یسعیاہ 3:35-7
یسعیاہ 3:35-7 کِتابِ مُقادّس (URD)
کمزور ہاتھوں کو زور اور ناتوان گُھٹنوں کو توانائی دو۔ اُن کو جو کچ دِلے ہیں کہو ہِمّت باندھو مت ڈرو۔ دیکھو تُمہارا خُدا سزا اور جزا لِئے آتا ہے۔ ہاں خُدا ہی آئے گا اور تُم کو بچائے گا۔ اُس وقت اندھوں کی آنکھیں وا کی جائیں گی اور بہروں کے کان کھولے جائیں گے۔ تب لنگڑے ہرن کی مانِند چَوکڑیاں بھریں گے اور گُونگے کی زُبان گائے گی کیونکہ بیابان میں پانی اور دشت میں ندیاں پُھوٹ نِکلیں گی۔ بلکہ سراب تالاب ہو جائے گا اور پِیاسی زمِین چشمہ بن جائے گی۔ گِیدڑوں کی ماندوں میں جہاں وہ پڑے تھے نَے اور نل کا ٹِھکانا ہو گا۔
یسعیاہ 3:35-7 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
کمزور ہاتھوں کو تقویّت دو، ناتواں گھٹنوں کو مضبُوط کرو؛ خوفزدہ دِلوں سے کہہ دو، ”ہمّت سے کام لو، ڈرو نہیں تمہارا خُدا آئے گا، وہ بدلہ لینے کے لیٔے؛ جزا اَور سزا لے کر، تُمہیں نَجات دینے آئے گا۔“ تَب اَندھوں کی آنکھیں کھولی جایٔیں گی اَور بہروں کے کان کھولے جایٔیں گے۔ تَب لنگڑے ہِرن کی مانند چوکڑیاں بھریں گے، اَور گُونگے کی زبان خُوشی سے گائے گی۔ بیابان میں پانی کے چشمے پھوٹ نکلیں گے اَور صحرا میں ندیاں بہنے لگیں گی۔ جلتی ہُوئی ریت تالاب بَن جائے گی، اَور پیاسی زمین میں چشمے اُبل پڑیں گے۔ جِن ماندوں میں کبھی گیدڑ پڑے رہتے تھے، وہاں گھاس، سَرکنڈے اَور نرسل اُگیں گے۔
یسعیاہ 3:35-7 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
نڈھال ہاتھوں کو تقویت دو، ڈانواں ڈول گھٹنوں کو مضبوط کرو! دھڑکتے ہوئے دلوں سے کہو، ”حوصلہ رکھو، مت ڈرو۔ دیکھو، تمہارا خدا انتقام لینے کے لئے آ رہا ہے۔ وہ ہر ایک کو جزا و سزا دے کر تمہیں بچانے کے لئے آ رہا ہے۔“ تب اندھوں کی آنکھوں کو اور بہروں کے کانوں کو کھولا جائے گا۔ لنگڑے ہرن کی سی چھلانگیں لگائیں گے، اور گونگے خوشی کے نعرے لگائیں گے۔ ریگستان میں چشمے پھوٹ نکلیں گے، اور بیابان میں سے ندیاں گزریں گی۔ جُھلستی ہوئی ریت کی جگہ جوہڑ بنے گا، اور پیاسی زمین کی جگہ پانی کے سوتے پھوٹ نکلیں گے۔ جہاں پہلے گیدڑ آرام کرتے تھے وہاں ہری گھاس، سرکنڈے اور آبی نرسل کی نشو و نما ہو گی۔