یسعیاہ 1:2-4
یسعیاہ 1:2-4 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
یسعیاہ بن آموص نے یہوداہ اور یروشلم کے بارے میں ذیل کی رویا دیکھی، آخری ایام میں رب کے گھر کا پہاڑ مضبوطی سے قائم ہو گا۔ سب سے بڑا یہ پہاڑ دیگر تمام بلندیوں سے کہیں زیادہ سرفراز ہو گا۔ تب تمام قومیں جوق در جوق اُس کے پاس پہنچیں گی، اور بےشمار اُمّتیں آ کر کہیں گی، ”آؤ، ہم رب کے پہاڑ پر چڑھ کر یعقوب کے خدا کے گھر کے پاس جائیں تاکہ وہ ہمیں اپنی مرضی کی تعلیم دے اور ہم اُس کی راہوں پر چلیں۔“ کیونکہ صیون پہاڑ سے رب کی ہدایت نکلے گی، اور یروشلم سے اُس کا کلام صادر ہو گا۔ رب بین الاقوامی جھگڑوں کو نپٹائے گا اور بےشمار قوموں کا انصاف کرے گا۔ تب وہ اپنی تلواروں کو کوٹ کر پھالے بنائیں گی اور اپنے نیزوں کو کانٹ چھانٹ کے اوزار میں تبدیل کریں گی۔ اب سے نہ ایک قوم دوسری پر حملہ کرے گی، نہ لوگ جنگ کرنے کی تربیت حاصل کریں گے۔
یسعیاہ 1:2-4 کِتابِ مُقادّس (URD)
وہ بات جو یسعیاہ بِن آمُوص نے یہُوداؔہ اور یروشلیِم کے حق میں رویا میں دیکھی۔ آخِری دِنوں میں یُوں ہو گا کہ خُداوند کے گھر کا پہاڑ پہاڑوں کی چوٹی پر قائِم کِیا جائے گا اور ٹِیلوں سے بُلند ہو گا اور سب قَومیں وہاں پُہنچیں گی۔ بلکہ بُہت سی اُمّتیں آئیں گی اور کہیں گی آؤ خُداوند کے پہاڑ پر چڑھیں یعنی یعقُوبؔ کے خُدا کے گھر میں داخِل ہوں اور وہ اپنی راہیں ہم کو بتائے گا اور ہم اُس کے راستوں پر چلیں گے کیونکہ شرِیعت صِیّون سے اور خُداوند کا کلام یروشلیِم سے صادِر ہو گا۔ اور وہ قَوموں کے درمِیان عدالت کرے گا اور بُہت سی اُمّتوں کو ڈانٹے گا اور وہ اپنی تلواروں کو توڑ کر پھالیں اور اپنے بھالوں کو ہنسوے بنا ڈالیں گے اور قَوم قَوم پر تلوار نہ چلائے گی اور وہ پِھر کبھی جنگ کرنا نہ سِیکھیں گے۔