YouVersion Logo
تلاش

پَیدایش 5:13-18

پَیدایش 5:13-18 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

اَور لَوطؔ کے پاس بھی، جو اَبرامؔ کا ہم سفر تھے بھیڑ بکریاں، گائے بَیل اَور خیمے لگائے۔ لیکن زمین کی کمی کے باعث اُن دونوں کا اُس مُلک میں اِکٹھّے رہنا مُشکل تھا کیونکہ اُن کا مال و اَسباب اِس قدر زِیادہ تھا کہ وہ اِکٹھّے نہیں رہ سکتے تھے۔ اَور اَبرامؔ کے اَور لَوطؔ کے چرواہوں میں جھگڑا ہُوا کرتا تھا۔ اُن دِنوں کنعانی اَور پَرزّی بھی اُس مُلک میں رہتے تھے۔ چنانچہ اَبرامؔ نے لَوطؔ سے فرمایا، ”تمہارے اَور میرے درمیان اَور تمہارے چرواہوں اَور میرے چرواہوں کے درمیان جھگڑا نہیں ہونا چاہیے، کیونکہ ہم رشتہ دار ہیں۔ کیا یہ سارا مُلک تمہارے سامنے نہیں؟ سو تُم مُجھ سے الگ ہو جاؤ اگر تُم بائیں طرف جاؤگے تو مَیں داہنی طرف چلا جاؤں گا۔ اَور اگر تُم داہنی طرف جاؤگے تو مَیں بائیں طرف چلا جاؤں گا۔“ تَب لَوطؔ نے آنکھ اُٹھاکر یردنؔ ندی کے پاس کی ساری ترائی پر اَور اُس کے اطراف ضُعَرؔ تک نظر دَوڑائی کیونکہ وہ (اِس سے پیشتر کہ یَاہوِہ نے سدُومؔ اَور عمورہؔ کو تباہ کیا) یَاہوِہ کے باغ اَور مِصر کے مُلک کی مانند خُوب سیراب تھی۔ سو لَوطؔ نے یردنؔ کی ساری ترائی کو اَپنے لیٔے چُن لیا اَور وہ مشرق کی طرف چلےگئے اَور وہ ایک دُوسرے سے جُدا ہو گئے۔ اَبرامؔ تو مُلکِ کنعانؔ میں جا بسے، جَب کہ لَوطؔ نے ترائی کے شہروں میں سکونت اِختیار کی اَور سدُومؔ تک اَپنے خیمے کھڑے کئے۔ سدُومؔ کے لوگ بدکار تھے اَور یَاہوِہ کے خِلاف سنگین گُناہ کیا کرتے تھے۔ لَوطؔ کے جُدا ہو جانے کے بعد یَاہوِہ نے اَبرامؔ سے فرمایا، ”جِس جگہ تُم کھڑے ہو وہاں سے اَپنی نگاہ اُٹھاکر شمال و جُنوب اَور مشرق و مغرب کی طرف نظر کرو۔ یہ سارا مُلک جو تُم دیکھ رہے ہو، اُسے میں تُمہیں اَور تمہاری نَسل کو ہمیشہ کے لیٔے دُوں گا۔ مَیں تمہاری نَسل کو خاک کے ذرّوں کی مانند بناؤں گا۔ اگر کویٔی شخص خاک کے ذرّوں کو گِن سکے تو تمہاری نَسل کو بھی گِنا جا سکےگا۔ جاؤ، اَور اُس مُلک کے طُول و عرض میں گھُومو، پھرو کیونکہ مَیں اُسے تُمہیں دینے جا رہا ہُوں۔“ چنانچہ اَبرامؔ نے اَپنے خیمے اُٹھائے اَور حِبرونؔ میں ممرےؔ کے شاہ بلُوط کے درختوں کے پاس جا کر رہنے لگے جہاں اَبرامؔ نے یَاہوِہ کے لیٔے ایک مذبح بنایا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں پَیدایش 13

