YouVersion Logo
تلاش

پَیدایش 1:17-16

پَیدایش 1:17-16 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

جَب اَبرامؔ نِنانوے بَرس کے ہویٔے تَب یَاہوِہ اُن پر ظاہر ہویٔے، اَور اَبراہامؔ سے فرمایا، ”میں قادرمُطلق خُدا ہُوں۔ تُو میرے سامنے وفادار رہے اَور بے عیب ٹھہرے۔ میں اَپنے اَور تمہارے درمیان عہد باندھوں گا اَور تمہاری نَسل کو بےحد بڑھاؤں گا۔“ تَب اَبرامؔ مُنہ کے بَل گِرے اَور خُدا نے اُن سے فرمایا، ”جہاں تک میرا تعلّق ہے، میرا تمہارے ساتھ یہ عہد ہے کہ تُم کیٔی قوموں کے باپ ہوگے۔ اَب سے تُم اَبرامؔ نہ کہلاؤگے بَلکہ تمہارا نام اَبراہامؔ ہوگا کیونکہ مَیں نے تُمہیں بہت سِی قوموں کا باپ مُقرّر کیا ہے۔ مَیں تُمہیں بہت برومند کروں گا اَور تمہاری نَسل سے کیٔی قومیں پیدا کروں گا اَور تمہاری اَولاد میں بادشاہ برپا ہوں گے۔ میں اَپنے اَور تمہارے درمیان اَور تمہارے بعد تمہاری نَسل کے درمیان اُن کی آئندہ پُشتوں کے لیٔے اَپنا عہد باندھوں گا جو اَبدی عہد ہوگا کہ میں تمہارا اَور تمہارے بعد تمہاری نَسل کا خُدا رہُوں گا۔ اَور مَیں تُمہیں اَور تمہارے بعد تمہاری نَسل کو کنعانؔ کا سارا مُلک جِس میں اَب تُم پردیسی ہو، ایک اَبدی مِیراث کے طور پر بخشوں گا اَور مَیں اُن کا خُدا ہُوں گا۔“ پھر خُدا نے اَبراہامؔ سے فرمایا، ”تُم میرے عہد کو ضروُر ماَننا اَور تمہارے بعد تمہاری نَسل پُشت در پُشت اُسے مانے۔ اَور میرا عہد جو میرے اَور تمہارے درمیان اَور تمہارے بعد تمہاری نَسل کے درمیان ہے اَور جسے تُم مانوگے، یہ ہے کہ تُم میں سے ہر فرزندِ نرینہ کا ختنہ کیا جائے۔ تُم اَپنا اَپنا ختنہ کرا لو اَور یہ اُس عہد کا نِشان ہوگا جو میرے اَور تمہارے درمیان ہے۔ پُشت در پُشت تُم میں سے ہر لڑکے کا جو آٹھ دِن کا ہو ختنہ کیا جائے خواہ وہ تمہارے گھر میں پیدا ہُوا ہو، خواہ کسی پردیسی سے قیمتاً خریدا گیا ہو اَورجو تمہاری اَولاد نہ ہو۔ خواہ وہ تمہارے گھر میں پیدا ہویٔے ہُوں یا تمہارے زَر خرید ہُوں اُن کا ختنہ لازمی طور پر کیا جائے۔ میرا عہد تمہارے جِسم میں اَبدی عہد ہوگا۔ اَور اگر کویٔی نامختون مَرد اَپنا ختنہ نہیں کرواتا تو وہ اَپنے لوگوں میں سے کاٹ ڈالا جائے گا کیونکہ اُس نے میرا عہد توڑا ہے۔“ خُدا نے اَبراہامؔ سے یہ بھی فرمایا، ”سارَیؔ، جو تمہاری بیوی ہے اُسے اَب سارَیؔ کہہ کر مت پُکارنا؛ اُن کا نام سارہؔ ہوگا۔ میں اُسے برکت دُوں گا۔ وہ قوموں کی ماں ہوگی اَور عواموں کے بادشاہ اُن سے پیدا ہوں گے۔“

