ہوسیع 4:13-8
ہوسیع 4:13-8 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
”لیکن مَیں، رب تجھے مصر سے نکالتے وقت سے لے کر آج تک تیرا خدا ہوں۔ تجھے میرے سوا کسی اَور کو خدا نہیں جاننا ہے۔ میرے سوا اَور کوئی نجات دہندہ نہیں ہے۔ ریگستان میں مَیں نے تیری دیکھ بھال کی، وہاں جہاں تپتی گرمی تھی۔ وہاں اُنہیں اچھی خوراک ملی۔ لیکن جب وہ جی بھر کر کھا سکے اور سیر ہوئے تو مغرور ہو کر مجھے بھول گئے۔ یہ دیکھ کر مَیں اُن کے لئے شیرببر بن گیا ہوں۔ اب مَیں چیتے کی طرح راستے کے کنارے اُن کی تاک میں بیٹھوں گا۔ اُس ریچھنی کی طرح جس کے بچوں کو چھین لیا گیا ہو مَیں اُن پر جھپٹا مار کر اُن کی انتڑیوں کو پھاڑ نکالوں گا۔ مَیں اُنہیں شیرببر کی طرح ہڑپ کر لوں گا، اور جنگلی جانور اُنہیں ٹکڑے ٹکڑے کر دیں گے۔
ہوسیع 4:13-8 کِتابِ مُقادّس (URD)
لیکن مَیں مُلکِ مِصرؔ ہی سے خُداوند تیرا خُدا ہُوں اور میرے سِوا تُو کِسی معبُود کو نہیں جانتا تھا کیونکہ میرے سِوا کوئی اَور نجات دینے والا نہیں ہے۔ مَیں نے بیابان میں یعنی خُشک زمِین میں تیری خبر گِیری کی۔ وہ اپنی چراگاہوں میں سیر ہُوئے اور سیر ہو کر اُن کے دِل میں گُھمنڈ سمایا اور مُجھے بُھول گئے۔ اِس لِئے مَیں اُن کے لِئے شیرِ بَبر کی مانِند ہُؤا۔ چِیتے کی مانِند راہ میں اُن کی گھات میں بَیٹُھوں گا۔ مَیں اُس رِیچھنی کی مانِند جِس کے بچّے چِھن گئے ہوں اُن سے دوچار ہُوں گا اور اُن کے دِل کا پردہ چاک کر کے شیرِ بَبر کی طرح اُن کو وہِیں نِگل جاؤُں گا۔ دشتی درِندے اُن کو پھاڑ ڈالیں گے۔