YouVersion Logo
تلاش

پَیدایش 1:12-8

پَیدایش 1:12-8 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

رب نے ابرام سے کہا، ”اپنے وطن، اپنے رشتے داروں اور اپنے باپ کے گھر کو چھوڑکر اُس ملک میں چلا جا جو مَیں تجھے دکھاؤں گا۔ مَیں تجھ سے ایک بڑی قوم بناؤں گا، تجھے برکت دوں گا اور تیرے نام کو بہت بڑھاؤں گا۔ تُو دوسروں کے لئے برکت کا باعث ہو گا۔ جو تجھے برکت دیں گے اُنہیں مَیں بھی برکت دوں گا۔ جو تجھ پر لعنت کرے گا اُس پر مَیں بھی لعنت کروں گا۔ دنیا کی تمام قومیں تجھ سے برکت پائیں گی۔“ ابرام نے رب کی سنی اور حاران سے روانہ ہوا۔ لوط اُس کے ساتھ تھا۔ اُس وقت ابرام 75 سال کا تھا۔ اُس کے ساتھ اُس کی بیوی سارئی اور اُس کا بھتیجا لوط تھے۔ وہ اپنے نوکر چاکروں سمیت اپنی پوری ملکیت بھی ساتھ لے گیا جو اُس نے حاران میں حاصل کی تھی۔ چلتے چلتے وہ کنعان پہنچے۔ ابرام اُس ملک میں سے گزر کر سِکم کے مقام پر ٹھہر گیا جہاں مورِہ کے بلوط کا درخت تھا۔ اُس زمانے میں ملک میں کنعانی قومیں آباد تھیں۔ وہاں رب ابرام پر ظاہر ہوا اور اُس سے کہا، ”مَیں تیری اولاد کو یہ ملک دوں گا۔“ اِس لئے اُس نے وہاں رب کی تعظیم میں قربان گاہ بنائی جہاں وہ اُس پر ظاہر ہوا تھا۔ وہاں سے وہ اُس پہاڑی علاقے کی طرف گیا جو بیت ایل کے مشرق میں ہے۔ وہاں اُس نے اپنا خیمہ لگایا۔ مغرب میں بیت ایل تھا اور مشرق میں عَی۔ اِس جگہ پر بھی اُس نے رب کی تعظیم میں قربان گاہ بنائی اور رب کا نام لے کر عبادت کی۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں پَیدایش 12

پَیدایش 1:12-8 کِتابِ مُقادّس (URD)

اور خُداوند نے ابرامؔ سے کہا کہ تُو اپنے وطن اور اپنے ناتے داروں کے بیچ سے اور اپنے باپ کے گھر سے نِکل کر اُس مُلک میں جا جو مَیں تجھے دِکھاؤں گا۔ اور مَیں تُجھے ایک بڑی قَوم بناؤں گا اور برکت دُوں گا اور تیرا نام سرفراز کرُوں گا۔ سو تُو باعِثِ برکت ہو! جو تُجھے مُبارک کہیں اُن کو مَیں برکت دُوں گا اور جو تُجھ پر لَعنت کرے اُس پر مَیں لَعنت کرُوں گا اور زمِین کے سب قبیِلے تیرے وسِیلہ سے برکت پائیں گے۔ سو ابرامؔ خُداوند کے کہنے کے مُطابِق چل پڑا اور لُوؔط اُس کے ساتھ گیا اور ابرامؔ پچھتّر برس کا تھا جب وہ حارانؔ سے روانہ ہُؤا۔ اور ابرامؔ نے اپنی بِیوی سارَیؔ اور اپنے بھتیجے لُوطؔ کو اور سب مال کو جو اُنہوں نے جمع کِیا تھا اور اُن آدمِیوں کو جو اُن کو حارانؔ میں مِل گئے تھے ساتھ لِیا اور وہ مُلکِ کنعانؔ کو روانہ ہُوئے۔ اور مُلکِ کنعانؔ میں آئے۔ اور ابرامؔ اُس مُلک میں سے گذرتا ہُؤا مقامِ سِکمؔ میں مورؔہ کے بلُوطؔ تک پُہنچا۔ اُس وقت مُلک میں کنعانی رہتے تھے۔ تب خُداوند نے ابرامؔ کو دِکھائی دے کر کہا کہ یِہی مُلک مَیں تیری نسل کو دُوں گا اور اُس نے وہاں خُداوند کے لِئے جو اُسے دِکھائی دِیا تھا ایک قُربان گاہ بنائی۔ اور وہاں سے کُوچ کر کے اُس پہاڑ کی طرف گیا جو بَیت ایلؔ کے مشرِق میں ہے اور اپنا ڈیرا اَیسے لگایا کہ بَیت ایلؔ مغرِب میں اور عیَؔ مشرِق میں پڑا اور وہاں اُس نے خُداوند کے لِئے ایک قُربان گاہ بنائی اور خُداوند سے دُعا کی۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں پَیدایش 12