یسعیاہ 13:49-26
یسعیاہ 13:49-26 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
اے آسمان، خوشی کے نعرے لگا! اے زمین، باغ باغ ہو جا! اے پہاڑو، شادمانی کے گیت گاؤ! کیونکہ رب نے اپنی قوم کو تسلی دی ہے، اُسے اپنے مصیبت زدہ لوگوں پر ترس آیا ہے۔ لیکن صیون کہتی ہے، ”رب نے مجھے ترک کر دیا ہے، قادرِ مطلق مجھے بھول گیا ہے۔“ ”یہ کیسے ہو سکتا ہے؟ کیا ماں اپنے شیرخوار کو بھول سکتی ہے؟ جس بچے کو اُس نے جنم دیا، کیا وہ اُس پر ترس نہیں کھائے گی؟ شاید وہ بھول جائے، لیکن مَیں تجھے کبھی نہیں بھولوں گا! دیکھ، مَیں نے تجھے اپنی دونوں ہتھیلیوں میں کندہ کر دیا ہے، تیری زمین بوس دیواریں ہمیشہ میرے سامنے ہیں۔ جو تجھے نئے سرے سے تعمیر کرنا چاہتے ہیں وہ دوڑ کر واپس آ رہے ہیں جبکہ جن لوگوں نے تجھے ڈھا کر تباہ کیا وہ تجھ سے نکل رہے ہیں۔ اے صیون بیٹی، نظر اُٹھا کر چاروں طرف دیکھ! یہ سب جمع ہو کر تیرے پاس آ رہے ہیں۔ میری حیات کی قَسم، یہ سب تیرے زیورات بنیں گے جن سے تُو اپنے آپ کو دُلھن کی طرح آراستہ کرے گی۔“ یہ رب کا فرمان ہے۔ ”فی الحال تیرے ملک میں چاروں طرف کھنڈرات، اُجاڑ اور تباہی نظر آتی ہے، لیکن آئندہ وہ اپنے باشندوں کی کثرت کے باعث چھوٹا ہو گا۔ اور جنہوں نے تجھے ہڑپ کر لیا تھا وہ دُور رہیں گے۔ پہلے تُو بےاولاد تھی، لیکن اب تیرے اِتنے بچے ہوں گے کہ وہ تیرے پاس آ کر کہیں گے، ’میرے لئے جگہ کم ہے، مجھے اَور زمین دیں تاکہ مَیں آرام سے زندگی گزار سکوں۔‘ تُو اپنے کانوں سے یہ سنے گی۔ تب تُو حیران ہو کر دل میں سوچے گی، ’کس نے یہ بچے میرے لئے پیدا کئے؟ مَیں تو بچوں سے محروم اور بےاولاد تھی، مجھے جلاوطن کر کے ہٹایا گیا تھا۔ کس نے اِن کو پالا؟ مجھے تو تنہا ہی چھوڑ دیا گیا تھا۔ تو پھر یہ کہاں سے آ گئے ہیں‘؟“ رب قادرِ مطلق فرماتا ہے، ”دیکھ، مَیں دیگر قوموں کو ہاتھ سے اشارہ دے کر اُن کے سامنے اپنا جھنڈا گاڑ دوں گا۔ تب وہ تیرے بیٹوں کو اُٹھا کر اپنے بازوؤں میں واپس لے آئیں گے اور تیری بیٹیوں کو کندھے پر بٹھا کر تیرے پاس پہنچائیں گے۔ بادشاہ تیرے بچوں کی دیکھ بھال کریں گے، اور رانیاں اُن کی دائیاں ہوں گی۔ وہ منہ کے بل جھک کر تیرے پاؤں کی خاک چاٹیں گے۔ تب تُو جان لے گی کہ مَیں ہی رب ہوں، کہ جو بھی مجھ سے اُمید رکھے وہ کبھی شرمندہ نہیں ہو گا۔“ کیا سورمے کا لُوٹا ہوا مال اُس کے ہاتھ سے چھینا جا سکتا ہے؟ یا کیا ظالم کے قیدی اُس کے قبضے سے چھوٹ سکتے ہیں؟ مشکل ہی سے۔ لیکن رب فرماتا ہے، ”یقیناً سورمے کا قیدی اُس کے ہاتھ سے چھین لیا جائے گا اور ظالم کا لُوٹا ہوا مال اُس کے قبضے سے چھوٹ جائے گا۔ جو تجھ سے جھگڑے اُس کے ساتھ مَیں خود جھگڑوں گا، مَیں ہی تیرے بچوں کو نجات دوں گا۔ جنہوں نے تجھ پر ظلم کیا اُنہیں مَیں اُن کا اپنا گوشت کھلاؤں گا، اُن کا اپنا خون یوں پلاؤں گا کہ وہ اُسے نئی مَے کی طرح پی پی کر مست ہو جائیں گے۔ تب تمام انسان جان لیں گے کہ مَیں رب تیرا نجات دہندہ، تیرا چھڑانے والا اور یعقوب کا زبردست سورما ہوں۔“
