YouVersion Logo
تلاش

یسعیاہ 4:50-11

یسعیاہ 4:50-11 کِتابِ مُقادّس (URD)

خُداوند خُدا نے مُجھ کو شاگِرد کی زُبان بخشی تاکہ مَیں جانُوں کہ کلام کے وسِیلہ سے کِس طرح تھکے ماندے کی مدد کرُوں۔ وہ مُجھے ہر صُبح جگاتا ہے اور میرا کان لگاتا ہے تاکہ شاگِردوں کی طرح سنُوں۔ خُداوند خُدا نے میرے کان کھول دِئے اور مَیں باغی و برگشتہ نہ ہُؤا۔ مَیں نے اپنی پِیٹھ پِیٹنے والوں کے اور اپنی داڑھی نوچنے والوں کے حوالہ کی۔ مَیں نے اپنا مُنہ رُسوائی اور تُھوک سے نہیں چِھپایا۔ پر خُداوند خُدا میری حِمایت کرے گا اور اِس لِئے مَیں شرمِندہ نہ ہُوں گا اور اِسی لِئے مَیں نے اپنا مُنہ سنگِ خارا کی مانِند بنایا اور مُجھے یقِین ہے کہ مَیں شرمسار نہ ہُوں گا۔ مُجھے راست باز ٹھہرانے والا نزدِیک ہے۔ کَون مُجھ سے جھگڑا کرے گا؟ آؤ ہم آمنے سامنے کھڑے ہوں۔ میرا مُخالِف کَون ہے؟ وہ میرے پاس آئے۔ دیکھو خُداوند خُدا میری حِمایت کرے گا۔ کَون مُجھے مُجرِم ٹھہرائے گا؟ دیکھ وہ سب کپڑے کی مانِند پُرانے ہو جائیں گے۔ اُن کو کِیڑے کھا جائیں گے۔ تُمہارے درمِیان کَون ہے جو خُداوند سے ڈرتا اور اُس کے خادِم کی باتیں سُنتا ہے؟ جو اندھیرے میں چلتا اور رَوشنی نہیں پاتا۔ وہ خُداوند کے نام پر توکُّل کرے اور اپنے خُدا پر بھروسا رکھّے۔ دیکھو تُم سب جو آگ سُلگاتے ہو اور اپنے آپ کو انگاروں سے گھیر لیتے ہو اپنی ہی آگ کے شُعلوں میں اور اپنے سُلگائے ہُوئے انگاروں میں چلو۔ تُم میرے ہاتھ سے یِہی پاؤ گے۔ تُم عذاب میں لیٹ رہو گے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں یسعیاہ 50

