پَیدایش 1:35-27
پَیدایش 1:35-27 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
تَب خُدا نے یعقوب سے فرمایا، ”بیت ایل لَوٹ جاؤ، اَور وہیں بس جاؤ۔ اَور وہاں خُدا کے لیٔے ایک مذبح بناؤ جو تُمہیں اُس وقت دِکھائی دیا تھا جَب تُم اَپنے بھایٔی عیسَوؔ کے خوف سے بھاگے جا رہے تھے۔“ تَب یعقوب نے اَپنے گھر والوں اَور اُن سَب سے جو اُن کے ساتھ تھے فرمایا، ”تمہارے پاس جو غَیر معبُود ہیں اُنہیں دُور کر دو اَور اَپنے آپ کو پاک کرکے اَپنا لباس تبدیل کرو۔ تَب آؤ، ہم بیت ایل چلیں جہاں میں خُدا کے لیٔے ایک مذبح بناؤں گا، جنہوں نے میری تکلیف کے دِنوں میں میری دعا سُنی اَور جہاں کہیں میں گیا میرے ساتھ رہے۔“ چنانچہ اُنہُوں نے سَب غَیر معبُود جو اُن کے پاس تھے۔ اَور اُن کے کانوں کی بالیاں یعقوب کو دے دیں اَور یعقوب نے اُنہیں شِکیمؔ میں بلُوط کے درخت کے نیچے دفن کر دیا۔ تَب اُنہُوں نے کوُچ کیا، اَور اُن کے اِردگرد کے شہروں پر خُدا کا اِس قدر خوف طاری تھا کہ کسی نے یعقوب کے بیٹوں کا تعاقب نہ کیا۔ یعقوب اَور اُن کے ساتھ کے سَب لوگ مُلکِ کنعانؔ کے لُوزؔ نام کے ایک مقام پر پہُنچے جِس کا نام بیت ایل بھی ہے۔ یعقوب نے وہاں ایک مذبح بنایا اَور اُس مقام کا نام ایل بیت ایل رکھا، کیونکہ جَب وہ اَپنے بھایٔی کے پاس سے دُور بھاگ رہے تھے، تَب خُدا نے اَپنے آپ کو وہاں پر ظاہر کیا۔ اَور رِبقہؔ کی دایہ دبورہؔ مَر گئی اَور بیت ایل کے باہر بلُوط کے درخت کے نیچے دفن کی گئی۔ لہٰذا اُس کا نام اَلّون بکُوتؔ رکھا گیا۔ یعقوب کے فدّان ارام سے لَوٹنے کے بعد خُدا نے اَپنے آپ کو اُن پر دوبارہ ظاہر کیا، خُدا نے اُن کو برکت بخشی۔ اَور خُدا نے اُن سے فرمایا، ”تمہارا نام یعقوب ہے، لیکن آئندہ تمہارا نام یعقوب نہ کہلائے گا، تمہارا نام اِسرائیل ہوگا۔“ اِس طرح خُدا نے اُن کا نام اِسرائیل رکھا۔ اَور خُدا نے آپ سے فرمایا، ”میں ایل شیدائی یعنی قادرمُطلق خُدا ہُوں۔ تُم برومند ہو اَور بڑھتے چلے جاؤ۔ تُم سے ایک قوم بَلکہ قوموں کا ایک گِروہ پیدا ہوگا اَور تمہاری نَسل سے بادشاہ پیدا ہوں گے۔ جو مُلک مَیں نے اَبراہامؔ اَور اِصحاقؔ کو دیا وہ میں تُمہیں بھی دے رہا ہُوں اَور مَیں یہ مُلک تمہارے بعد تمہاری نَسل کو بھی دُوں گا۔“ تَب خُدا جِس جگہ یعقوب سے ہم کلام ہویٔے، وہیں سے اُن کے پاس سے اُوپر چلےگئے۔ جِس جگہ خُدا اُن سے ہم کلام ہویٔے تھے، وہاں یعقوب نے پتّھر کا ایک سُتون کھڑا کیا اَور اُس پر تپاون نذر کیا اَور زَیتُون کا تیل بھی ڈالا۔ اَور یعقوب نے اُس مقام کا نام جہاں خُدا اُن سے ہم کلام ہُوا بیت ایل رکھا۔ تَب اُنہُوں نے بیت ایل سے کُوچ کیا۔ ابھی وہ اِفرات سے کچھ فاصلہ پر تھے، راخلؔ کو دردِزہ شروع ہو گیا اَور زچگی میں نہایت دِقّت ہُوئی۔ اَور چونکہ اُسے زچگی میں کافی تکلیف ہو رہی تھی اِس لیٔے دائی نے اُس سے کہا، ”خوف نہ کرو کیونکہ تمہارے یہاں بیٹا ہوگا۔“ وہ دَم توڑ رہی تھی لیکن مرنے سے پہلے اُس نے اُس بیٹے کا نام بِن اَونیؔ رکھا، لیکن اُس کے باپ نے اُس کا نام بِنیامین رکھا۔ یُوں راخلؔ نے وفات پائی اَور اِفرات یعنی بیت لحمؔ کی راہ میں دفن ہویٔی۔ یعقوب نے اُس کی قبر پر ایک سُتون کھڑا کیا۔ راخلؔ کی قبر کا یہ سُتون آج تک مَوجُود ہے۔ اِسرائیل نے پھر کُوچ کیا اَور مگدال عیدرؔ کے پرے خیمہ زن ہویٔے۔ جَب اِسرائیل اُس علاقہ میں رہتے تھے تَب رُوبِنؔ نے جا کر اَپنے باپ کی داشتہ بِلہاہؔ کے ساتھ رات گزاری اَور اِسرائیل کو اُس کا پتہ چل گیا۔ یعقوب کے بَارہ بیٹے تھے: اُن میں سے لِیاہؔ کے بیٹے یہ تھے: رُوبِنؔ یعقوب کا پہلوٹھا۔ شمعُونؔ، لیوی، یہُوداہؔ، یِسَّکاؔر اَور زبُولُون۔ اَور راخلؔ کے بیٹے یہ تھے: یُوسیفؔ اَور بِنیامین۔ راخلؔ کی خادِمہ بِلہاہؔ کے بیٹے یہ تھے: دانؔ اَور نفتالی۔ اَور لِیاہؔ کی خادِمہ زِلفہؔ کے بیٹے یہ تھے: گادؔ اَور آشیر۔ یہ سَب یعقوب کے بیٹے تھے جو اُس سے فدّان ارام میں پیدا ہویٔے۔ یعقوب ممرےؔ میں جو قِریت اربعؔ یعنی حِبرونؔ کے نزدیک ہے اَور جہاں اَبراہامؔ اَور اِصحاقؔ بسے تھے اَپنے باپ اِصحاقؔ کے پاس آئے۔
پَیدایش 1:35-27 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
اللہ نے یعقوب سے کہا، ”اُٹھ، بیت ایل جا کر وہاں آباد ہو۔ وہیں اللہ کے لئے جو تجھ پر ظاہر ہوا جب تُو اپنے بھائی عیسَو سے بھاگ رہا تھا قربان گاہ بنا۔“ چنانچہ یعقوب نے اپنے گھر والوں اور باقی سارے ساتھیوں سے کہا، ”جو بھی اجنبی بُت آپ کے پاس ہیں اُنہیں پھینک دیں۔ اپنے آپ کو پاک صاف کر کے اپنے کپڑے بدلیں، کیونکہ ہمیں یہ جگہ چھوڑ کر بیت ایل جانا ہے۔ وہاں مَیں اُس خدا کے لئے قربان گاہ بناؤں گا جس نے مصیبت کے وقت میری دعا سنی۔ جہاں بھی مَیں گیا وہاں وہ میرے ساتھ رہا ہے۔