوِہ نے ہم سَب کی بدکاری اُس پر لاد دی۔ وہ ستایا گیا اَور زخمی ہُوا، پھر بھی اُس نے اَپنا مُنہ نہ کھولا؛ بھیڑ کی طرح ذبح کرنے کے لیٔے لے گیٔے، اَور جِس طرح برّہ اَپنے بال کترنے والوں کے سامنے بے زبان ہوتاہے، اُسی طرح اُنہُوں نے بھی اَپنا مُنہ نہیں کھولا۔ گِرفتار کرکے اَور مُجرم قرار دے کر وہ اُسے لے گیٔے۔ کون اُن کی نَسل کا حال بَیان کرےگا؟ کیونکہ وہ زندوں کی زمین پر سے کاٹ ڈالا گیا؛ اَور میرے لوگوں کے سرکشی کے سبب اُس پر مار پڑی۔ وہ بدکاروں کے درمیان دفنایا گیا، لیکن ایک اَیسی قبر میں رکھا گیا جو کسی دولتمند کے لیٔے بنائی گئی تھی، حالانکہ اُس نے کبھی ظُلم نہ کیا، نہ ہی اُن کے مُنہ سے کویٔی فریب کی بات نکلی۔ پھر بھی یہ یَاہوِہ کی مرضی تھی کہ اُسے کُچلے اَور غمگین کرے، اَور حالانکہ یَاہوِہ اُس کی جان کو خطا کی قُربانی قرار دیتے ہیں، تو بھی وہ اَپنی اَولاد دیکھ پایٔےگا اَور اُس کی عمر دراز ہوگی، اَور اُس کے ہاتھ کے وسیلہ سے یَاہوِہ کی مرضی پُوری ہوگی۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں یسعیاہ 53

یسعیاہ 3:53-10 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

اُسے حقیر اور مردود سمجھا جاتا تھا۔ دُکھ اور بیماریاں اُس کی ساتھی رہیں، اور لوگ یہاں تک اُس کی تحقیر کرتے تھے کہ اُسے دیکھ کر اپنا منہ پھیر لیتے تھے۔ ہم اُس کی کچھ قدر نہیں کرتے تھے۔ لیکن اُس نے ہماری ہی بیماریاں اُٹھا لیں، ہمارا ہی دُکھ بھگت لیا۔ توبھی ہم سمجھے کہ یہ اُس کی مناسب سزا ہے، کہ اللہ نے خود اُسے مار کر خاک میں ملا دیا ہے۔ لیکن اُسے ہمارے ہی جرائم کے سبب سے چھیدا گیا، ہمارے ہی گناہوں کی خاطر کچلا گیا۔ اُسے سزا ملی تاکہ ہمیں سلامتی حاصل ہو، اور اُسی کے زخموں سے ہمیں شفا ملی۔ ہم سب بھیڑبکریوں کی طرح آوارہ پھر رہے تھے، ہر ایک نے اپنی اپنی راہ اختیار کی۔ لیکن رب نے اُسے ہم سب کے قصور کا نشانہ بنایا۔ اُس پر ظلم ہوا، لیکن اُس نے سب کچھ برداشت کیا اور اپنا منہ نہ کھولا، اُس بھیڑ کی طرح جسے ذبح کرنے کے لئے لے جاتے ہیں۔ جس طرح لیلا بال کترنے والوں کے سامنے خاموش رہتا ہے اُسی طرح اُس نے اپنا منہ نہ کھولا۔ اُسے ظلم اور عدالت کے ہاتھ سے چھین لیا گیا۔ اُس کے دور کے لوگ—کس نے دھیان دیا کہ اُس کا زندوں کے ملک سے تعلق کٹ گیا، کہ وہ میری قوم کے جرم کے سبب سے سزا کا نشانہ بن گیا؟ مقرر یہ ہوا کہ اُس کی قبر بےدینوں کے پاس ہو، کہ وہ مرتے وقت ایک امیر کے پاس دفنایا جائے، گو نہ اُس نے تشدد کیا، نہ اُس کے منہ میں فریب تھا۔ رب ہی کی مرضی تھی کہ اُسے کچلے، اُسے دُکھ پہنچائے۔ لیکن جب وہ اپنی جان کو ‌‌قصور کی قربانی کے طور پر دے گا تو وہ اپنے فرزندوں کو دیکھے گا، اپنے دنوں میں اضافہ کرے گا۔ ہاں، وہ رب کی مرضی کو پورا کرنے میں کامیاب ہو گا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں یسعیاہ 53

یسعیاہ 3:53-10 کِتابِ مُقادّس (URD)

وہ آدمِیوں میں حقِیر و مردُود۔ مَردِ غم ناک اور رنج کا آشنا تھا۔ لوگ اُس سے گویا رُوپوش تھے اُس کی تحقِیر کی گئی اور ہم نے اُس کی کُچھ قدر نہ جانی۔ تَو بھی اُس نے ہماری مشقّتیں اُٹھا لِیں اور ہمارے غموں کو برداشت کِیا۔ پر ہم نے اُسے خُدا کا مارا کُوٹا اور ستایا ہُؤا سمجھا۔ حالانکہ وہ ہماری خطاؤں کے سبب سے گھایل کِیا گیا اور ہماری بدکرداری کے باعِث کُچلا گیا۔ ہماری ہی سلامتی کے لِئے اُس پر سیاست ہُوئی تاکہ اُس کے مار کھانے سے ہم شِفا پائیں۔ ہم سب بھیڑوں کی مانِند بھٹک گئے۔ ہم میں سے ہر ایک اپنی راہ کو پِھرا پر خُداوند نے ہم سب کی بدکرداری اُس پر لا دی۔ وہ ستایا گیا تَو بھی اُس نے برداشت کی اور مُنہ نہ کھولا۔ جِس طرح برّہ جِسے ذبح کرنے کو لے جاتے ہیں اور جِس طرح بھیڑ اپنے بال کترنے والوں کے سامنے بے زُبان ہے اُسی طرح وہ خاموش رہا۔ وہ ظُلم کر کے اور فتویٰ لگا کر اُسے لے گئے پر اُس کے زمانہ کے لوگوں میں سے کِس نے خیال کِیا کہ وہ زِندوں کی زمِین سے کاٹ ڈالا گیا؟ میرے لوگوں کی خطاؤں کے سبب سے اُس پر مار پڑی۔ اُس کی قبر بھی شرِیروں کے درمِیان ٹھہرائی گئی اور وہ اپنی مَوت میں دَولت مندوں کے ساتھ مُؤا حالانکہ اُس نے کِسی طرح کا ظُلم نہ کِیا اور اُس کے مُنہ میں ہرگِز چھل نہ تھا۔ لیکن خُداوند کو پسند آیا کہ اُسے کُچلے۔ اُس نے اُسے غمگِین کِیا۔ جب اُس کی جان گُناہ کی قُربانی کے لِئے گُذرانی جائے گی تو وہ اپنی نسل کو دیکھے گا۔ اُس کی عُمر دراز ہو گی اور خُداوند کی مرضی اُس کے ہاتھ کے وسِیلہ سے پُوری ہو گی۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں یسعیاہ 53