یسعیاہ 4:50-11 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

یَاہوِہ قادر نے مُجھے تربیّت یافتہ زبان بخشی ہے، تاکہ اُس کلام کو جانوں جو تھکے ماندوں کو سہارا دیتاہے۔ وہ مُجھے ہر صُبح جگاتا ہے، اَور میرا کان کھولتا ہے تاکہ میں ایک شاگرد کی طرح سُنوں۔ یَاہوِہ قادر نے میرے کان کھول دئیے ہیں، اَور مَیں سرکش نہ ہُوا؛ نہ پیچھے ہٹا۔ مَیں نے اَپنی پیٹھ مارنے والوں کے، اَور اَپنی داڑھی نوچنے والوں کے حوالہ کر دی؛ تضحیک اَور تھُوک سے بچنے کے لیٔے مَیں نے اَپنا مُنہ نہیں چھپایا۔ چونکہ یَاہوِہ قادر میرے مددگار ہیں، میں رُسوا نہ ہوں گا۔ اِسی لیٔے مَیں نے اَپنا چہرہ چقماق کی مانند کر لیا، اَور مُجھے یقین ہے کہ میں شرمندہ نہ ہوں گا۔ مُجھے بے قُصُور ٹھہرانے والے میرے قریب ہیں۔ پھر کون مُجھ پر اِلزام لگا سَکتا ہے؟ آؤ ہم آمنے سامنے کھڑے ہُوں! میرا مُدّعی کون ہے؟ وہ میرے مقابل ہو! یَاہوِہ قادر میرے مددگار ہیں۔ کون ہے جو مُجھے مُجرم قرار دے گا؟ وہ سَب کپڑے کی طرح پُرانے ہو جایٔیں گے؛ کیڑے اُنہیں کھا جایٔیں گے۔ تُم میں کون یَاہوِہ کا خوف رکھتا ہے اَور اُن کے خادِم کی باتیں سُنتا ہے؟ جو تاریکی میں چلتا ہے، اَور رَوشنی سے محروم ہے، وہ یَاہوِہ کے نام پر توکّل کرے اَور اَپنے خُدا پر بھروسا رکھے۔ لیکن تُم سَب جو آگ سُلگاتے ہو اَور اَپنے لیٔے بڑی بڑی مشعلوں کا اہتمام کرتے ہو، جاؤ، اَپنی آگ کے شُعلوں اَور اُن مشعلوں کی بھڑکتی رَوشنی میں چلو جنہیں تُم نے سُلگا رکھتا ہے۔ تُم میرے ہاتھ سے یہی پاؤگے: تُم عذاب میں پڑے رہوگے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں یسعیاہ 50

یسعیاہ 4:50-11 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

رب قادرِ مطلق نے مجھے شاگرد کی سی زبان عطا کی تاکہ مَیں وہ کلام جان لوں جس سے تھکاماندہ تقویت پائے۔ صبح بہ صبح وہ میرے کان کو جگا دیتا ہے تاکہ مَیں شاگرد کی طرح سن سکوں۔ رب قادرِ مطلق نے میرے کان کو کھول دیا، اور نہ مَیں سرکش ہوا، نہ پیچھے ہٹ گیا۔ مَیں نے مارنے والوں کو اپنی پیٹھ اور بال نوچنے والوں کو اپنے گال پیش کئے۔ مَیں نے اپنا چہرہ اُن کی گالیوں اور تھوک سے نہ چھپایا۔ لیکن رب قادرِ مطلق میری مدد کرتا ہے، اِس لئے میری رُسوائی نہیں ہو گی۔ چنانچہ مَیں نے اپنا منہ چقماق کی طرح سخت کر لیا ہے، کیونکہ مَیں جانتا ہوں کہ مَیں شرمندہ نہیں ہو جاؤں گا۔ جو مجھے راست ٹھہراتا ہے وہ قریب ہی ہے۔ تو پھر کون میرے ساتھ جھگڑے گا؟ آؤ، ہم مل کر عدالت میں کھڑے ہو جائیں۔ کون مجھ پر الزام لگانے کی جرأت کرے گا؟ وہ آ کر میرا سامنا کرے! رب قادرِ مطلق ہی میری مدد کرتا ہے۔ تو پھر کون مجھے مجرم ٹھہرائے گا؟ یہ تو سب پرانے کپڑے کی طرح گھس کر پھٹیں گے، کیڑے اُنہیں کھا جائیں گے۔ تم میں سے کون رب کا خوف مانتا اور اُس کے خادم کی سنتا ہے؟ جب اُسے روشنی کے بغیر اندھیرے میں چلنا پڑے تو وہ رب کے نام پر بھروسا رکھے اور اپنے خدا پر انحصار کرے۔ لیکن تم باقی لوگ جو آگ لگا کر اپنے آپ کو جلتے ہوئے تیروں سے لیس کرتے ہو، اپنی ہی آگ کے شعلوں میں چلے جاؤ! خود اُن تیروں کی زد میں آؤ جو تم نے دوسروں کے لئے جلائے ہیں! میرے ہاتھ سے تمہیں یہی اجر ملے گا، تم سخت اذیت کا شکار ہو کر زمین پر تڑپتے رہو گے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں یسعیاہ 50