YouVersion Logo
تلاش

یسعیاہ 1:49-12

یسعیاہ 1:49-12 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

اے جزیرو، سنو! اے دُوردراز قومو، دھیان دو! رب نے مجھے پیدائش سے پہلے ہی بُلایا، میری ماں کے پیٹ سے ہی میرے نام کو یاد کرتا آیا ہے۔ اُس نے میرے منہ کو تیز تلوار بنا کر مجھے اپنے ہاتھ کے سائے میں چھپائے رکھا، مجھے تیز تیر بنا کر اپنے ترکش میں پوشیدہ رکھا ہے۔ وہ مجھ سے ہم کلام ہوا، ”تُو میرا خادم اسرائیل ہے، جس کے ذریعے مَیں اپنا جلال ظاہر کروں گا۔“ مَیں تو بولا تھا، ”میری محنت مشقت بےسود تھی، مَیں نے اپنی طاقت بےفائدہ اور بےمقصد ضائع کر دی ہے۔ تاہم میرا حق اللہ کے ہاتھ میں ہے، میرا خدا ہی مجھے اجر دے گا۔“ لیکن اب رب مجھ سے ہم کلام ہوا ہے، وہ جو ماں کے پیٹ سے ہی مجھے اِس مقصد سے تشکیل دیتا آیا ہے کہ مَیں اُس کی خدمت کر کے یعقوب کی اولاد کو اُس کے پاس واپس لاؤں اور اسرائیل کو اُس کے حضور جمع کروں۔ رب ہی کے حضور میرا احترام کیا جائے گا، میرا خدا ہی میری قوت ہو گا۔ وہی فرماتا ہے، ”تُو میری خدمت کر کے نہ صرف یعقوب کے قبیلے بحال کرے گا اور اُنہیں واپس لائے گا جنہیں مَیں نے محفوظ رکھا ہے بلکہ تُو اِس سے کہیں بڑھ کر کرے گا۔ کیونکہ مَیں تجھے دیگر اقوام کی روشنی بنا دوں گا تاکہ تُو میری نجات کو دنیا کی انتہا تک پہنچائے۔“ رب جو اسرائیل کا چھڑانے والا اور اُس کا قدوس ہے اُس سے ہم کلام ہوا ہے جسے لوگ حقیر جانتے ہیں، جس سے دیگر اقوام گھن کھاتے ہیں اور جو حکمرانوں کا غلام ہے۔ اُس سے رب فرماتا ہے، ”تجھے دیکھتے ہی بادشاہ کھڑے ہو جائیں گے اور رئیس منہ کے بل جھک جائیں گے۔ یہ رب کی خاطر ہی پیش آئے گا جو وفادار ہے اور اسرائیل کے قدوس کے باعث ہی وقوع پذیر ہو گا جس نے تجھے چن لیا ہے۔“ رب فرماتا ہے، ”قبولیت کے وقت مَیں تیری سنوں گا، نجات کے دن تیری مدد کروں گا۔ تب مَیں تجھے محفوظ رکھ کر مقرر کروں گا کہ تُو میرے اور قوم کے درمیان عہد بنے، کہ تُو ملک بحال کر کے تباہ شدہ موروثی زمین کو نئے سرے سے تقسیم کرے، کہ تُو قیدیوں کو کہے، ’نکل آؤ‘ اور تاریکی میں بسنے والوں کو، ’روشنی میں آ جاؤ!‘ تب میری بھیڑیں راستوں کے کنارے کنارے چریں گی، اور تمام بنجر بلندیوں پر بھی اُن کی ہری ہری چراگاہیں ہوں گی۔ نہ اُنہیں بھوک ستائے گی نہ پیاس۔ نہ تپتی گرمی، نہ دھوپ اُنہیں جُھلسائے گی۔ کیونکہ جو اُن پر ترس کھاتا ہے وہ اُن کی قیادت کر کے اُنہیں چشموں کے پاس لے جائے گا۔ مَیں پہاڑوں کو ہموار راستوں میں تبدیل کر دوں گا جبکہ میری شاہراہیں اونچی ہو جائیں گی۔ تب وہ دُوردراز علاقوں سے آئیں گے، کچھ شمال سے، کچھ مغرب سے، اور کچھ مصر کے جنوبی شہر اسوان سے بھی۔“