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں پَیدایش 17

پَیدایش 1:17-16 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

جب ابرام 99 سال کا تھا تو رب اُس پر ظاہر ہوا۔ اُس نے کہا، ”مَیں اللہ قادرِ مطلق ہوں۔ میرے حضور چلتا رہ اور بےالزام ہو۔ مَیں تیرے ساتھ اپنا عہد باندھوں گا اور تیری اولاد کو بہت ہی زیادہ بڑھا دوں گا۔“ ابرام منہ کے بل گر گیا، اور اللہ نے اُس سے کہا، ”میرا تیرے ساتھ عہد ہے کہ تُو بہت قوموں کا باپ ہو گا۔ اب سے تُو ابرام یعنی ’عظیم باپ‘ نہیں کہلائے گا بلکہ تیرا نام ابراہیم یعنی ’بہت قوموں کا باپ‘ ہو گا۔ کیونکہ مَیں نے تجھے بہت قوموں کا باپ بنا دیا ہے۔ مَیں تجھے بہت ہی زیادہ اولاد بخش دوں گا، اِتنی کہ قومیں بنیں گی۔ تجھ سے بادشاہ بھی نکلیں گے۔ مَیں اپنا عہد تیرے اور تیری اولاد کے ساتھ نسل در نسل قائم کروں گا، ایک ابدی عہد جس کے مطابق مَیں تیرا اور تیری اولاد کا خدا ہوں گا۔ تُو اِس وقت ملکِ کنعان میں پردیسی ہے، لیکن مَیں اِس پورے ملک کو تجھے اور تیری اولاد کو دیتا ہوں۔ یہ ہمیشہ تک اُن کا ہی رہے گا، اور مَیں اُن کا خدا ہوں گا۔“ اللہ نے ابراہیم سے یہ بھی کہا، ”تجھے اور تیری اولاد کو نسل در نسل میرے عہد کی شرائط پوری کرنی ہیں۔ اِس کی ایک شرط یہ ہے کہ ہر ایک مرد کا ختنہ کیا جائے۔ اپنا ختنہ کراؤ۔ یہ ہمارے آپس کے عہد کا ظاہری نشان ہو گا۔ لازم ہے کہ تُو اور تیری اولاد نسل در نسل اپنے ہر ایک بیٹے کا آٹھویں دن ختنہ کروائیں۔ یہ اصول اُس پر بھی لاگو ہے جو تیرے گھر میں رہتا ہے لیکن تجھ سے رشتہ نہیں رکھتا، چاہے وہ گھر میں پیدا ہوا ہو یا کسی اجنبی سے خریدا گیا ہو۔ گھر کے ہر ایک مرد کا ختنہ کرنا لازم ہے، خواہ وہ گھر میں پیدا ہوا ہو یا کسی اجنبی سے خریدا گیا ہو۔ یہ اِس بات کا نشان ہو گا کہ میرا تیرے ساتھ عہد ہمیشہ تک قائم رہے گا۔ جس مرد کا ختنہ نہ کیا گیا اُسے اُس کی قوم میں سے مٹایا جائے گا، کیونکہ اُس نے میرے عہد کی شرائط پوری نہ کیں۔“ اللہ نے ابراہیم سے یہ بھی کہا، ”اپنی بیوی سارئی کا نام بھی بدل دینا۔ اب سے اُس کا نام سارئی نہیں بلکہ سارہ یعنی شہزادی ہو گا۔ مَیں اُسے برکت بخشوں گا اور تجھے اُس کی معرفت بیٹا دوں گا۔ مَیں اُسے یہاں تک برکت دوں گا کہ اُس سے قومیں بلکہ قوموں کے بادشاہ نکلیں گے۔“

