YouVersion Logo
تلاش

یسعیاہ 1:43-13

یسعیاہ 1:43-13 کِتابِ مُقادّس (URD)

اور اب اَے یعقُوبؔ! خُداوند جِس نے تُجھ کو پَیدا کِیا اور جِس نے اَے اِسرائیل تُجھ کو بنایا یُوں فرماتا ہے کہ خَوف نہ کر کیونکہ مَیں نے تیرا فِدیہ دِیا ہے۔ مَیں نے تیرا نام لے کر تُجھے بُلایا ہے۔ تُو میرا ہے۔ جب تُو سَیلاب میں سے گُذرے گا تو مَیں تیرے ساتھ ہُوں گا اور جب تُو ندیوں کو عبُور کرے گا تو وہ تُجھے نہ ڈُبائیں گی۔ جب تُو آگ پر چلے گا تو تُجھے آنچ نہ لگے گی اور شُعلہ تُجھے نہ جلائے گا۔ کیونکہ مَیں خُداوند تیرا خُدا اِسرائیل کا قُدُّوس تیرا نجات دینے والا ہُوں۔ مَیں نے تیرے فِدیہ میں مِصرؔ کو اور تیرے بدلے کُوؔش اور سبا کو دِیا۔ چُونکہ تُو میری نِگاہ میں بیش قِیمت اور مُکرّم ٹھہرا اور مَیں نے تُجھ سے مُحبّت رکھّی اِس لِئے مَیں تیرے بدلے لوگ اور تیری جان کے عِوض میں اُمّتیں دے دُوں گا۔ تُو خَوف نہ کر کیونکہ مَیں تیرے ساتھ ہُوں۔ مَیں تیری نسل کو مشرِق سے لے آؤُں گا اور مغرِب سے تُجھے فراہم کرُوں گا۔ مَیں شِمال سے کہُوں گا کہ دے ڈال اور جنُوب سے کہ رکھ نہ چھوڑ۔ میرے بیٹوں کو دُور سے اور میری بیٹِیوں کو زمِین کی اِنتہا سے لاؤ۔ ہر ایک کو جو میرے نام سے کہلاتا ہے اور جِس کو مَیں نے اپنے جلال کے لِئے خلق کِیا جِسے مَیں نے پَیدا کِیا ہاں جِسے مَیں ہی نے بنایا۔ اُن اندھے لوگوں کو جو آنکھیں رکھتے ہیں اور اُن بہروں کو جِن کے کان ہیں باہر لاؤ۔ تمام قَومیں فراہم کی جائیں اور سب اُمّتیں جمع ہوں۔ اُن کے درمِیان کَون ہے جو اُسے بیان کرے یا ہم کو پِچھلی باتیں بتائے؟ وہ اپنے گواہوں کو لائیں تاکہ وہ سچّے ثابِت ہوں اور لوگ سُنیں اور کہیں کہ یہ سچ ہے۔ خُداوند فرماتا ہے تُم میرے گواہ ہو اور میرا خادِم بھی جِسے مَیں نے برگُزِیدہ کِیا تاکہ تُم جانو اور مُجھ پر اِیمان لاؤ اور سمجھو کہ مَیں وُہی ہُوں۔ مُجھ سے پہلے کوئی خُدا نہ ہُؤا اور میرے بعد بھی کوئی نہ ہو گا۔ مَیں ہی یہوواؔہ ہُوں اور میرے سِوا کوئی بچانے والا نہیں۔ مَیں نے اِعلان کِیا اور مَیں نے نجات بخشی اور مَیں ہی نے ظاہِر کِیا جب تُم میں کوئی اجنبی معبُود نہ تھا۔ سو تُم میرے گواہ ہو خُداوند فرماتا ہے کہ مَیں ہی خُدا ہُوں۔ آج سے مَیں ہی ہُوں اور کوئی نہیں جو میرے ہاتھ سے چُھڑا سکے۔ مَیں کام کرُوں گا۔ کَون ہے جو اُسے رَدّ کر سکے؟

