YouVersion Logo
تلاش

یسعیاہ 1:48-11

یسعیاہ 1:48-11 کِتابِ مُقادّس (URD)

یہ بات سُنو اَے یعقُوبؔ کے گھرانے جو اِسرائیل کے نام سے کہلاتے ہو اور یہُوداؔہ کے چشمہ سے نِکلے ہو جو خُداوند کا نام لے کر قَسم کھاتے ہو اور اِسرائیل کے خُدا کا اِقرار کرتے ہو پر امانت اور صداقت سے نہیں۔ کیونکہ وہ شہر قُدس کے لوگ کہلاتے ہیں اور اِسرائیل کے خُدا پر توکُّل کرتے ہیں جِس کا نام ربُّ الافواج ہے۔ مَیں نے قدِیم سے ہونے والی باتوں کی خبر دی ہے۔ ہاں وہ میرے مُنہ سے نِکلِیں۔ مَیں نے اُن کو ظاہِر کِیا۔ مَیں ناگہان اُن کو عمل میں لایا اور وہ وقُوع میں آئِیں۔ چُونکہ مَیں جانتا تھا کہ تُو ضِدّی ہے اور تیری گردن کا پٹھا لوہے کا ہے اور تیری پیشانی پِیتل کی ہے۔ اِس لِئے مَیں نے قدِیم ہی سے یہ باتیں تُجھے کہہ سُنائِیں اور اُن کے واقِع ہونے سے پیشتر تُجھ پر ظاہِر کر دِیا تا نہ ہو کہ تُو کہے میرے بُت نے یہ کام کِیا اور میرے کھودے ہُوئے صنم نے اور میری ڈھالی ہُوئی مُورت نے یہ باتیں فرمائِیں۔ تُو نے یہ سُنا ہے سو اِس سب پر توجُّہ کر۔ کیا تُم اِس کا اِقرار نہ کرو گے؟ اب مَیں تُجھے نئی چِیزیں اور پوشِیدہ باتیں جِن سے تُو واقِف نہ تھا دِکھاتا ہُوں۔ وہ ابھی خلق کی گئی ہیں۔ قدِیم سے نہیں بلکہ آج سے پہلے تُو نے اُن کو سُنا بھی نہ تھا تا نہ ہو کہ تُو کہے دیکھ مَیں جانتا تھا۔ ہاں تُو نے نہ سُنا نہ جانا۔ ہاں قدِیم ہی سے تیرے کان کُھلے نہ تھے کیونکہ مَیں جانتا تھا کہ تُو بِالکُل بے وفا ہے اور رَحِم ہی سے خطاکار کہلاتا ہے۔ مَیں اپنے نام کی خاطِر اپنے غضب میں تاخِیر کرُوں گا اور اپنے جلال کی خاطِر تُجھ سے باز رہُوں گا کہ تُجھے کاٹ نہ ڈالُوں۔ دیکھ مَیں نے تُجھے صاف کِیا لیکن چاندی کی مانِند نہیں۔ مَیں نے مُصِیبت کی کُٹھالی میں تُجھے صاف کِیا۔ مَیں نے اپنی خاطِر ہاں اپنی ہی خاطِر یہ کِیا ہے کیونکہ میرے نام کی تکفِیر کیوں ہو؟ مَیں تو اپنی شَوکت دُوسرے کو نہیں دینے کا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں یسعیاہ 48

یسعیاہ 1:48-11 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

اے یعقوب کے گھرانے، سنو! تم جو اسرائیل کہلاتے اور یہوداہ کے قبیلے کے ہو، دھیان دو! تم جو رب کے نام کی قَسم کھا کر اسرائیل کے خدا کو یاد کرتے ہو، اگرچہ تمہاری بات نہ سچائی، نہ انصاف پر مبنی ہے، غور کرو! ہاں توجہ دو، تم جو مُقدّس شہر کے لوگ کہلاتے اور اسرائیل کے خدا پر اعتماد کرتے ہو، سنو کہ اللہ جس کا نام رب الافواج ہے کیا فرماتا ہے۔ جو کچھ پیش آیا ہے اُس کا اعلان مَیں نے بڑی دیر پہلے کیا۔ میرے ہی منہ سے اُس کی پیش گوئی صادر ہوئی، مَیں ہی نے اُس کی اطلاع دی۔ پھر اچانک ہی مَیں اُسے عمل میں لایا اور وہ وقوع پذیر ہوا۔ مَیں جانتا تھا کہ تُو کتنا ضدی ہے۔ تیرے گلے کی نسیں لوہے جیسی بےلچک اور تیری پیشانی پیتل جیسی سخت ہے۔ یہ جان کر مَیں نے بڑی دیر پہلے اِن باتوں کی پیش گوئی کی۔ اُن کے پیش آنے سے پہلے مَیں نے تجھے اُن کی خبر دی تاکہ تُو دعویٰ نہ کر سکے، ’میرے بُت نے یہ کچھ کیا، میرے تراشے اور ڈھالے گئے دیوتا نے اِس کا حکم دیا۔‘ اب جب تُو نے یہ سن لیا ہے تو سب کچھ پر غور کر۔ تُو کیوں اِن باتوں کو ماننے کے لئے تیار نہیں؟ اب سے مَیں تجھے نئی نئی باتیں بتاؤں گا، ایسی پوشیدہ باتیں جو تجھے اب تک معلوم نہ تھیں۔ یہ کسی قدیم زمانے میں وجود میں نہیں آئیں بلکہ ابھی ابھی آج ہی تیرے علم میں آئی ہیں۔ کیونکہ مَیں نہیں چاہتا تھا کہ تُو کہے، ’مجھے پہلے سے اِس کا علم تھا۔‘ چنانچہ نہ یہ باتیں تیرے کان تک پہنچی ہیں، نہ تُو اِن کا علم رکھتا ہے، بلکہ قدیم زمانے سے ہی تیرا کان یہ سن نہیں سکتا تھا۔ کیونکہ مَیں جانتا تھا کہ تُو سراسر بےوفا ہے، کہ پیدائش سے ہی نمک حرام کہلاتا ہے۔ توبھی مَیں اپنے نام کی خاطر اپنا غضب نازل کرنے سے باز رہتا، اپنی تمجید کی خاطر اپنے آپ کو تجھے نیست و نابود کرنے سے روکے رکھتا ہوں۔ دیکھ، مَیں نے تجھے پاک صاف کر دیا ہے، لیکن چاندی کو صاف کرنے کی کٹھالی میں نہیں بلکہ مصیبت کی بھٹی میں۔ اُسی میں مَیں نے تجھے آزمایا ہے۔ اپنی خاطر، ہاں اپنی ہی خاطر مَیں یہ سب کچھ کرتا ہوں، ایسا نہ ہو کہ میرے نام کی بےحرمتی ہو جائے۔ کیونکہ مَیں اجازت نہیں دوں گا کہ کسی اَور کو وہ جلال دیا جائے جس کا صرف مَیں حق دار ہوں۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں یسعیاہ 48