YouVersion Logo
تلاش

یسعیاہ 1:42-13

یسعیاہ 1:42-13 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

دیکھو، میرا خادم جسے مَیں قائم رکھتا ہوں، میرا برگزیدہ جو مجھے پسند ہے۔ مَیں اپنے روح کو اُس پر ڈالوں گا، اور وہ اقوام میں انصاف قائم کرے گا۔ وہ نہ تو چیخے گا، نہ چلّائے گا، گلیوں میں اُس کی آواز سنائی نہیں دے گی۔ نہ وہ کچلے ہوئے سرکنڈے کو توڑے گا، نہ بجھتی ہوئی بتی کو بجھائے گا۔ وفاداری سے وہ انصاف قائم کرے گا۔ اور جب تک اُس نے دنیا میں انصاف قائم نہ کر لیا ہو تب تک نہ اُس کی بتی بجھے گی، نہ اُسے کچلا جائے گا۔ جزیرے اُس کی ہدایت سے اُمید رکھیں گے۔“ رب خدا نے آسمان کو خلق کر کے خیمے کی طرح زمین کے اوپر تان لیا۔ اُسی نے زمین کو اور جو کچھ اُس میں سے پھوٹ نکلتا ہے تشکیل دیا، اور اُسی نے رُوئے زمین پر بسنے اور چلنے والوں میں دم پھونک کر جان ڈالی۔ اب یہی خدا اپنے خادم سے فرماتا ہے، ”مَیں، رب نے انصاف سے تجھے بُلایا ہے۔ مَیں تیرے ہاتھ کو پکڑ کر تجھے محفوظ رکھوں گا۔ کیونکہ مَیں تجھے قوم کا عہد اور دیگر اقوام کی روشنی بنا دوں گا تاکہ تُو اندھوں کی آنکھیں کھولے، قیدیوں کو کوٹھڑی سے رِہا کرے اور تاریکی کی قید میں بسنے والوں کو چھٹکارا دے۔ مَیں رب ہوں، یہی میرا نام ہے! مَیں برداشت نہیں کروں گا کہ جو جلال مجھے ملنا ہے وہ کسی اَور کو دے دیا جائے، کہ لوگ بُتوں کی تمجید کریں جبکہ اُنہیں میری تمجید کرنی چاہئے۔ دیکھو، جس کی بھی پیش گوئی مَیں نے کی تھی وہ وقوع میں آیا ہے۔ اب مَیں نئی باتوں کا اعلان کرتا ہوں۔ اِس سے پہلے کہ وہ وجود میں آئیں مَیں اُنہیں تمہیں سنا دیتا ہوں۔“ رب کی تمجید میں گیت گاؤ، دنیا کی انتہا تک اُس کی مدح سرائی کرو! اے سمندر کے مسافرو اور جو کچھ اُس میں ہے، اُس کی ستائش کرو! اے جزیرو، اپنے باشندوں سمیت اُس کی تعریف کرو! بیابان اور اُس کے قصبے خوشی کے نعرے لگائیں، جن آبادیوں میں قیدار بستا ہے وہ شادمان ہوں۔ سلع کے باشندے باغ باغ ہو کر پہاڑوں کی چوٹیوں پر زور سے شادیانہ بجائیں۔ سب رب کو جلال دیں اور جزیروں تک اُس کی تعریف پھیلائیں۔ رب سورمے کی طرح لڑنے کے لئے نکلے گا، فوجی کی طرح جوش میں آئے گا اور جنگ کے نعرے لگا لگا کر اپنے دشمنوں پر غالب آئے گا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں یسعیاہ 42

یسعیاہ 1:42-13 کِتابِ مُقادّس (URD)

دیکھو میرا خادِم جِس کو مَیں سنبھالتا ہُوں۔ میرا برگُزِیدہ جِس سے میرا دِل خُوش ہے۔ مَیں نے اپنی رُوح اُس پر ڈالی۔ وہ قَوموں میں عدالت جاری کرے گا۔ وہ نہ چِلاّئے گا اور نہ شور کرے گا اور نہ بازاروں میں اُس کی آواز سُنائی دے گی۔ وہ مسلے ہُوئے سرکنڈے کو نہ توڑے گا اور ٹمٹاتی بتّی کو نہ بُجھائے گا۔ وہ راستی سے عدالت کرے گا۔ وہ ماندہ نہ ہو گا اور ہمّت نہ ہارے گا جب تک کہ عدالت کو زمِین پر قائِم نہ کر لے۔ جزِیرے اُس کی شرِیعت کا اِنتظار کریں گے۔ جِس نے آسمان کو پَیدا کِیا اور تان دِیا۔ جِس نے زمِین کو اور اُن کو جو اُس میں سے نِکلتے ہیں پَھیلایا۔ جو اُس کے باشِندوں کو سانس اور اُس پر چلنے والوں کو رُوح عِنایت کرتا ہے یعنی خُداوند خُدا یُوں فرماتا ہے۔ مَیں خُداوند نے تُجھے صداقت سے بُلایا۔ مَیں ہی تیرا ہاتھ پکڑُوں گا اور تیری حِفاظت کرُوں گا اور لوگوں کے عہد اور قَوموں کے نُور کے لِئے تُجھے دُوں گا۔ کہ تُو اندھوں کی آنکھیں کھولے اور اسِیروں کو قَید سے نِکالے اور اُن کو جو اندھیرے میں بَیٹھے ہیں قَید خانہ سے چُھڑائے۔ یہوواؔہ مَیں ہُوں۔ یِہی میرا نام ہے۔ مَیں اپنا جلال کِسی دُوسرے کے لِئے اور اپنی حمد کھودی ہُوئی مُورتوں کے لِئے روا نہ رکُھّوں گا۔ دیکھو پُرانی باتیں پُوری ہو گئِیں اور مَیں نئی باتیں بتاتا ہُوں۔ اِس سے پیشتر کہ واقِع ہوں مَیں تُم سے بیان کرتا ہُوں۔ اَے سمُندر پر گُذرنے والو اور اُس میں بسنے والو! اے جزِیرو اور اُن کے باشِندو خُداوند کے لِئے نیا گِیت گاؤ۔ زمِین پر سر تا سِر اُسی کی سِتایش کرو۔ بیابان اور اُس کی بستِیاں۔ قِیدار کے آباد گاؤں اپنی آواز بُلند کریں۔ سلع کے بسنے والے گِیت گائیں۔ پہاڑوں کی چوٹیوں پر سے للکاریں۔ وہ خُداوند کا جلال ظاہِر کریں اور جزِیروں میں اُس کی ثنا خوانی کریں۔ خُداوند بہادُر کی مانِند نِکلے گا۔ وہ جنگی مَرد کی مانِند اپنی غَیرت دِکھائے گا۔ وہ نعرہ مارے گا۔ ہاں وہ للکارے گا۔ وہ اپنے دُشمنوں پر غالِب آئے گا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں یسعیاہ 42