یسعیاہ 7:50-10
یسعیاہ 7:50-10 کِتابِ مُقادّس (URD)
پر خُداوند خُدا میری حِمایت کرے گا اور اِس لِئے مَیں شرمِندہ نہ ہُوں گا اور اِسی لِئے مَیں نے اپنا مُنہ سنگِ خارا کی مانِند بنایا اور مُجھے یقِین ہے کہ مَیں شرمسار نہ ہُوں گا۔ مُجھے راست باز ٹھہرانے والا نزدِیک ہے۔ کَون مُجھ سے جھگڑا کرے گا؟ آؤ ہم آمنے سامنے کھڑے ہوں۔ میرا مُخالِف کَون ہے؟ وہ میرے پاس آئے۔ دیکھو خُداوند خُدا میری حِمایت کرے گا۔ کَون مُجھے مُجرِم ٹھہرائے گا؟ دیکھ وہ سب کپڑے کی مانِند پُرانے ہو جائیں گے۔ اُن کو کِیڑے کھا جائیں گے۔ تُمہارے درمِیان کَون ہے جو خُداوند سے ڈرتا اور اُس کے خادِم کی باتیں سُنتا ہے؟ جو اندھیرے میں چلتا اور رَوشنی نہیں پاتا۔ وہ خُداوند کے نام پر توکُّل کرے اور اپنے خُدا پر بھروسا رکھّے۔
یسعیاہ 7:50-10 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
چونکہ یَاہوِہ قادر میرے مددگار ہیں، میں رُسوا نہ ہوں گا۔ اِسی لیٔے مَیں نے اَپنا چہرہ چقماق کی مانند کر لیا، اَور مُجھے یقین ہے کہ میں شرمندہ نہ ہوں گا۔ مُجھے بے قُصُور ٹھہرانے والے میرے قریب ہیں۔ پھر کون مُجھ پر اِلزام لگا سَکتا ہے؟ آؤ ہم آمنے سامنے کھڑے ہُوں! میرا مُدّعی کون ہے؟ وہ میرے مقابل ہو! یَاہوِہ قادر میرے مددگار ہیں۔ کون ہے جو مُجھے مُجرم قرار دے گا؟ وہ سَب کپڑے کی طرح پُرانے ہو جایٔیں گے؛ کیڑے اُنہیں کھا جایٔیں گے۔ تُم میں کون یَاہوِہ کا خوف رکھتا ہے اَور اُن کے خادِم کی باتیں سُنتا ہے؟ جو تاریکی میں چلتا ہے، اَور رَوشنی سے محروم ہے، وہ یَاہوِہ کے نام پر توکّل کرے اَور اَپنے خُدا پر بھروسا رکھے۔
یسعیاہ 7:50-10 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
لیکن رب قادرِ مطلق میری مدد کرتا ہے، اِس لئے میری رُسوائی نہیں ہو گی۔ چنانچہ مَیں نے اپنا منہ چقماق کی طرح سخت کر لیا ہے، کیونکہ مَیں جانتا ہوں کہ مَیں شرمندہ نہیں ہو جاؤں گا۔ جو مجھے راست ٹھہراتا ہے وہ قریب ہی ہے۔ تو پھر کون میرے ساتھ جھگڑے گا؟ آؤ، ہم مل کر عدالت میں کھڑے ہو جائیں۔ کون مجھ پر الزام لگانے کی جرأت کرے گا؟ وہ آ کر میرا سامنا کرے! رب قادرِ مطلق ہی میری مدد کرتا ہے۔ تو پھر کون مجھے مجرم ٹھہرائے گا؟ یہ تو سب پرانے کپڑے کی طرح گھس کر پھٹیں گے، کیڑے اُنہیں کھا جائیں گے۔ تم میں سے کون رب کا خوف مانتا اور اُس کے خادم کی سنتا ہے؟ جب اُسے روشنی کے بغیر اندھیرے میں چلنا پڑے تو وہ رب کے نام پر بھروسا رکھے اور اپنے خدا پر انحصار کرے۔