YouVersion Logo
تلاش

پَیدایش 1:16-11

پَیدایش 1:16-11 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

اب تک ابرام کی بیوی سارئی کے کوئی بچہ نہیں ہوا تھا۔ لیکن اُنہوں نے ایک مصری لونڈی رکھی تھی جس کا نام ہاجرہ تھا، اور ایک دن سارئی نے ابرام سے کہا، ”رب نے مجھے بچے پیدا کرنے سے محروم رکھا ہے، اِس لئے میری لونڈی کے ساتھ ہم بستر ہوں۔ شاید مجھے اُس کی معرفت بچہ مل جائے۔“ ابرام نے سارئی کی بات مان لی۔ چنانچہ سارئی نے اپنی مصری لونڈی ہاجرہ کو اپنے شوہر ابرام کو دے دیا تاکہ وہ اُس کی بیوی بن جائے۔ اُس وقت ابرام کو کنعان میں بستے ہوئے دس سال ہو گئے تھے۔ ابرام ہاجرہ سے ہم بستر ہوا تو وہ اُمید سے ہو گئی۔ جب ہاجرہ کو یہ معلوم ہوا تو وہ اپنی مالکن کو حقیر جاننے لگی۔ تب سارئی نے ابرام سے کہا، ”جو ظلم مجھ پر کیا جا رہا ہے وہ آپ ہی پر آئے۔ مَیں نے خود اِسے آپ کے بازوؤں میں دے دیا تھا۔ اب جب اِسے معلوم ہوا ہے کہ اُمید سے ہے تو مجھے حقیر جاننے لگی ہے۔ رب میرے اور آپ کے درمیان فیصلہ کرے۔“ ابرام نے جواب دیا، ”دیکھو، یہ تمہاری لونڈی ہے اور تمہارے اختیار میں ہے۔ جو تمہارا جی چاہے اُس کے ساتھ کرو۔“ اِس پر سارئی اُس سے اِتنا بُرا سلوک کرنے لگی کہ ہاجرہ فرار ہو گئی۔ رب کے فرشتے کو ہاجرہ ریگستان کے اُس چشمے کے قریب ملی جو شُور کے راستے پر ہے۔ اُس نے کہا، ”سارئی کی لونڈی ہاجرہ، تُو کہاں سے آ رہی ہے اور کہاں جا رہی ہے؟“ ہاجرہ نے جواب دیا، ”مَیں اپنی مالکن سارئی سے فرار ہو رہی ہوں۔“ رب کے فرشتے نے اُس سے کہا، ”اپنی مالکن کے پاس واپس چلی جا اور اُس کے تابع رہ۔ مَیں تیری اولاد اِتنی بڑھاؤں گا کہ اُسے گنا نہیں جا سکے گا۔“ رب کے فرشتے نے مزید کہا، ”تُو اُمید سے ہے۔ ایک بیٹا پیدا ہو گا۔ اُس کا نام اسمٰعیل یعنی ’اللہ سنتا ہے‘ رکھ، کیونکہ رب نے مصیبت میں تیری آواز سنی۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں پَیدایش 16

پَیدایش 1:16-11 کِتابِ مُقادّس (URD)

اور ابرامؔ کی بِیوی سارَؔی کے کوئی اَولاد نہ ہُوئی۔ اُس کی ایک مِصری لَونڈی تھی جِس کا نام ہاجرہؔ تھا۔ اور سارَیؔ نے ابرامؔ سے کہا کہ دیکھ خُداوند نے مُجھے تو اَولاد سے محرُوم رکھّا ہے سو تُو میری لَونڈی کے پاس جا شاید اُس سے میرا گھر آباد ہو اور ابرامؔ نے سارَیؔ کی بات مانی۔ اور ابرامؔ کو مُلکِ کنعانؔ میں رہتے دس برس ہو گئے تھے جب اُس کی بِیوی سارَؔی نے اپنی مِصری لَونڈی اُسے دی کہ اُس کی بِیوی بنے۔ اور وہ ہاجرؔہ کے پاس گیا اور وہ حامِلہ ہُوئی اور جب اُسے معلُوم ہُؤا کہ وہ حامِلہ ہو گئی تو اپنی بی بی کو حقیر جاننے لگی۔ تب سارَؔی نے ابرامؔ سے کہا کہ جو ظُلم مُجھ پر ہُؤا وہ تیری گردن پر ہے۔ مَیں نے اپنی لَونڈی تیرے آغوش میں دی اور اب جو اُس نے آپ کو حامِلہ دیکھا تو مَیں اُس کی نظروں میں حقِیر ہو گئی۔ سو خُداوند میرے اور تیرے درمِیان اِنصاف کرے۔ ابرامؔ نے سارَؔی سے کہا کہ تیری لَونڈی تیرے ہاتھ میں ہے جو تُجھے بھلا دِکھائی دے سو اُس کے ساتھ کر۔ تب سارَؔی اُس پر سختی کرنے لگی اور وہ اُس کے پاس سے بھاگ گئی۔ اور وہ خُداوند کے فرِشتہ کو بیابان میں پانی کے ایک چشمہ کے پاس مِلی۔ یہ وُہی چشمہ ہے جو شور کی راہ پر ہے۔ اور اُس نے کہا اَے سارَؔی کی لَونڈی ہاجرہؔ تُو کہاں سے آئی اور کدھر جاتی ہے؟ اُس نے کہا کہ مَیں اپنی بی بی سارَؔی کے پاس سے بھاگ آئی ہُوں۔ خُداوند کے فرِشتہ نے اُس سے کہا کہ تُو اپنی بی بی کے پاس لَوٹ جا اور اپنے کو اُس کے قبضہ میں کر دے۔ اور خُداوند کے فرِشتہ نے اُس سے کہا کہ مَیں تیری اَولاد کو بُہت بڑھاؤں گا یہاں تک کہ کثرت کے سبب سے اُس کا شُمار نہ ہو سکے گا۔ اور خُداوند کے فرِشتہ نے اُس سے کہا کہ تُو حامِلہ ہے اور تیرے بیٹا ہو گا۔ اُس کا نام اِسمٰعیلؔ رکھنا اِس لِئے کہ خُداوند نے تیرا دُکھ سُن لِیا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں پَیدایش 16