YouVersion Logo
تلاش

یسعیاہ 18:40-31

یسعیاہ 18:40-31 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

اللہ کا موازنہ کس سے ہو سکتا ہے؟ اُس کا مقابلہ کس تصویر یا مجسمے سے ہو سکتا ہے؟ بُت تو یوں بنتا ہے کہ پہلے دست کار اُسے ڈھال دیتا ہے، پھر سنار اُس پر سونا چڑھا کر اُسے چاندی کی زنجیروں سے سجا دیتا ہے۔ جو غربت کے باعث یہ نہیں کروا سکتا وہ کم از کم کوئی ایسی لکڑی چن لیتا ہے جو گل سڑ نہیں جاتی۔ پھر وہ کسی ماہر دست کار سے بُت کو یوں بنواتا ہے کہ وہ اپنی جگہ سے نہ ہلے۔ کیا تم کو معلوم نہیں؟ کیا تم نے بات نہیں سنی؟ کیا تمہیں ابتدا سے سنایا نہیں گیا؟ کیا تمہیں دنیا کے قیام سے لے کر آج تک سمجھ نہیں آئی؟ رب رُوئے زمین کے اوپر بلندیوں پر تخت نشین ہے جہاں سے انسان ٹڈیوں جیسے لگتے ہیں۔ وہ آسمان کو پردے کی طرح تان کر اور ہر طرف کھینچ کر رہنے کے قابل خیمہ بنا دیتا ہے۔ وہ سرداروں کو ناچیز اور دنیا کے قاضیوں کو ہیچ بنا دیتا ہے۔ وہ نئے پودوں کی مانند ہیں جن کی پنیری ابھی ابھی لگی ہے، بیج ابھی ابھی بوئے گئے ہیں، پودوں نے ابھی ابھی جڑ پکڑی ہے کہ رب اُن پر پھونک مارتا ہے اور وہ مُرجھا جاتے ہیں۔ تب آندھی اُنہیں بھوسے کی طرح اُڑا لے جاتی ہے۔ قدوس خدا فرماتا ہے، ”تم میرا موازنہ کس سے کرنا چاہتے ہو؟ کون میرے برابر ہے؟“ اپنی نظر اُٹھا کر آسمان کی طرف دیکھو۔ کس نے یہ سب کچھ خلق کیا؟ وہ جو آسمانی لشکر کی پوری تعداد باہر لا کر ہر ایک کو نام لے کر بُلاتا ہے۔ اُس کی قدرت اور زبردست طاقت اِتنی عظیم ہے کہ ایک بھی دُور نہیں رہتا۔ اے یعقوب کی قوم، تُو کیوں کہتی ہے کہ میری راہ رب کی نظر سے چھپی رہتی ہے؟ اے اسرائیل، تُو کیوں شکایت کرتا ہے کہ میرا معاملہ میرے خدا کے علم میں نہیں آتا؟ کیا تجھے معلوم نہیں، کیا تُو نے نہیں سنا کہ رب لازوال خدا اور دنیا کی انتہا تک کا خالق ہے؟ وہ کبھی نہیں تھکتا، کبھی نڈھال نہیں ہوتا۔ کوئی بھی اُس کی سمجھ کی گہرائیوں تک نہیں پہنچ سکتا۔ وہ تھکے ماندوں کو تازگی اور بےبسوں کو تقویت دیتا ہے۔ گو نوجوان تھک کر نڈھال ہو جائیں اور جوان آدمی ٹھوکر کھا کر گر جائیں، لیکن رب سے اُمید رکھنے والے نئی طاقت پائیں گے اور عقاب کے سے پَر پھیلا کر بلندیوں تک اُڑیں گے۔ نہ وہ دوڑتے ہوئے تھکیں گے، نہ چلتے ہوئے نڈھال ہو جائیں گے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں یسعیاہ 40

یسعیاہ 18:40-31 کِتابِ مُقادّس (URD)

پس تُم خُدا کو کِس سے تشبِیہ دو گے؟ اور کَون سی چِیز اُس سے مُشابہ ٹھہراؤ گے؟ تراشی ہُوئی مُورت! کارِیگر نے اُسے ڈھالا اور سُنار اُس پر سونا مڑھتا ہے اور اُس کے لِئے چاندی کی زنجِیریں بناتا ہے۔ اور جو اَیسا تہی دست ہے کہ اُس کے پاس نذر گُذراننے کو کُچھ نہیں وہ اَیسی لکڑی چُن لیتا ہے جو سڑنے والی نہ ہو۔ وہ ہوشیار کارِیگر کی تلاش کرتا ہے تاکہ اَیسی مُورت بنائے جو قائِم رہ سکے۔ کیا تُم نہیں جانتے؟ کیا تُم نے نہیں سُنا؟ کیا یہ بات اِبتدا ہی سے تُم کو بتائی نہیں گئی؟ کیا تُم بِنایِ عالم سے نہیں سمجھے؟ وہ مُحِیطِ زمِین پر بَیٹھا ہے اور اُس کے باشِندے ٹِڈّوں کی مانِند ہیں۔ وہ آسمان کو پردہ کی مانِند تانتا ہے اور اُس کو سکُونت کے لِئے خَیمہ کی مانِند پَھیلاتا ہے۔ جو شاہزادوں کو ناچِیز کر ڈالتا اور دُنیا کے حاکِموں کو ہیچ ٹھہراتا ہے۔ وہ ہنُوز لگائے نہ گئے وہ ہنُوز بوئے نہ گئے۔ اُن کا تنہ ہنُوز زمِین میں جڑ نہ پکڑ چُکا کہ وہ فقط اُن پر پُھونک مارتا ہے اور وہ خُشک ہو جاتے ہیں اور گِردباد اُن کو بُھوسے کی مانِند اُڑا لے جاتا ہے۔ وہ قُدُّوس فرماتا ہے تُم مُجھے کِس سے تشبِیہ دو گے؟ اور مَیں کِس چِیز سے مُشابہ ہُوں گا۔ اپنی آنکھیں اُوپر اُٹھاؤ اور دیکھو کہ اِن سب کا خالِق کَون ہے۔ وُہی جو اِن کے لشکر کو شُمار کر کے نِکالتا ہے اور اُن سب کو نام بنام بُلاتا ہے اُس کی قُدرت کی عظمت اور اُس کے بازُو کی توانائی کے سبب سے ایک بھی غَیر حاضِر نہیں رہتا۔ پس اَے یعقُوبؔ! تُو کیوں یُوں کہتا ہے اور اَے اِسرائیل! تُو کِس لِئے اَیسی بات کرتا ہے کہ میری راہ خُداوند سے پوشِیدہ ہے اور میری عدالت میرے خُدا سے گُذر گئی؟ کیا تُو نہیں جانتا؟ کیا تُو نے نہیں سُنا کہ خُداوند خُدایِ ابدی و تمام زمِین کا خالِق تھکتا نہیں اور ماندہ نہیں ہوتا؟ اُس کی حِکمت اِدراک سے باہر ہے۔ وہ تھکے ہُوئے کو زور بخشتا ہے اور ناتوان کی توانائی کو زِیادہ کرتا ہے۔ نَوجوان بھی تھک جائیں گے اور ماندہ ہوں گے اور سُورما بِالکُل گِر پڑیں گے۔ لیکن خُداوند کا اِنتظار کرنے والے ازسرِ نَو زور حاصِل کریں گے۔ وہ عُقابوں کی مانِند بال و پر سے اُڑیں گے وہ دَوڑیں گے اور نہ تھکیں گے۔ وہ چلیں گے اور ماندہ نہ ہوں گے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں یسعیاہ 40