پَیدایش 1:28-22
پَیدایش 1:28-22 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
تَب اِصحاقؔ نے یعقوب کو بُلایا اَور اُنہیں برکت بخشی اَور حُکم دیا، ”تُم کسی کنعانی لڑکی سے بیاہ نہ کرنا۔ فوراً فدّان ارام کو اَپنے نانا بیتُھوایلؔ کے گھر چلے جاؤ اَور وہاں اَپنے ماموں لابنؔ کی بیٹیوں میں سے کسی سے شادی کر لو۔ قادرمُطلق خُدا تُمہیں برکت بخشے، تُمہیں برومند کرے اَور تُمہیں اِس قدر بڑھائے کہ تُم سے ایک قوم وُجُود میں آ جائے۔ خُدا تُمہیں اَور تمہاری نَسل کو اَبراہامؔ کی سِی برکت بخشے تاکہ تُم اِس مُلک کو جہاں تُم اِس وقت بطور پردیسی رہتے ہو اَور جسے خُدا نے اَبراہامؔ کو بخشا تھا اَپنے قبضہ میں لے آئے۔“ تَب اِصحاقؔ نے یعقوب کو رخصت کیا اَور وہ فدّان ارام میں لابنؔ کے پاس چلےگئے جو بیتُھوایلؔ ارامی کا بیٹا اَور عیسَوؔ اَور یعقوب کی ماں رِبقہؔ کا بھایٔی تھا۔ جَب عیسَوؔ کو پتا چلا کہ اِصحاقؔ نے یعقوب کو برکت دے کر فدّان ارام بھیجا تاکہ وہاں سے بیوی بیاہ لائیں اَور یہ بھی کہ اِصحاقؔ نے اُنہیں برکت دیتے وقت تاکید کی تھی، ”کہ وہ کسی کنعانی لڑکی سے شادی نہ کریں۔“ اَور یعقوب اَپنے ماں باپ کے حُکم کے مُطابق فدّان ارام چلےگئے۔ تو عیسَوؔ کو احساس ہُوا کہ اُن کے باپ اِصحاقؔ کو کنعانی لڑکیاں کِس قدر بُری لگتی ہیں۔ لہٰذا عیسَوؔ اِشمعیل کے پاس گیا اَور اَپنی پہلی بیویوں کے باوُجُود ماحلتھ کو بیاہ لایا جو نبایوتؔ کی بہن اَور اَبراہامؔ کے بیٹے اِشمعیل کی بیٹی تھی۔ یعقوب بیرشبعؔ سے نکل کر حارانؔ کی طرف چل دئیے۔ جَب وہ ایک مقام پر پہُنچے تو شب گزاری کے لیٔے وہاں ٹھہر گئے کیونکہ سُورج غروب ہو چُکاتھا۔ اُنہُوں نے وہاں کے پتّھروں میں سے ایک پتّھر لے کر اَپنے سَر کے نیچے رکھا اَور سونے کے لیٔے لیٹ گئے۔ اُنہُوں نے خواب میں دیکھا: ایک سیڑھی زمین پر کھڑی ہے اَور اُس کا دُوسرا سِرا آسمان تک پہُنچا ہُواہے اَور خُدا کے فرشتے اُس پر چڑھتے اَور اُترتے ہیں۔ اَور یَاہوِہ اُس کے اُوپر کھڑے تھے اَور کہہ رہے تھے: ”مَیں یَاہوِہ تمہارے باپ اَبراہامؔ کا خُدا اَور اِصحاقؔ کا خُدا ہُوں۔ میں یہ زمین جِس پر تُم لیٹے ہو تُمہیں اَور تمہاری نَسل کو دُوں گا۔ تمہاری نَسل خاک کے ذرّوں کے مانند ہوگی اَور تُم مشرق و مغرب اَور شمال و جُنوب کی جانِب پھیل جاؤگے۔ زمین کے سَب قبیلے تمہارے اَور تمہاری نَسل کے وسیلہ سے برکت پائیں گے۔ مَیں تمہارے ساتھ ہُوں اَور تُم جہاں کہیں جاؤگے وہاں تمہاری حِفاظت کروں گا اَور مَیں تُمہیں اِس مُلک میں واپس لاؤں گا اَورجو وعدہ مَیں نے تُم سے کیا ہے اُسے پُورا کرنے تک میں تُمہیں اکیلا نہ چھوڑوں گا۔“ جَب یعقوب نیند سے بیدار ہُوئے تو کہا، ”ہو نہ ہو یَاہوِہ اِس جگہ مَوجُود ہیں اَور مُجھے اِس کا علم نہ تھا۔“ یعقوب خوفزدہ ہوکر کہنے لگے، ”یہ جگہ کیسی پُرجلال ہے! یہ جگہ خُدا کے گھر کے سِوا اَور کیا ہو سکتی ہے؛ یہ تو ضروُر آسمان کا پھاٹک ہی ہوگا۔“ دُوسرے دِن علی الصبح یعقوب نے اُس پتّھر کو لے کر جسے اُنہُوں نے اَپنے سَر کے نیچے رکھا تھا سُتون کی طرح کھڑا کیا اَور اُس کے اُوپر زَیتُون کا تیل ڈالا، اَور یعقوب نے اُس مقام کا نام بیت ایل رکھا حالانکہ پہلے اُس شہر کا نام لُوزؔ تھا۔ تَب یعقوب نے یہ مَنّت مانی، ”اگر خُدا اِس سفر میں میرے ساتھ رہے میری حِفاظت کرے اَور مُجھے کھانے کے لیٔے روٹی اَور پہننے کے لیٔے کپڑے عطا کرے تاکہ میں اَپنے باپ کے گھر سلامت جا پہُنچوں تو یَاہوِہ میرا خُدا ہوگا۔ اَور یہ پتّھر جسے مَیں نے سُتون کے طور پر کھڑا کیا ہے خُدا کا مَسکن ہوگا اَور اَے خُدا جو کچھ آپ مُجھے عطا کریں گے میں اُس کا دسواں حِصّہ آپ کو دُوں گا۔“
پَیدایش 1:28-22 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
اسحاق نے یعقوب کو بُلا کر اُسے برکت دی اور کہا، ”لازم ہے کہ تُو کسی کنعانی عورت سے شادی نہ کرے۔ اب سیدھے مسوپتامیہ میں اپنے نانا بتوایل کے گھر جا اور وہاں اپنے ماموں لابن کی لڑکیوں میں سے کسی ایک سے شادی کر۔ اللہ قادرِ مطلق تجھے برکت دے کر پھلنے پھولنے دے اور تجھے اِتنی اولاد دے کہ تُو بہت ساری قوموں کا باپ بنے۔ وہ تجھے اور تیری اولاد کو ابراہیم کی برکت دے جسے اُس نے یہ ملک دیا جس میں تُو مہمان کے طور پر رہتا ہے۔ یہ ملک تمہارے قبضے میں آئے۔“ یوں اسحاق نے یعقوب کو مسوپتامیہ میں لابن کے گھر بھیجا۔ لابن اَرامی مرد بتوایل کا بیٹا اور رِبقہ کا بھائی تھا۔ عیسَو کو پتا چلا کہ اسحاق نے یعقوب کو برکت دے کر مسوپتامیہ بھیج دیا ہے تاکہ وہاں شادی کرے۔ اُسے یہ بھی معلوم ہوا کہ اسحاق نے اُسے کنعانی عورت سے شادی کرنے سے منع کیا ہے اور کہ یعقوب اپنے ماں باپ کی سن کر مسوپتامیہ چلا گیا ہے۔ عیسَو سمجھ گیا کہ کنعانی عورتیں میرے باپ کو منظور نہیں ہیں۔ اِس لئے وہ ابراہیم کے بیٹے اسمٰعیل کے پاس گیا اور اُس کی بیٹی محلت سے شادی کی۔ وہ نبایوت کی بہن تھی۔ یوں اُس کی بیویوں میں اضافہ ہوا۔ یعقوب بیرسبع سے حاران کی طرف روانہ ہوا۔ جب سورج غروب ہوا تو وہ رات گزارنے کے لئے رُک گیا اور وہاں کے پتھروں میں سے ایک کو لے کر اُسے اپنے سرہانے رکھا اور سو گیا۔ جب وہ سو رہا تھا تو خواب میں ایک سیڑھی دیکھی جو زمین سے آسمان تک پہنچتی تھی۔ فرشتے اُس پر چڑھتے اور اُترتے نظر آتے تھے۔ رب اُس کے اوپر کھڑا تھا۔ اُس نے کہا، ”مَیں رب ابراہیم اور اسحاق کا خدا ہوں۔ مَیں تجھے اور تیری اولاد کو یہ زمین دوں گا جس پر تُو لیٹا ہے۔ تیری اولاد زمین پر خاک کی طرح بےشمار ہو گی، اور تُو چاروں طرف پھیل جائے گا۔ دنیا کی تمام قومیں تیرے اور تیری اولاد کے وسیلے سے برکت پائیں گی۔ مَیں تیرے ساتھ ہوں گا، تجھے محفوظ رکھوں گا اور آخرکار تجھے اِس ملک میں واپس لاؤں گا۔ ممکن ہی نہیں کہ مَیں تیرے ساتھ اپنا وعدہ پورا کرنے سے پہلے تجھے چھوڑ دوں۔“ تب یعقوب جاگ اُٹھا۔ اُس نے کہا، ”یقیناً رب یہاں حاضر ہے، اور مجھے معلوم نہیں تھا۔“ وہ ڈر گیا اور کہا، ”یہ کتنا خوف ناک مقام ہے۔ یہ تو اللہ ہی کا گھر اور آسمان کا دروازہ ہے۔“ یعقوب صبح سویرے اُٹھا۔ اُس نے وہ پتھر لیا جو اُس نے اپنے سرہانے رکھا تھا اور اُسے ستون کی طرح کھڑا کیا۔ پھر اُس نے اُس پر زیتون کا تیل اُنڈیل دیا۔ اُس نے مقام کا نام بیت ایل یعنی ’اللہ کا گھر‘ رکھا (پہلے ساتھ والے شہر کا نام لُوز تھا)۔ اُس نے قَسم کھا کر کہا، ”اگر رب میرے ساتھ ہو، سفر پر میری حفاظت کرے، مجھے کھانا اور کپڑا مہیا کرے اور مَیں سلامتی سے اپنے باپ کے گھر واپس پہنچوں تو پھر وہ میرا خدا ہو گا۔ جہاں یہ پتھر ستون کے طور پر کھڑا ہے وہاں اللہ کا گھر ہو گا، اور جو بھی تُو مجھے دے گا اُس کا دسواں حصہ تجھے دیا کروں گا۔“
پَیدایش 1:28-22 کِتابِ مُقادّس (URD)
تب اِضحاقؔ نے یعقُوبؔ کو بُلایا اور اُسے دُعا دی اور اُسے تاکِید کی کہ تُو کنعانی لڑکیوں میں سے کِسی سے بیاہ نہ کرنا۔ تُو اُٹھ کر فدّانؔ ارامؔ کو اپنے نانا بیتوایلؔ کے گھر جا اور وہاں سے اپنے ماموں لابنؔ کی بیٹِیوں میں سے ایک کو بیاہ لا۔ اور قادِرِ مُطلق خُدا تُجھے برکت بخشے اور تُجھے برومند کرے اور بڑھائے کہ تُجھ سے قوموں کے جتھے پَیدا ہوں۔ اور وہ ابرہامؔ کی برکت تُجھے اور تیرے ساتھ تیری نسل کو دے کہ تیری مُسافرت کی یہ سرزمِین جو خُدا نے ابرہامؔ کو دی تیری مِیراث ہو جائے! سو اِضحاقؔ نے یعقُوبؔ کو رُخصت کِیا اور وہ فدّانؔ ارامؔ میں لابن کے پاس جو ارامی بیتوایلؔ کا بیٹا اور یعقُوبؔ اور عیسوؔ کی ماں رِبقہؔ کا بھائی تھا گیا۔ پس جب عیسوؔ نے دیکھا کہ اِضحاقؔ نے یعقُوبؔ کو دُعا دے کر اُسے فدّانؔ ارامؔ کو بھیجا ہے تاکہ وہ وہاں سے بِیوی بیاہ کر لائے اور اُسے دُعا دیتے وقت یہ تاکِید بھی کی ہے کہ تُو کنعانی لڑکیوں میں سے کِسی سے بیاہ نہ کرنا۔ اور یعقُوبؔ اپنے ماں باپ کی بات مان کر فدّانؔ ارامؔ کو چلا گیا۔ اور عیسوؔ نے یہ بھی دیکھا کہ کنعانی لڑکیاں اُس کے باپ اِضحاقؔ کو بُری لگتی ہیں۔ تو عیسوؔ اِسمٰعیلؔ کے پاس گیا اور مہلت کو جو اِسمٰعیلؔ بِن ابرہامؔ کی بیٹی اور نبایوتؔ کی بہن تھی بیاہ کر اُسے اپنی اور بِیویوں میں شامِل کِیا۔ اور یعقُوبؔ بیرسبعؔ سے نِکل کر حارانؔ کی طرف چلا۔ اور ایک جگہ پُہنچ کر ساری رات وہِیں رہا کیونکہ سُورج ڈُوب گیا تھا اور اُس نے اُس جگہ کے پتھّروں میں سے ایک اُٹھا کر اپنے سرہانے دھر لِیا اور اُسی جگہ سونے کو لیٹ گیا۔ اور خواب میں کیا دیکھتا ہے کہ ایک سِیڑھی زمِین پر کھڑی ہے اور اُس کا سِرا آسمان تک پُہنچا ہُؤا ہے اور خُدا کے فرِشتے اُس پر سے چڑھتے اُترتے ہیں۔ اور خُداوند اُس کے اُوپر کھڑا کہہ رہا ہے کہ مَیں خُداوند تیرے باپ ابرہامؔ کا خُدا اور اِضحاقؔ کا خُدا ہُوں۔ مَیں یہ زمِین جِس پر تُو لیٹا ہے تُجھے اور تیری نسل کو دُوں گا۔ اور تیری نسل زمِین کی گرد کے ذرّوں کی مانِند ہو گی اور تُو مشرِق اور مغرِب اور شمال اور جنُوب میں پَھیل جائے گا اور زمِین کے سب قبیلے تیرے اور تیری نسل کے وسِیلہ سے برکت پائیں گے۔ اور دیکھ مَیں تیرے ساتھ ہُوں اور ہر جگہ جہاں کہِیں تُو جائے تیری حفاظت کرُوں گا اور تُجھ کو اِس مُلک میں پِھر لاؤں گا اور جو مَیں نے تُجھ سے کہا ہے جب تک اُسے پُورا نہ کر لُوں تُجھے نہیں چھوڑُوں گا۔ تب یعقُوبؔ جاگ اُٹھا اور کہنے لگا کہ یقیناً خُداوند اِس جگہ ہے اور مُجھے معلُوم نہ تھا۔ اور اُس نے ڈر کر کہا یہ کَیسی بھیانک جگہ ہے! سو یہ خُدا کے گھر اور آسمان کے آستانہ کے سِوا اور کُچھ نہ ہو گا۔ اور یعقُوبؔ صُبح سویرے اُٹھا اور اُس پتھّر کو جِسے اُس نے اپنے سرہانے دھرا تھا لے کر سُتُون کی طرح کھڑا کِیا اور اُس کے سِرے پر تیل ڈالا۔ اور اُس جگہ کا نام بَیت ایلؔ رکھّا لیکن پہلے اُس بستی کا نام لُوزؔ تھا۔ اور یعقُوبؔ نے مَنّت مانی اور کہا کہ اگر خُدا میرے ساتھ رہے اور جو سفر مَیں کر رہا ہُوں اِس میں میری حِفاظت کرے اور مُجھے کھانے کو روٹی اور پہننے کو کپڑا دیتا رہے۔ اور مَیں اپنے باپ کے گھر سلامت لَوٹ آؤں تو خُداوند میرا خُدا ہو گا۔ اور یہ پتھّر جو مَیں نے سُتُون سا کھڑا کِیا ہے خُدا کا گھر ہو گا اور جو کُچھ تُو مُجھے دے اُس کا دسواں حِصّہ ضرُور ہی تُجھے دِیا کرُوں گا۔