پَیدایش 1:46-7
پَیدایش 1:46-7 کِتابِ مُقادّس (URD)
اور اِسرائیلؔ اپنا سب کُچھ لے کر چلا اور بیرسبعؔ میں آ کر اپنے باپ اِضحاقؔ کے خُدا کے لِئے قُربانِیاں گُذرانِیں۔ اور خُدا نے رات کو رویا میں اِسرائیلؔ سے باتیں کِیں اور کہا اَے یعقُوبؔ اَے یعقُوبؔ! اُس نے جواب دِیا مَیں حاضِر ہُوں۔ اُس نے کہا مَیں خُدا تیرے باپ کا خُدا ہُوں۔ مِصرؔ میں جانے سے نہ ڈر کیونکہ مَیں وہاں تُجھ سے ایک بڑی قَوم پَیدا کرُوں گا۔ مَیں تیرے ساتھ مِصرؔ کو جاؤں گا اور پِھر تُجھے ضرُور لَوٹا بھی لاؤں گا اور یُوسفؔ اپنا ہاتھ تیری آنکھوں پر لگائے گا۔ تب یعقُوبؔ بیرسبعؔ سے روانہ ہُؤا اور اِسرائیلؔ کے بیٹے اپنے باپ یعقُوبؔ کو اور اپنے بال بچّوں اور اپنی بِیویوں کو اُن گاڑِیوں پر لے گئے جو فرِعونؔ نے اُن کے لانے کو بھیجی تِھیں۔ اور وہ اپنے چَوپایوں اور سارے مال و اسباب کو جو اُنہوں نے مُلکِ کنعانؔ میں جمع کِیا تھا لے کر مِصرؔ میں آئے اور یعقُوبؔ کے ساتھ اُس کی ساری اَولاد تھی۔ وہ اپنے بیٹوں اور بیٹِیوں اور پوتوں اور پوتیوں غرض اپنی کُل نسل کو اپنے ساتھ مِصرؔ میں لے آیا۔
پَیدایش 1:46-7 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
یعقوب سب کچھ لے کر روانہ ہوا اور بیرسبع پہنچا۔ وہاں اُس نے اپنے باپ اسحاق کے خدا کے حضور قربانیاں چڑھائیں۔ رات کو اللہ رویا میں اُس سے ہم کلام ہوا۔ اُس نے کہا، ”یعقوب، یعقوب!“ یعقوب نے جواب دیا، ”جی، مَیں حاضر ہوں۔“ اللہ نے کہا، ”مَیں اللہ ہوں، تیرے باپ اسحاق کا خدا۔ مصر جانے سے مت ڈر، کیونکہ وہاں مَیں تجھ سے ایک بڑی قوم بناؤں گا۔ مَیں تیرے ساتھ مصر جاؤں گا اور تجھے اِس ملک میں واپس بھی لے آؤں گا۔ جب تُو مرے گا تو یوسف خود تیری آنکھیں بند کرے گا۔“ اِس کے بعد یعقوب بیرسبع سے روانہ ہوا۔ اُس کے بیٹوں نے اُسے اور اپنے بال بچوں کو اُن گاڑیوں میں بٹھا دیا جو مصر کے بادشاہ نے بھجوائی تھیں۔ یوں یعقوب اور اُس کی تمام اولاد اپنے مویشی اور کنعان میں حاصل کیا ہوا مال لے کر مصر چلے گئے۔ یعقوب کے بیٹے بیٹیاں، پوتے پوتیاں اور باقی اولاد سب ساتھ گئے۔