پَیدایش 5:13-18 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

لوط کے پاس بھی بہت سی بھیڑبکریاں، گائےبَیل اور خیمے تھے۔ نتیجہ یہ نکلا کہ آخرکار وہ مل کر نہ رہ سکے، کیونکہ اِتنی جگہ نہیں تھی کہ دونوں کے ریوڑ ایک ہی جگہ پر چر سکیں۔ ابرام اور لوط کے چرواہے آپس میں جھگڑنے لگے۔ (اُس زمانے میں کنعانی اور فرِزّی بھی ملک میں آباد تھے۔) تب ابرام نے لوط سے بات کی، ”ایسا نہیں ہونا چاہئے کہ تیرے اور میرے درمیان جھگڑا ہو یا تیرے چرواہوں اور میرے چرواہوں کے درمیان۔ ہم تو بھائی ہیں۔ کیا ضرورت ہے کہ ہم مل کر رہیں جبکہ تُو آسانی سے اِس ملک کی کسی اَور جگہ رہ سکتا ہے۔ بہتر ہے کہ تُو مجھ سے الگ ہو کر کہیں اَور رہے۔ اگر تُو بائیں ہاتھ جائے تو مَیں دائیں ہاتھ جاؤں گا، اور اگر تُو دائیں ہاتھ جائے تو مَیں بائیں ہاتھ جاؤں گا۔“ لوط نے اپنی نظر اُٹھا کر دیکھا کہ دریائے یردن کے پورے علاقے میں ضُغر تک پانی کی کثرت ہے۔ وہ رب کے باغ یا ملکِ مصر کی مانند تھا، کیونکہ اُس وقت رب نے سدوم اور عمورہ کو تباہ نہیں کیا تھا۔ چنانچہ لوط نے دریائے یردن کے پورے علاقے کو چن لیا اور مشرق کی طرف جا بسا۔ یوں دونوں رشتے دار ایک دوسرے سے جدا ہو گئے۔ ابرام ملکِ کنعان میں رہا جبکہ لوط یردن کے علاقے کے شہروں کے درمیان آباد ہو گیا۔ وہاں اُس نے اپنے خیمے سدوم کے قریب لگا دیئے۔ لیکن سدوم کے باشندے نہایت شریر تھے، اور اُن کے رب کے خلاف گناہ نہایت مکروہ تھے۔ لوط ابرام سے جدا ہوا تو رب نے ابرام سے کہا، ”اپنی نظر اُٹھا کر چاروں طرف یعنی شمال، جنوب، مشرق اور مغرب کی طرف دیکھ۔ جو بھی زمین تجھے نظر آئے اُسے مَیں تجھے اور تیری اولاد کو ہمیشہ کے لئے دیتا ہوں۔ مَیں تیری اولاد کو خاک کی طرح بےشمار ہونے دوں گا۔ جس طرح خاک کے ذرے گنے نہیں جا سکتے اُسی طرح تیری اولاد بھی گنی نہیں جا سکے گی۔ چنانچہ اُٹھ کر اِس ملک کی ہر جگہ چل پھر، کیونکہ مَیں اِسے تجھے دیتا ہوں۔“ ابرام روانہ ہوا۔ چلتے چلتے اُس نے اپنے ڈیرے حبرون کے قریب ممرے کے درختوں کے پاس لگائے۔ وہاں اُس نے رب کی تعظیم میں قربان گاہ بنائی۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں پَیدایش 13

پَیدایش 5:13-18 کِتابِ مُقادّس (URD)

اور لُوؔط کے پاس بھی جو ابرامؔ کا ہم سفر تھا بھیڑ بکرِیاں گائے بَیل اور ڈیرے تھے۔ اور اُس مُلک میں اِتنی گُنجایش نہ تھی کہ وہ اِکٹّھے رہیں کیونکہ اُن کے پاس اِتنا مال تھا کہ وہ اِکٹّھے نہیں رہ سکتے تھے۔ اور ابرامؔ کے چرواہوں اور لُوؔط کے چرواہوں میں جھگڑا ہُؤا اور کنعانی اور فرِزّیؔ اُس وقت مُلک میں رہتے تھے۔ تب ابرامؔ نے لُوؔط سے کہا کہ میرے اور تیرے درمِیان اور میرے چرواہوں اور تیرے چرواہوں کے درمِیان جھگڑا نہ ہُؤا کرے کیونکہ ہم بھائی ہیں۔ کیا یہ سارا مُلک تیرے سامنے نہیں؟ سو تُو مُجھ سے الگ ہو جا۔ اگر تُو بائیں جائے تو مَیں دہنے جاؤں گا اور اگر تُو دہنے جائے تو مَیں بائیں جاؤں گا۔ تب لُوؔط نے آنکھ اُٹھا کر یَردن کی ساری ترائی پر جو ضُغرؔ کی طرف ہے نظر دَوڑائی کیونکہ وہ اِس سے پیشتر کہ خُداوند نے سدُوم ؔاور عمُورؔہ کو تباہ کِیا خُداوند کے باغ اور مِصرؔ کے مُلک کی مانِند خُوب سیراب تھی۔ سو لُوطؔ نے یَردنؔ کی ساری ترائی کو اپنے لِئے چُن لِیا اور وہ مشرِق کی طرف چلا اور وہ ایک دُوسرے سے جُدا ہو گئے۔ ابرامؔ تو مُلکِ کنَعاؔن میں رہا اور لُوطؔ نے ترائی کے شہروں میں سکُونت اِختیار کی اور سدُومؔ کی طرف اپنا ڈیرا لگایا۔ اور سدُومؔ کے لوگ خُداوند کی نظر میں نِہایت بدکار اور گُنہگار تھے۔ اور لُوطؔ کے جُدا ہو جانے کے بعد خُداوند نے ابرامؔ سے کہا کہ اپنی آنکھ اُٹھا اور جِس جگہ تُو ہے وہاں سے شِمال اور جنُوب اور مشرِق اور مغرِب کی طرف نظر دَوڑا۔ کیونکہ یہ تمام مُلک جو تُو دیکھ رہا ہے مَیں تُجھ کو اور تیری نسل کو ہمیشہ کے لِئے دُوں گا۔ اور مَیں تیری نسل کو خاک کے ذرّوں کی مانِند بناؤں گا اَیسا کہ اگر کوئی شخص خاک کے ذرّوں کو گِن سکے تو تیری نسل بھی گِن لی جائے گی۔ اُٹھ اور اِس مُلک کے طُول و عرض میں سَیر کر کیونکہ مَیں اِسے تُجھ کو دُوں گا۔ اور ابرامؔ نے اپنا ڈیرا اُٹھایا اور مَمرؔے کے بلُوطوں میں جو حبرونؔ میں ہیں جا کر رہنے لگا اور وہاں خُداوند کے لِئے ایک قُربان گاہ بنائی۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں پَیدایش 13