یسعیاہ 13:49-26 کِتابِ مُقادّس (URD)
اَے آسمانو گاؤ! اَے زمِین شادمان ہو! اَے پہاڑو نغمہ پردازی کرو! کیونکہ خُداوند نے اپنے لوگوں کو تسلّی بخشی ہے اور اپنے رنجُوروں پر رحم فرمائے گا۔ لیکن صِیُّون کہتی ہے یہوواؔہ نے مُجھے ترک کِیا ہے اور خُداوند مُجھے بُھول گیا ہے۔ کیا یہ مُمکِن ہے کہ کوئی ماں اپنے شِیرخوار بچّے کو بُھول جائے اور اپنے رَحِم کے فرزند پر ترس نہ کھائے؟ ہاں وہ شاید بُھول جائے پر مَیں تُجھے نہ بُھولُوں گا۔ دیکھ مَیں نے تیری صُورت اپنی ہتھیلِیوں پر کھود رکھّی ہے اور تیری شہر پناہ ہمیشہ میرے سامنے ہے۔ تیرے فرزند جلدی کرتے ہیں اور وہ جو تُجھے برباد کرنے اور اُجاڑنے والے تھے تُجھ سے نِکل جائیں گے۔ اپنی آنکھیں اُٹھا کر چاروں طرف نظر کر۔ یہ سب کے سب مِل کر اِکٹّھے ہوتے ہیں اور تیرے پاس آتے ہیں۔ خُداوند فرماتا ہے مُجھے اپنی حیات کی قَسم کہ تُو یقِیناً اِن سب کو زیور کی مانِند پہن لے گی اور اِن سے دُلہن کی مانِند آراستہ ہو گی۔ کیونکہ تیری وِیران اور اُجڑی جگہوں میں اور تیرے برباد مُلک میں اب یقِیناً بسنے والے گُنجایش سے زِیادہ ہوں گے اور تُجھ کو غارت کرنے والے دُور ہو جائیں گے۔ بلکہ تیرے وہ بیٹے جو تُجھ سے لے لِئے گئے تھے تیرے کانوں میں پِھر کہیں گے کہ بسنے کی جگہ بُہت تنگ ہے۔ ہم کو بسنے کی جگہ دے۔ تب تُو اپنے دِل میں کہے گی کَون میرے لِئے اِن کا باپ ہُؤا؟ کہ مَیں تو لاولد ہو گئی اور اکیلی تھی۔ مَیں تو جلاوطنی اور آوارگی میں رہی سو کِس نے اِن کو پالا؟ دیکھ مَیں تو اکیلی رہ گئی تھی پِھر یہ کہاں تھے؟ خُداوند خُدا یُوں فرماتا ہے کہ دیکھ مَیں قَوموں پر ہاتھ اُٹھاؤُں گا اور اُمّتوں پر اپنا جھنڈا کھڑا کرُوں گا اور وہ تیرے بیٹوں کو اپنی گود میں لِئے آئیں گے اور تیری بیٹِیوں کو اپنے کندھوں پر بِٹھا کر پُہنچائیں گے۔ اور بادشاہ تیرے مُربیّ ہوں گے اور اُن کی بِیویاں تیری دایہ ہوں گی۔ وہ تیرے سامنے مُنہ کے بل زمِین پر گِریں گے اور تیرے پاؤں کی خاک چاٹیں گے اور تُو جانے گی کہ مَیں ہی خُداوند ہُوں جِس کے مُنتظِر شرمِندہ نہ ہوں گے۔ کیا زبردست سے شِکار چِھین لِیا جائے گا؟ اور کیا راست باز کے قَیدی چُھڑا لِئے جائیں گے؟ خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ زورآور کے اسِیر بھی لے لِئے جائیں گے اور مُہِیب کا شِکار چُھڑا لِیا جائے گا کیونکہ مَیں اُس سے جو تیرے ساتھ جھگڑتا ہے جھگڑا کرُوں گا اور تیرے فرزندوں کو بچا لُوں گا۔ اور مَیں تُم پر ظُلم کرنے والوں کو اُن ہی کا گوشت کِھلاؤُں گا اور وہ مِیٹھی مَے کی مانِند اپنا ہی لہُوپی کر بدمست ہو جائیں گے اور ہر فردِ بشر جانے گا کہ مَیں خُداوند تیرا نجات دینے والا اور یعقُوبؔ کا قادِر تیرا فِدیہ دینے والا ہُوں۔