پَیدایش 19:27-24
پَیدایش 19:27-24 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
یعقوب نے اَپنے باپ کو جَواب دیا، ”میں تمہارا پہلوٹھا بیٹا عیسَوؔ ہُوں۔ مَیں نے تمہارے کہنے کے مُطابق کیا ہے۔ لہٰذا اُٹھئے اَور میرے شِکار میں سے کچھ کھالیجئے تاکہ آپ مُجھے برکت دے سکیں۔“ اِصحاقؔ نے اَپنے بیٹے سے پُوچھا، ”میرے بیٹے، تُمہیں یہ شِکار اِس قدر جلدی کیسے مِل گیا؟“ یعقوب نے جَواب دیا، ”یَاہوِہ تمہارے خُدا نے مُجھے کامیابی بخشی۔“ تَب اِصحاقؔ نے یعقوب سے فرمایا، ”اَے میرے بیٹے، قریب آ تاکہ میں تُمہیں چھُو کر مَعلُوم کروں کہ واقعی تُو میرا بیٹا عیسَوؔ ہے یا نہیں۔“ یعقوب اَپنے باپ اِصحاقؔ کے نزدیک گئے اَور اُنہُوں نے اُنہیں چھُوا اَور کہا، ”آواز تو یعقوب کی سِی ہے لیکن ہاتھ عیسَوؔ کے سے ہیں۔“ اِصحاقؔ نے یعقوب کو نہیں پہچانا کیونکہ اُن کے ہاتھ اُس کے بھایٔی عیسَوؔ کی مانند بال والے تھے۔ لہٰذا اِصحاقؔ نے یعقوب کو برکت دی۔ اِصحاقؔ نے پُوچھا، ”کیا واقعی تُو میرا بیٹا عیسَوؔ ہی ہے؟“ یعقوب نے جَواب دیا، ”میں ہی ہُوں۔“
پَیدایش 19:27-24 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
اُس نے کہا، ”مَیں آپ کا پہلوٹھا عیسَو ہوں۔ مَیں نے وہ کیا ہے جو آپ نے مجھے کہا تھا۔ اب ذرا اُٹھیں اور بیٹھ کر میرے شکار کا کھانا کھائیں تاکہ آپ بعد میں مجھے برکت دیں۔“ اسحاق نے پوچھا، ”بیٹا، تجھے یہ شکار اِتنی جلدی کس طرح مل گیا؟“ اُس نے جواب دیا، ”رب آپ کے خدا نے اُسے میرے سامنے سے گزرنے دیا۔“ اسحاق نے کہا، ”بیٹا، میرے قریب آ تاکہ مَیں تجھے چھو لوں کہ تُو واقعی میرا بیٹا عیسَو ہے کہ نہیں۔“ یعقوب اپنے باپ کے نزدیک آیا۔ اسحاق نے اُسے چھو کر کہا، ”تیری آواز تو یعقوب کی ہے لیکن تیرے ہاتھ عیسَو کے ہیں۔“ یوں اُس نے فریب کھایا۔ چونکہ یعقوب کے ہاتھ عیسَو کے ہاتھ کی مانند تھے اِس لئے اُس نے اُسے برکت دی۔ توبھی اُس نے دوبارہ پوچھا، ”کیا تُو واقعی میرا بیٹا عیسَو ہے؟“ یعقوب نے جواب دیا، ”جی، مَیں وہی ہوں۔“
پَیدایش 19:27-24 کِتابِ مُقادّس (URD)
یعقُوبؔ نے اپنے باپ سے کہا مَیں تیرا پہلوٹھا بیٹا عیسوؔ ہُوں۔ مَیں نے تیرے کہنے کے مُطابِق کِیا ہے۔ سو ذرا اُٹھ اور بَیٹھ کر میرے شِکار کا گوشت کھا تاکہ تُو دِل سے مُجھے دُعا دے۔ تب اِضحاقؔ نے اپنے بیٹے سے کہا بیٹا! تُجھے یہ اِس قدر جلد کَیسے مِل گیا؟ اُس نے کہا اِس لِئے کہ خُداوند تیرے خُدا نے میرا کام بنا دِیا۔ تب اِضحاقؔ نے یعقُوبؔ سے کہا اَے میرے بیٹے ذرا نزدِیک آ کہ مَیں تُجھے ٹٹولُوں کہ تُو میرا وُہی بیٹا عیسوؔ ہے یا نہیں۔ اور یعقُوبؔ اپنے باپ اِضحاقؔ کے نزدِیک گیا اور اُس نے اُسے ٹٹول کر کہا کہ آواز تو یعقُوبؔ کی ہے پر ہاتھ عیسوؔ کے ہیں۔ اور اُس نے اُسے نہ پہچانا اِس لِئے کہ اُس کے ہاتھوں پر اُس کے بھائی عیسوؔ کے ہاتھوں کی طرح بال تھے۔ سو اُس نے اُسے دُعا دی۔ اور اُس نے پُوچھا کہ کیا تُو میرا بیٹا عیسوؔ ہی ہے؟ اُس نے کہا مَیں وُہی ہُوں۔