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں یسعیاہ 43

یسعیاہ 1:43-13 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

لیکن اب رب جس نے تجھے اے یعقوب خلق کیا اور تجھے اے اسرائیل تشکیل دیا فرماتا ہے، ”خوف مت کھا، کیونکہ مَیں نے عوضانہ دے کر تجھے چھڑایا ہے، مَیں نے تیرا نام لے کر تجھے بُلایا ہے، تُو میرا ہی ہے۔ پانی کی گہرائیوں میں سے گزرتے وقت مَیں تیرے ساتھ ہوں گا، دریاؤں کو پار کرتے وقت تُو نہیں ڈوبے گا۔ آگ میں سے گزرتے وقت نہ تُو جُھلس جائے گا، نہ شعلوں سے بھسم ہو جائے گا۔ کیونکہ مَیں رب تیرا خدا ہوں، مَیں اسرائیل کا قدوس اور تیرا نجات دہندہ ہوں۔ تجھے چھڑانے کے لئے مَیں عوضانہ کے طور پر مصر دیتا، تیری جگہ ایتھوپیا اور سِبا ادا کرتا ہوں۔ تُو میری نظر میں قیمتی اور عزیز ہے، تُو مجھے پیارا ہے، اِس لئے مَیں تیرے بدلے میں لوگ اور تیری جان کے عوض قومیں ادا کرتا ہوں۔ چنانچہ مت ڈرنا، کیونکہ مَیں تیرے ساتھ ہوں۔ مَیں تیری اولاد کو مشرق اور مغرب سے جمع کر کے واپس لاؤں گا۔ شمال کو مَیں حکم دوں گا، ’مجھے دو!‘ اور جنوب کو، ’اُنہیں مت روکنا!‘ میرے بیٹے بیٹیوں کو دنیا کی انتہا سے واپس لے آؤ، اُن سب کو جو میرا نام رکھتے ہیں اور جنہیں مَیں نے اپنے جلال کی خاطر خلق کیا، جنہیں مَیں نے تشکیل دے کر بنایا ہے۔“ اُس قوم کو نکال لاؤ جو آنکھیں رکھنے کے باوجود دیکھ نہیں سکتی، جو کان رکھنے کے باوجود سن نہیں سکتی۔ تمام غیرقومیں جمع ہو جائیں، تمام اُمّتیں اکٹھی ہو جائیں۔ اُن میں سے کون اِس کی پیش گوئی کر سکتا، کون ماضی کی باتیں سنا سکتا ہے؟ وہ اپنے گواہوں کو پیش کریں جو اُنہیں درست ثابت کریں، تاکہ لوگ سن کر کہیں، ”اُن کی بات بالکل صحیح ہے۔“ لیکن رب فرماتا ہے، ”اے اسرائیلی قوم، تم ہی میرے گواہ ہو، تم ہی میرے خادم ہو جسے مَیں نے چن لیا تاکہ تم جان لو، مجھ پر ایمان لاؤ اور پہچان لو کہ مَیں ہی ہوں۔ نہ مجھ سے پہلے کوئی خدا وجود میں آیا، نہ میرے بعد کوئی آئے گا۔ مَیں، صرف مَیں رب ہوں، اور میرے سوا کوئی اَور نجات دہندہ نہیں ہے۔ مَیں ہی نے اِس کا اعلان کر کے تمہیں چھٹکارا دیا، مَیں ہی تمہیں اپنا کلام پہنچاتا رہا۔ اور یہ تمہارے درمیان کے کسی اجنبی معبود سے کبھی نہیں ہوا بلکہ صرف مجھ ہی سے۔ تم ہی میرے گواہ ہو کہ مَیں ہی خدا ہوں۔“ یہ رب کا فرمان ہے۔ ”ازل سے مَیں وہی ہوں۔ کوئی نہیں ہے جو میرے ہاتھ سے چھڑا سکے۔ جب مَیں کچھ عمل میں لاتا ہوں تو کون اِسے بدل سکتا ہے؟“

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں یسعیاہ 43