یسعیاہ 27:40-31
یسعیاہ 27:40-31 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
اے یعقوب کی قوم، تُو کیوں کہتی ہے کہ میری راہ رب کی نظر سے چھپی رہتی ہے؟ اے اسرائیل، تُو کیوں شکایت کرتا ہے کہ میرا معاملہ میرے خدا کے علم میں نہیں آتا؟ کیا تجھے معلوم نہیں، کیا تُو نے نہیں سنا کہ رب لازوال خدا اور دنیا کی انتہا تک کا خالق ہے؟ وہ کبھی نہیں تھکتا، کبھی نڈھال نہیں ہوتا۔ کوئی بھی اُس کی سمجھ کی گہرائیوں تک نہیں پہنچ سکتا۔ وہ تھکے ماندوں کو تازگی اور بےبسوں کو تقویت دیتا ہے۔ گو نوجوان تھک کر نڈھال ہو جائیں اور جوان آدمی ٹھوکر کھا کر گر جائیں، لیکن رب سے اُمید رکھنے والے نئی طاقت پائیں گے اور عقاب کے سے پَر پھیلا کر بلندیوں تک اُڑیں گے۔ نہ وہ دوڑتے ہوئے تھکیں گے، نہ چلتے ہوئے نڈھال ہو جائیں گے۔
یسعیاہ 27:40-31 کِتابِ مُقادّس (URD)
پس اَے یعقُوبؔ! تُو کیوں یُوں کہتا ہے اور اَے اِسرائیل! تُو کِس لِئے اَیسی بات کرتا ہے کہ میری راہ خُداوند سے پوشِیدہ ہے اور میری عدالت میرے خُدا سے گُذر گئی؟ کیا تُو نہیں جانتا؟ کیا تُو نے نہیں سُنا کہ خُداوند خُدایِ ابدی و تمام زمِین کا خالِق تھکتا نہیں اور ماندہ نہیں ہوتا؟ اُس کی حِکمت اِدراک سے باہر ہے۔ وہ تھکے ہُوئے کو زور بخشتا ہے اور ناتوان کی توانائی کو زِیادہ کرتا ہے۔ نَوجوان بھی تھک جائیں گے اور ماندہ ہوں گے اور سُورما بِالکُل گِر پڑیں گے۔ لیکن خُداوند کا اِنتظار کرنے والے ازسرِ نَو زور حاصِل کریں گے۔ وہ عُقابوں کی مانِند بال و پر سے اُڑیں گے وہ دَوڑیں گے اور نہ تھکیں گے۔ وہ چلیں گے اور ماندہ نہ ہوں گے۔