یسعیاہ 17:48-22

یسعیاہ 17:48-22 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

یَاہوِہ۔ تیرا نَجات دِہندہ، اِسرائیل کا قُدُّوس یُوں فرماتے ہیں: ”میں یَاہوِہ تیرا خُدا ہُوں، جو تُجھے اَیسی تعلیم دیتاہے جو تیرے حق میں مفید ہے، اَور جِس راہ پر تُجھے چلنا ہے اُس پر لے چلتا ہے۔ کاش کہ تُونے میرے اَحکام پر دھیان دیا ہوتا، تو تُجھے ندی کی مانند تسلّی ملتی، اَور تیری راستبازی سمُندر کی موجوں کی مانند ہوتی۔ تیری نَسل ریت کی مانند ہوتی، اَور تیری اَولاد اُس کے لاتعداد ذرّوں کی مانند ہوتی؛ اُس کا نام میرے حُضُور سے نہ ہی کاٹا اَور نہ مٹایا جائے گا۔“ بابیل کو خیرباد کہو، کَسدیوں کے درمیان سے بھاگ جاؤ! خُوشی سے للکار کر اِس کی خبر دو اَور اُس کا اعلان کرو۔ اِس کی خبر زمین کی اِنتہا تک پہُنچا دو؛ کہو، ”کہ یَاہوِہ نے اَپنے خادِم یعقوب کا فدیہ دیا ہے۔“ جَب وہ اُنہیں بیابان میں سے لے گیا تَب وہ پیاسے نہ ہُوئے۔ اُس نے اُن کے لیٔے چٹّان میں سے پانی نکالا؛ اُس نے چٹّان کو چیرا اَور پانی پھوٹ نِکلا۔ ”بدکاروں،“ کے لیٔے، ”کوئی سلامتی نہیں،“ یہ یَاہوِہ کا فرمان ہے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں یسعیاہ 48

یسعیاہ 17:48-22 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

رب جو تیرا چھڑانے والا اور اسرائیل کا قدوس ہے فرماتا ہے، ”مَیں رب تیرا خدا ہوں۔ مَیں تجھے وہ کچھ سکھاتا ہوں جو مفید ہے اور تجھے اُن راہوں پر چلنے دیتا ہوں جن پر تجھے چلنا ہے۔ کاش تُو میرے احکام پر دھیان دیتا! تب تیری سلامتی بہتے دریا جیسی اور تیری راست بازی سمندر کی موجوں جیسی ہوتی۔ تیری اولاد ریت کی مانند ہوتی، تیرے پیٹ کا پھل ریت کے ذروں جیسا اَن گنت ہوتا۔ اِس کا امکان ہی نہ ہوتا کہ تیرا نام و نشان میرے سامنے سے مٹ جائے۔“ بابل سے نکل جاؤ! بابلیوں کے بیچ میں سے ہجرت کرو! خوشی کے نعرے لگا لگا کر اعلان کرو، دنیا کی انتہا تک خوش خبری پھیلاتے جاؤ کہ رب نے عوضانہ دے کر اپنے خادم یعقوب کو چھڑایا ہے۔ اُنہیں پیاس نہ لگی جب اُس نے اُنہیں ریگستان میں سے گزرنے دیا۔ اُس کے حکم پر پتھر میں سے پانی بہہ نکلا۔ جب اُس نے چٹان کو چیر ڈالا تو پانی پھوٹ نکلا۔ لیکن رب فرماتا ہے کہ بےدین سلامتی نہیں پائیں گے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں یسعیاہ 48

یسعیاہ 17:48-22 کِتابِ مُقادّس (URD)

خُداوند تیرا فِدیہ دینے والا اِسرائیل کا قُدُّوس یُوں فرماتا ہے کہ مَیں ہی خُداوند تیرا خُدا ہُوں جو تُجھے مُفِید تعلِیم دیتا ہُوں اور تُجھے اُس راہ میں جِس میں تُجھے جانا ہے لے چلتا ہُوں۔ کاش کہ تُو میرے احکام کا شِنوا ہوتا اور تیری سلامتی نہر کی مانِند اور تیری صداقت سمُندر کی مَوجوں کی مانِند ہوتی۔ تیری نسل ریت کی مانِند ہوتی اور تیرے صُلبی فرزند اُس کے ذرّوں کی مانِند بکثرت ہوتے اور اُس کا نام میرے حضُور سے کاٹا اور مِٹایا نہ جاتا۔ تُم بابل سے نِکلو۔ کسدیوں کے درمِیان سے بھاگو۔ نغمہ کی آواز سے بیان کرو۔ اِسے مشہُور کرو۔ ہاں اِس کی خبر زمِین کے کناروں تک پُہنچاؤ۔ کہتے جاؤ کہ خُداوند نے اپنے خادِم یعقُوبؔ کا فِدیہ دِیا۔ اور جب وہ اُن کو بیابان میں سے لے گیا تو وہ پِیاسے نہ ہُوئے۔ اُس نے اُن کے لِئے چٹان میں سے پانی نِکالا۔ اُس نے چٹان کو چِیرا اور پانی پُھوٹ نِکلا۔ خُداوند فرماتا ہے کہ شرِیروں کے لِئے سلامتی نہیں۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں یسعیاہ 48