YouVersion Logo
تلاش

یسعیاہ 1:52-15

یسعیاہ 1:52-15 کِتابِ مُقادّس (URD)

جاگ جاگ اَے صِیُّون اپنی شَوکت سے مُلبّس ہو! اَے یروشلیِم مُقدّس شہر اپنا خُوش نُما لِباس پہن لے! کیونکہ آگے کو کوئی نامختُون یا ناپاک تُجھ میں کبھی داخِل نہ ہو گا۔ اپنے اُوپر سے گرد جھاڑ دے۔ اُٹھ کر بَیٹھ۔ اَے یروشلیِم! اَے اسِیر دُخترِ صِیُّون! اپنی گردن کے بندھنوں کو کھول ڈال۔ کیونکہ خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ تُم مُفت بیچے گئے اور تُم بے زر ہی آزاد کِئے جاؤ گے۔ خُداوند خُدا یُوں فرماتا ہے کہ میرے لوگ اِبتدا میں مِصرؔ کو گئے کہ وہاں مُسافِر ہو کر رہیں۔ اسُوریوں نے بھی بے سبب اُن پر ظُلم کِیا۔ پس خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ اب میرا یہاں کیا کام حالانکہ میرے لوگ مُفت اسِیری میں گئے ہیں؟ وہ جو اُن پر مُسلّط ہیں للکارتے ہیں خُداوند فرماتا ہے اور ہر روز مُتواتِر میرے نام کی تکفِیر کی جاتی ہے۔ یقِیناً میرے لوگ میرا نام جانیں گے اور اُس روز سمجھیں گے کہ کہنے والا مَیں ہی ہُوں۔ دیکھو مَیں حاضِر ہُوں۔ اُس کے پاؤں پہاڑوں پر کیا ہی خُوش نُماہیں جو خُوشخبری لاتا ہے اور سلامتی کی مُنادی کرتا ہے اور خَیرِیت کی خبر اور نجات کا اِشتِہار دیتا ہے۔ جو صِیُّون سے کہتا ہے تیرا خُدا سلطنت کرتا ہے۔ اپنے نِگہبانوں کی آواز سُن۔ وہ اپنی آواز بُلند کرتے ہیں۔ وہ آواز مِلا کر گاتے ہیں کیونکہ جب خُداوند صِیُّون کو واپس آئے گا تو وہ اُسے رُوبرُو دیکھیں گے۔ اَے یروشلیِم کے وِیرانو! خُوشی سے للکارو۔ مِل کر نغمہ سرائی کرو کیونکہ خُداوند نے اپنی قَوم کو دِلاسا دِیا۔ اُس نے یروشلیِم کا فِدیہ دِیا۔ خُداوند نے اپنا پاک بازُو تمام قَوموں کی آنکھوں کے سامنے ننگا کِیا ہے اور زمِین سراسر ہمارے خُدا کی نجات کو دیکھے گی۔ اَے خُداوند کے ظرُوف اُٹھانے والو! روانہ ہو روانہ ہو۔ وہاں سے چلے جاؤ۔ ناپاک چِیزوں کو ہاتھ نہ لگاؤ۔ اُس کے درمِیان سے نِکل جاؤ اور پاک ہو۔ کیونکہ تُم نہ تو جلد نِکل جاؤ گے اور نہ بھاگنے والے کی طرح چلو گے کیونکہ خُداوند تُمہارا ہراول اور اِسرائیلؔ کا خُدا تُمہارا چنڈاول ہو گا۔ دیکھو میرا خادِم اِقبال مند ہو گا۔ وہ اعلیٰ و برتر اور نِہایت بُلند ہو گا۔ جِس طرح بُہتیرے تُجھ کو دیکھ کر دنگ ہو گئے (اُس کا چِہرہ ہر ایک بشر سے زائِد اور اُس کا جِسم بنی آدمؔ سے زِیادہ بِگڑ گیا تھا)۔ اُسی طرح وہ بُہت سی قَوموں کو پاک کرے گا۔ اور بادشاہ اُس کے سامنے خاموش ہوں گے کیونکہ جو کُچھ اُن سے کہا نہ گیا تھا وہ دیکھیں گے اور جو کُچھ اُنہوں نے سُنا نہ تھا وہ سمجھیں گے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں یسعیاہ 52