“ یہ سن کر اُنہوں نے یعقوب کو تمام بُت دے دیئے جو اُن کے پاس تھے اور تمام بالیاں جو اُنہوں نے تعویذ کے طور پر کانوں میں پہن رکھی تھیں۔ اُس نے سب کچھ سِکم کے قریب بلوط کے درخت کے نیچے زمین میں دبا دیا۔ پھر وہ روانہ ہوئے۔ ارد گرد کے شہروں پر اللہ کی طرف سے اِتنا شدید خوف چھا گیا کہ اُنہوں نے یعقوب اور اُس کے بیٹوں کا تعاقب نہ کیا۔ چلتے چلتے یعقوب اپنے لوگوں سمیت لُوز پہنچ گیا جو ملکِ کنعان میں تھا۔ آج لُوز کا نام بیت ایل ہے۔ یعقوب نے وہاں قربان گاہ بنا کر مقام کا نام بیت ایل یعنی ’اللہ کا گھر‘ رکھا۔ کیونکہ وہاں اللہ نے اپنے آپ کو اُس پر ظاہر کیا تھا جب وہ اپنے بھائی سے فرار ہو رہا تھا۔ وہاں رِبقہ کی دایہ دبورہ مر گئی۔ وہ بیت ایل کے جنوب میں بلوط کے درخت کے نیچے دفن ہوئی، اِس لئے اُس کا نام الّون بکوت یعنی ’رونے کا بلوط کا درخت‘ رکھا گیا۔ اللہ یعقوب پر ایک دفعہ اَور ظاہر ہوا اور اُسے برکت دی۔ یہ مسوپتامیہ سے واپس آنے پر دوسری بار ہوا۔ اللہ نے اُس سے کہا، ”اب سے تیرا نام یعقوب نہیں بلکہ اسرائیل ہو گا۔“ یوں اُس نے اُس کا نیا نام اسرائیل رکھا۔ اللہ نے یہ بھی اُس سے کہا، ”مَیں اللہ قادرِ مطلق ہوں۔ پھل پھول اور تعداد میں بڑھتا جا۔ ایک قوم نہیں بلکہ بہت سی قومیں تجھ سے نکلیں گی۔ تیری اولاد میں بادشاہ بھی شامل ہوں گے۔ مَیں تجھے وہی ملک دوں گا جو ابراہیم اور اسحاق کو دیا ہے۔ اور تیرے بعد اُسے تیری اولاد کو دوں گا۔“ پھر اللہ وہاں سے آسمان پر چلا گیا۔ جہاں اللہ یعقوب سے ہم کلام ہوا تھا وہاں اُس نے پتھر کا ستون کھڑا کیا اور اُس پر مَے اور تیل اُنڈیل کر اُسے مخصوص کیا۔ اُس نے جگہ کا نام بیت ایل رکھا۔ پھر یعقوب اپنے گھر والوں کے ساتھ بیت ایل کو چھوڑ کر اِفراتہ کی طرف چل پڑا۔ راخل اُمید سے تھی، اور راستے میں بچے کی پیدائش کا وقت آ گیا۔ بچہ بڑی مشکل سے پیدا ہوا۔ جب دردِ زہ عروج کو پہنچ گیا تو دائی نے اُس سے کہا، ”مت ڈرو، کیونکہ ایک اَور بیٹا ہے۔“ لیکن وہ دم توڑنے والی تھی، اور مرتے مرتے اُس نے اُس کا نام بن اونی یعنی ’میری مصیبت کا بیٹا‘ رکھا۔ لیکن اُس کے باپ نے اُس کا نام بن یمین یعنی ’دہنے ہاتھ یا خوش قسمتی کا بیٹا‘ رکھا۔ راخل فوت ہوئی، اور وہ اِفراتہ کے راستے میں دفن ہوئی۔ آج کل اِفراتہ کو بیت لحم کہا جاتا ہے۔ یعقوب نے اُس کی قبر پر پتھر کا ستون کھڑا کیا۔ وہ آج تک راخل کی قبر کی نشان دہی کرتا ہے۔ وہاں سے یعقوب نے اپنا سفر جاری رکھا اور مِجدل عِدر کی پرلی طرف اپنے خیمے لگائے۔ جب وہ وہاں ٹھہرے تھے تو روبن یعقوب کی حرم بِلہاہ سے ہم بستر ہوا۔ یعقوب کو معلوم ہو گیا۔ یعقوب کے بارہ بیٹے تھے۔ لیاہ کے بیٹے یہ تھے: اُس کا سب سے بڑا بیٹا روبن، پھر شمعون، لاوی، یہوداہ، اِشکار اور زبولون۔ راخل کے دو بیٹے تھے، یوسف اور بن یمین۔ راخل کی لونڈی بِلہاہ کے دو بیٹے تھے، دان اور نفتالی۔ لیاہ کی لونڈی زِلفہ کے دو بیٹے تھے، جد اور آشر۔ یعقوب کے یہ بیٹے مسوپتامیہ میں پیدا ہوئے۔ پھر یعقوب اپنے باپ اسحاق کے پاس پہنچ گیا جو حبرون کے قریب ممرے میں اجنبی کی حیثیت سے رہتا تھا (اُس وقت حبرون کا نام قِریَت اربع تھا)۔ وہاں اسحاق اور اُس سے پہلے ابراہیم رہا کرتے تھے۔
پَیدایش 1:35-27 کِتابِ مُقادّس (URD)
اور خُدا نے یعقُوبؔ سے کہا کہ اُٹھ بیت ایلؔ کو جا اور وہِیں رہ اور وہاں خُدا کے لِئے جو تُجھے اُس وقت دِکھائی دِیا جب تُو اپنے بھائی عیسوؔ کے پاس سے بھاگا جا رہا تھا ایک مذبح بنا۔ تب یعقُوبؔ نے اپنے گھرانے اور اپنے سب ساتِھیوں سے کہا کہ بیگانہ دیوتاؤں کو جو تُمہارے درمِیان ہیں دُور کرو اور طہارت کر کے اپنے کپڑے بدل ڈالو۔ اور آؤ ہم روانہ ہوں اور بَیت ایلؔ کو جائیں۔ وہاں مَیں خُدا کے لِئے جِس نے میری تنگی کے دِن میری دُعا قبُول کی اور جِس راہ میں مَیں چلا میرے ساتھ رہا مذبح بناؤں گا۔ تب اُنہوں نے سب بیگانہ دیوتاؤں کو جو اُن کے پاس تھے اور مُندروں کو جو اُن کے کانوں میں تھے یعقُوبؔ کو دے دِیا اور یعقُوبؔ نے اُن کو اُس بلُوطؔ کے درخت کے نِیچے جو سِکمؔ کے نزدِیک تھا دبا دِیا۔ اور اُنہوں نے کُوچ کِیا اور اُن کے آس پاس کے شہروں پر اَیسا بڑا خَوف چھایا ہُؤا تھا کہ اُنہوں نے یعقُوبؔ کے بیٹوں کا پِیچھا نہ کِیا۔ اور یعقُوبؔ اُن سب لوگوں سمیت جو اُس کے ساتھ تھے لُوز پُہنچا۔ بَیت ایلؔ یِہی ہے اور مُلکِ کنعانؔ میں ہے۔ اور اُس نے وہاں مذبح بنایا اور اُس مقام کا نام ایل بَیت ایلؔ رکھّا کیونکہ جب وہ اپنے بھائی کے پاس سے بھاگا جا رہا تھا تو خُدا وہِیں اُس پر ظاہِر ہُؤا تھا۔ اور رِبقہؔ کی دایہ دبورہؔ مَر گئی اور وہ بَیت ایلؔ کی اُترائی میں بلُوطؔ کے درخت کے نِیچے دفن ہُوئی اور اُس بلُوطؔ کا نام الّوؔن بکُوت رکھّا گیا۔ اور یعقُوبؔ کے فدّانؔ ارامؔ سے آنے کے بعد خُدا اُسے پِھر دِکھائی دِیا اور اُسے برکت بخشی۔ اور خُدا نے اُسے کہا کہ تیرا نام یعقُوبؔ ہے۔ تیرا نام آگے کو یعقُوبؔ نہ کہلائے گا بلکہ تیرا نام اِسرائیلؔ ہو گا۔ سو اُس نے اُس کا نام اِسرائیلؔ رکھّا۔ پِھر خُدا نے اُسے کہا کہ مَیں خُدایِ قادرِ مُطلق ہُوں۔ تُو برومند ہو اور بُہت ہو جا۔ تُجھ سے ایک قوم بلکہ قوموں کے جتھے پَیدا ہوں گے اور بادشاہ تیرے صُلب سے نِکلیں گے۔ اور یہ مُلک جو مَیں نے ابرہامؔ اور اِضحاقؔ کو دِیا ہے سو تُجھ کو دُوں گا اور تیرے بعد تیری نسل کو بھی یِہی مُلک دُوں گا۔ اور خُدا جِس جگہ اُس سے ہم کلام ہُؤا وہِیں سے اُس کے پاس سے اُوپر چلا گیا۔ تب یعقُوبؔ نے اُس جگہ جہاں وہ اُس سے ہم کلام ہُؤا پتّھر کا ایک سُتُون کھڑا کِیا اور اُس پر تپاون کِیا اور تیل ڈالا۔ اور یعقُوبؔ نے اُس مقام کا نام جہاں خُدا اُس سے ہم کلام ہُؤا بَیت ایلؔ رکھّا۔ اور وہ بَیت ایلؔ سے چلے اور اِفراتؔ تھوڑی ہی دُور رہ گیا تھا کہ راخِلؔ کے دردِ زہ لگا اور وضعِ حمل میں نِہایت دِقّت ہُوئی۔ اور جب وہ سخت درد میں مُبتلا تھی تو دائی نے اُس سے کہا ڈر مت۔ اب کے بھی تیرے بیٹا ہی ہو گا۔ اور یُوں ہُؤا کہ اُس نے مَرتے مَرتے اُس کا نام بِنؤنیؔ رکھّا اور مَر گئی پر اُس کے باپ نے اُس کا نام بِنیمِینؔ رکھّا۔ اور راخِلؔ مَر گئی اور اِفراتؔ یعنی بَیت لحمؔ کے راستہ میں دفن ہُوئی۔ اور یعقُوبؔ نے اُس کی قبر پر ایک سُتُون کھڑا کر دِیا۔ راخِلؔ کی قبر کا یہ سُتُون آج تک مَوجُود ہے۔ اور اِسرائیلؔ آگے بڑھا اور عدرؔ کے بُرج کی پرلی طرف اپنا ڈیرا لگایا۔ اور اِسرائیلؔ کے اُس مُلک میں رہتے ہُوئے یُوں ہُؤا کہ رُوبِن نے جا کر اپنے باپ کی حرم بِلہاؔہ سے مُباشرت کی اور اِسرائیلؔ کو یہ معلُوم ہو گیا۔ اُس وقت یعقُوبؔ کے بارہ بیٹے تھے۔ لیاہؔ کے بیٹے یہ تھے۔ رُوبِنؔ یعقُوبؔ کا پہلوٹھا اور شمعُوؔن اور لاوؔی اور یہُوداؔہ اور اشکارؔ اور زبُولُونؔ۔ اور راخِلؔ کے بیٹے یُوسفؔ اور بِنیمِینؔ تھے۔ اور راخِلؔ کی لَونڈی بِلہاؔہ کے بیٹے دانؔ اور نفتالیؔ تھے۔ اور لیاہؔ کی لَونڈی زِلفہؔ کی بیٹے جدؔ اور آشرؔ تھے۔ یہ سب یعقُوبؔ کے بیٹے ہیں جو فدّانؔ ارامؔ میں پَیدا ہُوئے۔ اور یعقُوبؔ مَمرے میں جو قریت اربع یعنی حبرُونؔ ہے جہاں ابرہامؔ اور اِضحاقؔ نے ڈیرا کِیا تھا اپنے باپ اِضحاقؔ کے پاس آیا۔