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں یسعیاہ 49

یسعیاہ 1:49-12 کِتابِ مُقادّس (URD)

اَے جزِیرو میری سُنو! اَے اُمّتو جو دُور ہو کان لگاؤ! خُداوند نے مُجھے رَحِم ہی سے بُلایا۔ بطنِ مادر ہی سے اُس نے میرے نام کا ذِکر کِیا۔ اور اُس نے میرے مُنہ کو تیز تلوار کی مانِند بنایا اور مُجھ کو اپنے ہاتھ کے سایہ تلے چِھپایا اُس نے مُجھے تیرِ آب دار کِیا اور اپنے ترکش میں مُجھے چِھپا رکھّا۔ اور اُس نے مُجھ سے کہا تُو میرا خادِم ہے۔ تُجھ میں اَے اِسرائیل مَیں اپنا جلال ظاہِر کرُوں گا۔ تب مَیں نے کہا مَیں نے بے فائِدہ مشقّت اُٹھائی۔ مَیں نے اپنی قُوّت بے فائِدہ بطالت میں صَرف کی تَو بھی یقِیناً میرا حق خُداوند کے ساتھ اور میرا اجر میرے خُدا کے پاس ہے۔ چُونکہ مَیں خُداوند کی نظر میں جلِیلُ القدر ہُوں اور وہ میری توانائی ہے اِس لِئے وہ جِس نے مُجھے رَحِم ہی سے بنایا تاکہ اُس کا خادِم ہو کر یعقُوبؔ کو اُس کے پاس واپس لاؤُں اور اِسرائیل کو اُس کے پاس جمع کرُوں یُوں فرماتا ہے۔ ہاں خُداوند فرماتا ہے کہ یہ تو ہلکی سی بات ہے کہ تُو یعقُوبؔ کے قبائِل کو برپا کرنے اور محفُوظ اِسرائیلِیوں کو واپس لانے کے لِئے میرا خادِم ہو بلکہ مَیں تُجھ کو قَوموں کے لِئے نُور بناؤُں گا کہ تُجھ سے میری نجات زمِین کے کناروں تک پُہنچے۔ خُداوند اِسرائیل کا فِدیہ دینے والا اور اُس کا قُدُّوس اُس کو جِسے اِنسان حقِیر جانتا ہے اور جِس سے قَوم کو نفرت ہے اور جو حاکِموں کا چاکر ہے یُوں فرماتا ہے کہ بادشاہ دیکھیں گے اور اُٹھ کھڑے ہوں گے اور اُمرا سِجدہ کریں گے۔ خُداوند کے لِئے جو صادِقُ القَول اور اِسرائیل کا قُدُّوس ہے جِس نے تُجھے برگُزِیدہ کِیا ہے۔ خُداوند یُوں فرماتا ہے کہ مَیں نے قبُولِیّت کے وقت تیری سُنی اور نجات کے دِن تیری مدد کی اور مَیں تیری حِفاظت کرُوں گا اور لوگوں کے لِئے تُجھے ایک عہد ٹھہراؤُں گا تاکہ مُلک کو بحال کرے اور وِیران مِیراث وارِثوں کو دے۔ تاکہ تُو قَیدیوں کو کہے کہ نِکل چلو اور اُن کو جو اندھیرے میں ہیں کہ اپنے آپ کو دِکھلاؤ۔ وہ راستوں میں چریں گے اور سب ننگے ٹِیلے اُن کی چراگاہیں ہوں گے۔ وہ نہ بُھوکے ہوں گے نہ پِیاسے اور نہ گرمی اور دُھوپ سے اُن کو ضرر پُہنچے گا کیونکہ وہ جِس کی رحمت اُن پر ہے اُن کا رہنُما ہو گا اور پانی کے سوتوں کی طرف اُن کی رہبری کرے گا۔ اور مَیں اپنے سارے کوہِستان کو ایک راستہ بنا دُوں گا اور میری شاہراہیں اُونچی کی جائیں گی۔ دیکھ یہ دُور سے اور یہ شِمال اور مغرِب سے اور یہ سِینِیم کے مُلک سے آئیں گے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں یسعیاہ 49