ہوسیع 1:11-11
ہوسیع 1:11-11 کِتابِ مُقادّس (URD)
جب اِسرائیل ابھی بچّہ ہی تھا مَیں نے اُس سے مُحبّت رکھّی اور اپنے بیٹے کو مِصرؔ سے بُلایا۔ اُنہوں نے جِس قدر اُن کو بُلایا اُسی قدر وہ دُور ہوتے گئے اُنہوں نے بعلِیم کے لِئے قُربانِیاں گُذرانِیں اور تراشی ہُوئی مُورتوں کے لِئے بخُور جلایا۔ مَیں نے بنی اِفرائِیم کو چلنا سِکھایا۔ مَیں نے اُن کو گود میں اُٹھایا لیکن اُنہوں نے نہ جانا کہ مَیں ہی نے اُن کو صِحت بخشی۔ مَیں نے اُن کو اِنسانی رِشتوں اور مُحبّت کی ڈوریوں سے کھینچا۔ مَیں اُن کے حق میں اُن کی گردن پر سے جُؤا اُتارنے والوں کی مانِند ہُؤا اور مَیں نے اُن کے آگے کھانا رکھّا۔ وہ پِھر مُلکِ مِصرؔ میں نہ جائیں گے بلکہ اسُور اُن کا بادشاہ ہو گا کیونکہ وہ واپس آنے سے اِنکار کرتے ہیں۔ تلوار اُن کے شہروں پر آ پڑے گی اور اُن کے اڑبنگوں کو کھا جائے گی اور یہ اُن ہی کی مشورَت کا نتِیجہ ہو گا۔ کیونکہ میرے لوگ مُجھ سے برگشتگی پر آمادہ ہیں۔ باوُجُودیکہ اُنہوں نے اُن کو بُلایا کہ حق تعالیٰ کی طرف رجُوع لائیں لیکن کِسی نے نہ چاہا کہ اُس کی تمجِید کرے۔ اَے اِفرائِیم مَیں تُجھ سے کیونکر دست بردار ہو جاؤُں؟ اَے اِسرائیل مَیں تُجھے کیونکر ترک کرُوں؟ مَیں کیونکر تُجھے ادمہ کی مانِند کرُوں اور ضِبوئِیم کی مانِند بناؤُں؟ میرا دِل مُجھ میں پیچ کھاتا ہے۔ میری شفقت مَوجزن ہے۔ مَیں اپنے قہر کی شِدّت کے مُطابِق عمل نہیں کرُوں گا۔ مَیں ہرگِز اِفرائِیم کو ہلاک نہ کرُوں گا کیونکہ مَیں اِنسان نہیں۔ خُدا ہُوں۔ تیرے درمِیان سکُونت کرنے والا قدُّوس اور مَیں قہر کے ساتھ نہیں آؤُں گا۔ وہ خُداوند کی پَیروی کریں گے جو شیرِ بَبر کی طرح گرجے گا کیونکہ وہ گرجے گا اور اُس کے فرزند مغرِب کی طرف سے کانپتے ہُوئے آئیں گے۔ وہ مِصرؔ سے پرِندہ کی طرح اور اسُور کے مُلک سے کبُوتر کی مانِند کانپتے ہُوئے آئیں گے اور مَیں اُن کو اُن کے گھروں میں بساؤُں گا خُداوند فرماتا ہے۔
ہوسیع 1:11-11 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
رب فرماتا ہے، ”اسرائیل ابھی لڑکا تھا جب مَیں نے اُسے پیار کیا، جب مَیں نے اپنے بیٹے کو مصر سے بُلایا۔ لیکن بعد میں جتنا ہی مَیں اُنہیں بُلاتا رہا اُتنا ہی وہ مجھ سے دُور ہوتے گئے۔ وہ بعل دیوتاؤں کے لئے جانور چڑھانے، بُتوں کے لئے بخور جلانے لگے۔ مَیں نے خود اسرائیل کو چلنے کی تربیت دی، بار بار اُنہیں گود میں اُٹھا کر لئے پھرا۔ لیکن وہ نہ سمجھے کہ مَیں ہی اُنہیں شفا دینے والا ہوں۔ مَیں اُنہیں کھینچتا رہا، لیکن ایسے رسّوں سے نہیں جو انسان برداشت نہ کر سکے بلکہ شفقت بھرے رسّوں سے۔ مَیں نے اُن کے گلے پر کا جوا ہلکا کر دیا اور نرمی سے اُنہیں خوراک کھلائی۔ کیا اُنہیں ملکِ مصر واپس نہیں جانا پڑے گا؟ بلکہ اسور ہی اُن کا بادشاہ بنے گا، اِس لئے کہ وہ میرے پاس واپس آنے کے لئے تیار نہیں۔ تلوار اُن کے شہروں میں گھوم گھوم کر غیب دانوں کو ہلاک کرے گی اور لوگوں کو اُن کے غلط مشوروں کے سبب سے کھاتی جائے گی۔ لیکن میری قوم مجھے ترک کرنے پر تُلی ہوئی ہے۔ جب اُسے اوپر اللہ کی طرف دیکھنے کو کہا جائے تو اُس میں سے کوئی بھی اُس طرف رجوع نہیں کرتا۔ اے اسرائیل، مَیں تجھے کس طرح چھوڑ سکتا ہوں؟ مَیں تجھے کس طرح دشمن کے حوالے کر سکتا، کس طرح ادمہ کی طرح دوسروں کے قبضے میں چھوڑ سکتا، کس طرح ضبوئیم کی طرح تباہ کر سکتا ہوں؟ میرا ارادہ سراسر بدل گیا ہے، مَیں تجھ پر شفقت کرنے کے لئے بےچین ہوں۔ نہ مَیں اپنا سخت غضب نازل کروں گا، نہ دوبارہ اسرائیل کو برباد کروں گا۔ کیونکہ مَیں انسان نہیں بلکہ خدا ہوں، وہ قدوس جو تیرے درمیان سکونت کرتا ہے۔ مَیں غضب میں نہیں آؤں گا۔ اُس وقت وہ رب کے پیچھے ہی چلیں گے۔ تب وہ شیرببر کی طرح دہاڑے گا۔ اور جب دہاڑے گا تو اُس کے فرزند مغرب سے لرزتے ہوئے واپس آئیں گے۔ وہ پرندوں کی طرح پھڑپھڑاتے ہوئے مصر سے آئیں گے، تھرتھراتے کبوتروں کی طرح اسور سے لوٹیں گے۔ پھر مَیں اُنہیں اُن کے گھروں میں بسا دوں گا۔ یہ میرا، رب کا فرمان ہے۔