پَیدایش 3:22-8
پَیدایش 3:22-8 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
دُوسرے دِن صُبح سویرے اَبراہامؔ نے اُٹھ کر اَپنے گدھے پر زین کسی اَور اَپنے خادِموں میں سے دو کو اَور اَپنے بیٹے اِصحاقؔ کو اَپنے ساتھ لیا۔ جَب اُس نے سوختنی نذر کی قُربانی کے لیٔے حسبِ ضروُرت لکڑیاں کاٹ لیں تو وہ اُس مقام کی طرف چل دئیے جو خُدا نے اُنہیں بتایا تھا۔ تیسرے دِن اَبراہامؔ نے اُوپر نگاہ کی اَور وہاں سے دُور اُنہیں وہ مقام دِکھائی دیا۔ اَبراہامؔ نے اَپنے خادِموں سے فرمایا، ”تُم یہیں گدھے کے پاس ٹھہرو اَور مَیں اَور یہ لڑکا اُوپر جاتے ہیں۔ وہاں ہم عبادت کریں گے اَور پھر تمہارے پاس لَوٹ آئیں گے۔“ اَبراہامؔ نے سوختنی نذر کی قُربانی کی لکڑیاں لے کر اَپنے بیٹے اِصحاقؔ کو دیں کہ وہ اُنہیں اُٹھالے اَور آگ اَور چھُری خُود سنبھالی۔ جَیسے ہی وہ دونوں ایک ساتھ روانہ ہویٔے، اِصحاقؔ نے اَپنے باپ اَبراہامؔ سے پُوچھا، ”اَبّا؟“ اَبراہامؔ نے جَواب دیا، ”ہاں، میرے بیٹے؟“ اِصحاقؔ نے کہا، ”آگ اَور لکڑیاں یہاں ہیں لیکن سوختنی نذر کی قُربانی کے لیٔے برّہ کہاں ہے؟“ اَبراہامؔ نے جَواب دیا، ”اَے میرے بیٹے! خُدا آپ ہی سوختنی نذر کی قُربانی کے لیٔے برّہ مہیا کرےگا۔“ اَور وہ دونوں ساتھ ساتھ آگے بڑھ گیٔے۔
پَیدایش 3:22-8 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
صبح سویرے ابراہیم اُٹھا اور اپنے گدھے پر زِین کسا۔ اُس نے اپنے ساتھ دو نوکروں اور اپنے بیٹے اسحاق کو لیا۔ پھر وہ قربانی کو جلانے کے لئے لکڑی کاٹ کر اُس جگہ کی طرف روانہ ہوا جو اللہ نے اُسے بتائی تھی۔ سفر کرتے کرتے تیسرے دن قربانی کی جگہ ابراہیم کو دُور سے نظر آئی۔ اُس نے نوکروں سے کہا، ”یہاں گدھے کے پاس ٹھہرو۔ مَیں لڑکے کے ساتھ وہاں جا کر پرستش کروں گا۔ پھر ہم تمہارے پاس واپس آ جائیں گے۔“ ابراہیم نے قربانی کو جلانے کے لئے لکڑیاں اسحاق کے کندھوں پر رکھ دیں اور خود چھری اور آگ جلانے کے لئے انگاروں کا برتن اُٹھایا۔ دونوں چل دیئے۔ اسحاق بولا، ”ابو!“ ابراہیم نے کہا، ”جی بیٹا۔“ ”ابو، آگ اور لکڑیاں تو ہمارے پاس ہیں، لیکن قربانی کے لئے بھیڑ یا بکری کہاں ہے؟“ ابراہیم نے جواب دیا، ”اللہ خود قربانی کے لئے جانور مہیا کرے گا، بیٹا۔“ وہ آگے بڑھ گئے۔
پَیدایش 3:22-8 کِتابِ مُقادّس (URD)
تب ابرہامؔ نے صُبح سویرے اُٹھ کر اپنے گدھے پر چارجامہ کَسا اور اپنے ساتھ دو جوانوں اور اپنے بیٹے اِضحاقؔ کو لِیا اور سوختنی قُربانی کے لِئے لکڑیاں چِیرِیں اور اُٹھ کر اُس جگہ کو جو خُدا نے اُسے بتائی تھی روانہ ہُؤا۔ تِیسرے دِن ابرہامؔ نے نِگاہ کی اور اُس جگہ کو دُور سے دیکھا۔ تب ابرہامؔ نے اپنے جوانوں سے کہا تُم یہیں گدھے کے پاس ٹھہرو۔ مَیں اور یہ لڑکا دونوں ذرا وہاں تک جاتے ہیں اور سِجدہ کر کے پِھر تُمہارے پاس لَوٹ آئیں گے۔ اور ابرہامؔ نے سوختنی قُربانی کی لکڑِیاں لے کر اپنے بیٹے اِضحاقؔ پر رکھّیں اور آگ اور چُھری اپنے ہاتھ میں لی اور دونوں اِکٹّھے روانہ ہُوئے۔ تب اِضحاقؔ نے اپنے باپ ابرہامؔ سے کہا اَے باپ! اُس نے جواب دِیا کہ اَے میرے بیٹے مَیں حاضِر ہُوں۔ اُس نے کہا دیکھ آگ اور لکڑیاں تو ہیں پر سوختنی قُربانی کے لِئے برّہ کہاں ہے؟ ابرہامؔ نے کہا اَے میرے بیٹے خُدا آپ ہی اپنے واسطے سوختنی قُربانی کے لِئے برّہ مُہیّا کر لے گا۔ سو وہ دونوں آگے چلتے گئے۔