پَیدایش 1:9-7
پَیدایش 1:9-7 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
پھر خُدا نے نوحؔا اَور اُن کے بیٹوں کو یہ کہہ کر برکت دی، ”پھُولو پھلو اَور تعداد میں بڑھو اَور زمین کو معموُر کرو۔ زمین کے تمام حَیوانات اَور ہَوا کے سَب پرندوں پر تمہارا رُعب اَور ڈر چھایا رہے گا، اَور ہر رینگنے والا جاندار اَور سمُندر کی سَب مچھلیاں تمہارے ہاتھ میں دی گئی ہیں۔ ہر شَے جو زندہ ہے اَور چلتی پھرتی ہے، تمہاری خُوراک کے لیٔے ہے۔ مَیں نے سبز پَودوں کی طرح تُمہیں سَب کا سَب دے دیا ہے۔ ”لیکن تُم وہ گوشت جِس میں جان کا خُون باقی ہو ہرگز نہ کھانا۔ اَور مَیں تمہارے خُون کا بدلہ ضروُر لُوں گا۔ مَیں ہر جانور سے بدلہ لُوں گا۔ ہر ایک اِنسان کے خُون کا بدلہ اِنسان سے لُوں گا۔ ”جو کویٔی اِنسان کا خُون کرےگا، اُس کا خُون اِنسان ہی کے ہاتھوں سے ہوگا؛ کیونکہ خُدا نے اِنسان کو اَپنی صورت پر بنایا۔ اَور تُم پھُولو، پھلو اَور تعداد میں بڑھو؛ زمین پر اَپنی نَسل بڑھاؤ۔“
پَیدایش 1:9-7 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
پھر اللہ نے نوح اور اُس کے بیٹوں کو برکت دے کر کہا، ”پھلو پھولو اور تعداد میں بڑھتے جاؤ۔ دنیا تم سے بھر جائے۔ زمین پر پھرنے اور رینگنے والے جانور، پرندے اور مچھلیاں سب تم سے ڈریں گے۔ اُنہیں تمہارے اختیار میں کر دیا گیا ہے۔ جس طرح مَیں نے تمہارے کھانے کے لئے پودوں کی پیداوار مقرر کی ہے اُسی طرح اب سے تمہیں ہر قسم کے جانور کھانے کی اجازت بھی ہے۔ لیکن خبردار! ایسا گوشت نہ کھاناجس میں خون ہے، کیونکہ خون میں اُس کی جان ہے۔ کسی کی جان لینا منع ہے۔ جو ایسا کرے گا اُسے اپنی جان دینی پڑے گی، خواہ وہ انسان ہو یا حیوان۔ مَیں خود اِس کا مطالبہ کروں گا۔ جو بھی کسی کا خون بہائے اُس کا خون بھی بہایا جائے گا۔ کیونکہ اللہ نے انسان کو اپنی صورت پر بنایا ہے۔ اب پھلو پھولو اور تعداد میں بڑھتے جاؤ۔ دنیا میں پھیل جاؤ۔“
پَیدایش 1:9-7 کِتابِ مُقادّس (URD)
اور خُدا نے نُوح ؔاور اُس کے بیٹوں کو برکت دی اور اُن کو کہا کہ باروَر ہو اور بڑھو اور زمِین کو معمُور کرو۔ اور زمِین کے کُل جان داروں اور ہوا کے کُل پرِندوں پر تُمہاری دہشت اور تُمہارا رُعب ہو گا۔ یہ اور تمام کِیڑے جِن سے زمِین بھری پڑی ہے اور سمُندر کی کُل مچھلِیاں تُمہارے ہاتھ میں کی گئیِں۔ ہر چلتا پِھرتا جاندار تُمہارے کھانے کو ہو گا۔ ہری سبزی کی طرح مَیں نے سب کا سب تُم کو دے دِیا۔ مگر تُم گوشت کے ساتھ خُون کو جو اُس کی جان ہے نہ کھانا۔ مَیں تُمہارے خُون کا بدلہ ضرُور لُوں گا۔ ہر جانور سے اُس کا بدلہ لُوں گا۔ آدمی کی جان کا بدلہ آدمی سے اور اُس کے بھائی بند سے لُوں گا۔ جو آدمی کا خُون کرے اُس کا خُون آدمی سے ہو گا کیونکہ خُدا نے اِنسان کو اپنی صُورت پر بنایا ہے۔ اور تُم باروَر ہو اور بڑھو اور زمِین پر خُوب اپنی نسل بڑھاؤ اور بُہت زِیادہ ہو جاؤ۔