YouVersion Logo
تلاش

یسعیاہ 1:11-9

یسعیاہ 1:11-9 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

یسّی کے مُڈھ میں سے کونپل پھوٹ نکلے گی، اور اُس کی بچی ہوئی جڑوں سے شاخ نکل کر پھل لائے گی۔ رب کا روح اُس پر ٹھہرے گا یعنی حکمت اور سمجھ کا روح، مشورت اور قوت کا روح، عرفان اور رب کے خوف کا روح۔ رب کا خوف اُسے عزیز ہو گا۔ نہ وہ دکھاوے کی بنا پر فیصلہ کرے گا، نہ سنی سنائی باتوں کی بنا پر فتویٰ دے گا بلکہ انصاف سے بےبسوں کی عدالت کرے گا اور غیرجانب داری سے ملک کے مصیبت زدوں کا فیصلہ کرے گا۔ اپنے کلام کی لاٹھی سے وہ زمین کو مارے گا اور اپنے منہ کی پھونک سے بےدین کو ہلاک کرے گا۔ وہ راست بازی کے پٹکے اور وفاداری کے زیرجامے سے ملبّس رہے گا۔ بھیڑیا اُس وقت بھیڑ کے بچے کے پاس ٹھہرے گا، اور چیتا بھیڑ کے بچے کے پاس آرام کرے گا۔ بچھڑا، جوان شیرببر اور موٹا تازہ بَیل مل کر رہیں گے، اور چھوٹا لڑکا اُنہیں ہانک کر سنبھالے گا۔ گائے ریچھ کے ساتھ چَرے گی، اور اُن کے بچے ایک دوسرے کے ساتھ آرام کریں گے۔ شیرببر بَیل کی طرح بھوسا کھائے گا۔ شیرخوار بچہ ناگ کی بانبی کے قریب کھیلے گا، اور جوان بچہ اپنا ہاتھ زہریلے سانپ کے بِل میں ڈالے گا۔ میرے تمام مُقدّس پہاڑ پر نہ غلط اور نہ تباہ کن کام کیا جائے گا۔ کیونکہ ملک رب کے عرفان سے یوں معمور ہو گا جس طرح سمندر پانی سے بھرا رہتا ہے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں یسعیاہ 11

یسعیاہ 1:11-9 کِتابِ مُقادّس (URD)

اور یسّی کے تنے سے ایک کونپل نِکلے گی اور اُس کی جڑوں سے ایک بارآور شاخ پَیدا ہو گی۔ اور خُداوند کی رُوح اُس پر ٹھہرے گی۔ حِکمت اور خِرد کی رُوح مصلحت اور قُدرت کی رُوح معرفت اور خُداوند کے خَوف کی رُوح۔ اور اُس کی شادمانی خُداوند کے خَوف میں ہو گی اور وہ نہ اپنی آنکھوں کے دیکھنے کے مُطابِق اِنصاف کرے گا اور نہ اپنے کانوں کے سُننے کے مُوافِق فَیصلہ کرے گا۔ بلکہ وہ راستی سے مِسکِینوں کا اِنصاف کرے گا اور عدل سے زمِین کے خاکساروں کا فَیصلہ کرے گا اور وہ اپنی زُبان کے عصا سے زمِین کو مارے گا اور اپنے لبوں کے دَم سے شرِیروں کو فنا کر ڈالے گا۔ اُس کی کمر کا پٹکا راست بازی ہو گی اور اُس کے پہلُو پر وفاداری کا پٹکا ہو گا۔ پس بھیڑِیا برّہ کے ساتھ رہے گا اور چِیتا بکری کے بچّے کے ساتھ بَیٹھے گا اور بچھڑا اور شیر بچّہ اور پلا ہُؤا بَیل مِل جُل کر رہیں گے اور ننّھا بچّہ اُن کی پیش روی کرے گا۔ گائے اور رِیچھنی مِل کر چریں گی۔ اُن کے بچّے اِکٹّھے بَیٹھیں گے اور شیرِ بَبر بَیل کی طرح بُھوسا کھائے گا۔ اور دُودھ پِیتا بچّہ سانپ کے بِل کے پاس کھیلے گا اور وہ لڑکا جِس کا دُودھ چُھڑایا گیا ہو افعی کے بِل میں ہاتھ ڈالے گا۔ وہ میرے تمام کوہِ مُقدّس پر نہ ضرر پُہنچائیں گے نہ ہلاک کریں گے کیونکہ جِس طرح سمُندر پانی سے بھرا ہے اُسی طرح زمِین خُداوند کے عِرفان سے معمُور ہو گی۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں یسعیاہ 11