پَیدایش 10:28-15
پَیدایش 10:28-15 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
یعقوب بیرشبعؔ سے نکل کر حارانؔ کی طرف چل دئیے۔ جَب وہ ایک مقام پر پہُنچے تو شب گزاری کے لیٔے وہاں ٹھہر گئے کیونکہ سُورج غروب ہو چُکاتھا۔ اُنہُوں نے وہاں کے پتّھروں میں سے ایک پتّھر لے کر اَپنے سَر کے نیچے رکھا اَور سونے کے لیٔے لیٹ گئے۔ اُنہُوں نے خواب میں دیکھا: ایک سیڑھی زمین پر کھڑی ہے اَور اُس کا دُوسرا سِرا آسمان تک پہُنچا ہُواہے اَور خُدا کے فرشتے اُس پر چڑھتے اَور اُترتے ہیں۔ اَور یَاہوِہ اُس کے اُوپر کھڑے تھے اَور کہہ رہے تھے: ”مَیں یَاہوِہ تمہارے باپ اَبراہامؔ کا خُدا اَور اِصحاقؔ کا خُدا ہُوں۔ میں یہ زمین جِس پر تُم لیٹے ہو تُمہیں اَور تمہاری نَسل کو دُوں گا۔ تمہاری نَسل خاک کے ذرّوں کے مانند ہوگی اَور تُم مشرق و مغرب اَور شمال و جُنوب کی جانِب پھیل جاؤگے۔ زمین کے سَب قبیلے تمہارے اَور تمہاری نَسل کے وسیلہ سے برکت پائیں گے۔ مَیں تمہارے ساتھ ہُوں اَور تُم جہاں کہیں جاؤگے وہاں تمہاری حِفاظت کروں گا اَور مَیں تُمہیں اِس مُلک میں واپس لاؤں گا اَورجو وعدہ مَیں نے تُم سے کیا ہے اُسے پُورا کرنے تک میں تُمہیں اکیلا نہ چھوڑوں گا۔“
پَیدایش 10:28-15 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
یعقوب بیرسبع سے حاران کی طرف روانہ ہوا۔ جب سورج غروب ہوا تو وہ رات گزارنے کے لئے رُک گیا اور وہاں کے پتھروں میں سے ایک کو لے کر اُسے اپنے سرہانے رکھا اور سو گیا۔ جب وہ سو رہا تھا تو خواب میں ایک سیڑھی دیکھی جو زمین سے آسمان تک پہنچتی تھی۔ فرشتے اُس پر چڑھتے اور اُترتے نظر آتے تھے۔ رب اُس کے اوپر کھڑا تھا۔ اُس نے کہا، ”مَیں رب ابراہیم اور اسحاق کا خدا ہوں۔ مَیں تجھے اور تیری اولاد کو یہ زمین دوں گا جس پر تُو لیٹا ہے۔ تیری اولاد زمین پر خاک کی طرح بےشمار ہو گی، اور تُو چاروں طرف پھیل جائے گا۔ دنیا کی تمام قومیں تیرے اور تیری اولاد کے وسیلے سے برکت پائیں گی۔ مَیں تیرے ساتھ ہوں گا، تجھے محفوظ رکھوں گا اور آخرکار تجھے اِس ملک میں واپس لاؤں گا۔ ممکن ہی نہیں کہ مَیں تیرے ساتھ اپنا وعدہ پورا کرنے سے پہلے تجھے چھوڑ دوں۔“
پَیدایش 10:28-15 کِتابِ مُقادّس (URD)
اور یعقُوبؔ بیرسبعؔ سے نِکل کر حارانؔ کی طرف چلا۔ اور ایک جگہ پُہنچ کر ساری رات وہِیں رہا کیونکہ سُورج ڈُوب گیا تھا اور اُس نے اُس جگہ کے پتھّروں میں سے ایک اُٹھا کر اپنے سرہانے دھر لِیا اور اُسی جگہ سونے کو لیٹ گیا۔ اور خواب میں کیا دیکھتا ہے کہ ایک سِیڑھی زمِین پر کھڑی ہے اور اُس کا سِرا آسمان تک پُہنچا ہُؤا ہے اور خُدا کے فرِشتے اُس پر سے چڑھتے اُترتے ہیں۔ اور خُداوند اُس کے اُوپر کھڑا کہہ رہا ہے کہ مَیں خُداوند تیرے باپ ابرہامؔ کا خُدا اور اِضحاقؔ کا خُدا ہُوں۔ مَیں یہ زمِین جِس پر تُو لیٹا ہے تُجھے اور تیری نسل کو دُوں گا۔ اور تیری نسل زمِین کی گرد کے ذرّوں کی مانِند ہو گی اور تُو مشرِق اور مغرِب اور شمال اور جنُوب میں پَھیل جائے گا اور زمِین کے سب قبیلے تیرے اور تیری نسل کے وسِیلہ سے برکت پائیں گے۔ اور دیکھ مَیں تیرے ساتھ ہُوں اور ہر جگہ جہاں کہِیں تُو جائے تیری حفاظت کرُوں گا اور تُجھ کو اِس مُلک میں پِھر لاؤں گا اور جو مَیں نے تُجھ سے کہا ہے جب تک اُسے پُورا نہ کر لُوں تُجھے نہیں چھوڑُوں گا۔