یسعیاہ 1:40-5
یسعیاہ 1:40-5 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
تمہارا رب فرماتا ہے، ”تسلی دو، میری قوم کو تسلی دو! نرمی سے یروشلم سے بات کرو، بلند آواز سے اُسے بتاؤ کہ تیری غلامی کے دن پورے ہو گئے ہیں، تیرا قصور معاف ہو گیا ہے۔ کیونکہ تجھے رب کے ہاتھ سے تمام گناہوں کی دُگنی سزا مل گئی ہے۔“ ایک آواز پکار رہی ہے، ”ریگستان میں رب کی راہ تیار کرو! بیابان میں ہمارے خدا کا راستہ سیدھا بناؤ۔ لازم ہے کہ ہر وادی بھر دی جائے، ضروری ہے کہ ہر پہاڑ اور بلند جگہ میدان بن جائے۔ جو ٹیڑھا ہے اُسے سیدھا کیا جائے، جو ناہموار ہے اُسے ہموار کیا جائے۔ تب اللہ کا جلال ظاہر ہو جائے گا، اور تمام انسان مل کر اُسے دیکھیں گے۔ یہ رب کے اپنے منہ کا فرمان ہے۔“
یسعیاہ 1:40-5 کِتابِ مُقادّس (URD)
تسلّی دو تُم میرے لوگوں کو تسلّی دو۔ تُمہارا خُدا فرماتا ہے۔ یروشلیِم کو دِلاسا دو اور اُسے پُکار کر کہو کہ اُس کی مُصِیبت کے دِن جو جنگ و جدل کے تھے گُذر گئے۔ اُس کے گُناہ کا کفّارہ ہُؤا اور اُس نے خُداوند کے ہاتھ سے اپنے سب گُناہوں کا بدلہ دو چند پایا۔ پُکارنے والے کی آواز! بیابان میں خُداوند کی راہ درُست کرو۔ صحرا میں ہمارے خُدا کے لِئے شاہراہ ہموار کرو۔ ہر ایک نشیب اُونچا کِیا جائے اور ہر ایک پہاڑ اور ٹِیلا پست کِیا جائے اور ہر ایک ٹیڑھی چِیز سِیدھی اور ہر ایک ناہموار جگہ ہموار کی جائے۔ اور خُداوند کا جلال آشکارا ہو گا اور تمام بشر اُس کو دیکھے گا کیونکہ خُداوند نے اپنے مُنہ سے فرمایا ہے۔