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں پَیدایش 17

پَیدایش 1:17-16 کِتابِ مُقادّس (URD)

جب ابرامؔ ننانوے برس کا ہُؤا تب خُداوند ابرام کو نظر آیا اور اُس سے کہا کہ مَیں خُدایِ قادِر ہُوں۔ تُو میرے حضُور میں چل اور کامِل ہو۔ اور مَیں اپنے اور تیرے درمِیان عہد باندُھوں گا اور تُجھے بُہت زِیادہ بڑھاؤں گا۔ تب ابرامؔ سرنِگُوں ہو گیا اور خُدا نے اُس سے ہم کلام ہو کر فرمایا۔ کہ دیکھ میرا عہد تیرے ساتھ ہے اور تُو بُہت قَوموں کا باپ ہو گا۔ اور تیرا نام پِھر ابرام نہیں کہلائے گا بلکہ تیرا نام ابرہامؔ ہو گا کیونکہ مَیں نے تجھے بُہت قَوموں کا باپ ٹھہرا دِیا ہے۔ اور مَیں تُجھے بُہت برومند کرُوں گا اور قَومیں تیری نسل سے ہوں گی اور بادشاہ تیری اَولاد میں سے برپا ہوں گے۔ اور مَیں اپنے اور تیرے درمِیان اور تیرے بعد تیری نسل کے درمِیان اُن کی سب پُشتوں کے لِئے اپنا عہد جو ابدی عہد ہو گا باندھوں گا تاکہ مَیں تیرا اور تیرے بعد تیری نسل کا خُدا رہُوں۔ اور مَیں تُجھ کو اور تیرے بعد تیری نسل کو کنعاؔن کا تمام مُلک جِس میں تُو پردیسی ہے اَیسا دُوں گا کہ وہ دائِمی مِلکِیّت ہو جائے۔ اور مَیں اُن کا خُدا ہُوں گا۔ پِھر خُدا نے ابرہامؔ سے کہا کہ تُو میرے عہد کو ماننا اور تیرے بعد تیری نسل پُشت در پُشت اُسے مانے۔ اور میرا عہد جو میرے اور تیرے درمِیان اور تیرے بعد تیری نسل کے درمِیان ہے اور جِسے تُم مانو گے سو یہ ہے کہ تُم میں سے ہر ایک فرزندِ نرِینہ کا خَتنہ کِیا جائے۔ اور تُم اپنے بدن کی کھلڑی کا خَتنہ کِیا کرنا۔ اور یہ اُس عہد کا نِشان ہو گا جو میرے اور تُمہارے درمِیان ہے۔ تُمہارے ہاں پُشت در پُشت ہر لڑکے کا خَتنہ جب وہ آٹھ روز کا ہو کِیا جائے۔ خواہ وہ گھر میں پَیدا ہو خواہ اُسے کِسی پردیسی سے خرِیدا ہو جو تیری نسل سے نہیں۔ لازِم ہے کہ تیرے خانہ زاد اور تیرے زرخرِید کا خَتنہ کِیا جائے اور میرا عہد تُمہارے جِسم میں ابدی عہد ہو گا۔ اور وہ فرزندِ نرِینہ جِس کا خَتنہ نہ ہُؤا ہو اپنے لوگوں میں سے کاٹ ڈالا جائے کیونکہ اُس نے میرا عہد توڑا۔ اور خُدا نے ابرہامؔ سے کہا کہ سارَؔی جو تیری بِیوی ہے سو اُس کو سارَؔی نہ پُکارنا۔ اُس کا نام سارہؔ ہو گا۔ اور مَیں اُسے برکت دُوں گا اور اُس سے بھی تُجھے ایک بیٹا بخشُوں گا۔ یقیناً مَیں اُسے برکت دُوں گا کہ قَومیں اُس کی نسل سے ہوں گی اور عالَم کے بادشاہ اُس سے پَیدا ہوں گے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں پَیدایش 17