یسعیاہ 1:52-15 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

اے صیون، اُٹھ، جاگ اُٹھ! اپنی طاقت سے ملبّس ہو جا! اے مُقدّس شہر یروشلم، اپنے شاندار کپڑے سے آراستہ ہو جا! آئندہ کبھی بھی غیرمختون یا ناپاک شخص تجھ میں داخل نہیں ہو گا۔ اے یروشلم، اپنے آپ سے گرد جھاڑ کر کھڑی ہو جا اور تخت پر بیٹھ جا۔ اے گرفتار کی ہوئی صیون بیٹی، اپنی گردن کی زنجیروں کو کھول کر اُن سے آزاد ہو جا! کیونکہ رب فرماتا ہے، ”تمہیں مفت میں بیچا گیا، اور اب تمہیں پیسے دیئے بغیر چھڑایا جائے گا۔“ کیونکہ رب قادرِ مطلق فرماتا ہے، ”قدیم زمانے میں میری قوم مصر چلی گئی تاکہ وہاں پردیس میں رہے۔ بعد میں اسور نے بلاوجہ اُس پر ظلم کیا ہے۔“ رب فرماتا ہے، ”اب جو زیادتی میری قوم سے ہو رہی ہے اُس کا میرے ساتھ کیا واسطہ ہے؟“ رب فرماتا ہے، ”میری قوم تو مفت میں چھین لی گئی ہے، اور اُس پر حکومت کرنے والے شیخی مار کر پورا دن میرے نام پر کفر بکتے ہیں۔ چنانچہ میری قوم میرے نام کو جان لے گی، اُس دن وہ پہچان لے گی کہ مَیں ہی وہی ہوں جو فرماتا ہے، ’مَیں حاضر ہوں‘!“ اُس کے قدم کتنے پیارے ہیں جو پہاڑوں پر چلتے ہوئے خوش خبری سناتا ہے۔ کیونکہ وہ امن و امان، خوشی کا پیغام اور نجات کا اعلان کرے گا، وہ صیون سے کہے گا، ”تیرا خدا بادشاہ ہے!“ سن! تیرے پہرے دار آواز بلند کر رہے ہیں، وہ مل کر خوشی کے نعرے لگا رہے ہیں۔ کیونکہ جب رب کوہِ صیون پر واپس آئے گا تو وہ اپنی آنکھوں سے اِس کا مشاہدہ کریں گے۔ اے یروشلم کے کھنڈرات، شادیانہ بجاؤ، خوشی کے گیت گاؤ! کیونکہ رب نے اپنی قوم کو تسلی دی ہے، اُس نے عوضانہ دے کر یروشلم کو چھڑایا ہے۔ رب اپنی مُقدّس قدرت تمام اقوام پر ظاہر کرے گا، دنیا کی انتہا تک سب ہمارے خدا کی نجات دیکھیں گے۔ جاؤ، چلے جاؤ! وہاں سے نکل جاؤ! کسی بھی ناپاک چیز کو نہ چھونا۔ جو رب کا سامان اُٹھائے چل رہے ہیں وہ وہاں سے نکل کر پاک صاف رہیں۔ لیکن لازم نہیں کہ تم بھاگ کر روانہ ہو جاؤ۔ تمہیں اچانک فرار ہونے کی ضرورت نہیں ہو گی، کیونکہ رب تمہارے آگے بھی چلے گا اور تمہارے پیچھے بھی۔ یوں اسرائیل کا خدا دونوں طرف سے تمہاری حفاظت کرے گا۔ دیکھو، میرا خادم کامیاب ہو گا۔ وہ سربلند، ممتاز اور بہت سرفراز ہو گا۔ تجھے دیکھ کر بہتوں کے رونگٹے کھڑے ہو گئے۔ کیونکہ اُس کی شکل اِتنی خراب تھی، اُس کی صورت کسی بھی انسان سے کہیں زیادہ بگڑی ہوئی تھی۔ لیکن اب بہت سی قومیں اُسے دیکھ کر ہکا بکا ہو جائیں گی، بادشاہ دم بخود رہ جائیں گے۔ کیونکہ جو کچھ اُنہیں نہیں بتایا گیا اُسے وہ دیکھیں گے، اور جو کچھ اُنہوں نے نہیں سنا اُس کی اُنہیں سمجھ آئے گی۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں یسعیاہ 52