YouVersion Logo
تلاش

گلتیوں 15:2-21

گلتیوں 15:2-21 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

بےشک ہم پیدائشی یہودی ہیں اور ’غیریہودی گناہ گار‘ نہیں ہیں۔ لیکن ہم جانتے ہیں کہ انسان کو شریعت کی پیروی کرنے سے راست باز نہیں ٹھہرایا جاتا بلکہ عیسیٰ مسیح پر ایمان لانے سے۔ ہم بھی مسیح عیسیٰ پر ایمان لائے ہیں تاکہ ہمیں راست باز قرار دیا جائے، شریعت کی پیروی کرنے سے نہیں بلکہ مسیح پر ایمان لانے سے۔ کیونکہ شریعت کی پیروی کرنے سے کسی کو بھی راست باز قرار نہیں دیا جائے گا۔ لیکن اگر مسیح میں راست باز ٹھہرنے کی کوشش کرتے کرتے ہم خود گناہ گار ثابت ہو جائیں تو کیا اِس کا مطلب یہ ہے کہ مسیح گناہ کا خادم ہے؟ ہرگز نہیں! اگر مَیں شریعت کے اُس نظام کو دوبارہ تعمیر کروں جو مَیں نے ڈھا دیا تو پھر مَیں ظاہر کرتا ہوں کہ مَیں مجرم ہوں۔ کیونکہ جہاں تک شریعت کا تعلق ہے مَیں مُردہ ہوں۔ مجھے شریعت ہی سے مارا گیا ہے تاکہ اللہ کے لئے جی سکوں۔ مجھے مسیح کے ساتھ مصلوب کیا گیا اور یوں مَیں خود زندہ نہ رہا بلکہ مسیح مجھ میں زندہ ہے۔ اب جو زندگی مَیں اِس جسم میں گزارتا ہوں وہ اللہ کے فرزند پر ایمان لانے سے گزارتا ہوں۔ اُسی نے مجھ سے محبت رکھ کر میرے لئے اپنی جان دی۔ مَیں اللہ کا فضل رد کرنے سے انکار کرتا ہوں۔ کیونکہ اگر کسی کو شریعت کی پیروی کرنے سے راست باز ٹھہرایا جا سکتا تو اِس کا مطلب یہ ہوتا کہ مسیح کا مرنا عبث تھا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں گلتیوں 2

گلتیوں 15:2-21 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

”ہم پیدائشی یہُودی ضروُر ہیں اَور غَیریہُودی گنہگاروں میں سے نہیں پھر بھی ہم یہ جانتے ہیں کہ اِنسان جِسمانی شَریعت پر عَمل کرنے سے نہیں، بَلکہ صِرف خُداوؔند عیسیٰ المسیؔح پر ایمان لانے سے راستباز ٹھہرایا جاتا ہے۔ اِس لیٔے، ہم بھی، المسیؔح عیسیٰ پر ایمان لایٔے تاکہ شَریعت پر عَمل کرنے سے نہیں بَلکہ المسیؔح پر ایمان لانے سے راستباز ٹھہرائے جایٔیں، کیونکہ شَریعت کے اعمال سے کویٔی اِنسان راستباز نہیں ٹھہرایا جا سَکتا۔ ”لیکن، ہم جو یہ چاہتے ہیں کہ المسیؔح میں راستباز ٹھہرائے جایٔیں، اگر خُود ہی گنہگار نکلیں تو کیا المسیؔح گُناہ کا باعث ہیں؟ ہر گز نہیں! شَریعت کی جو دِیواریں میں نے گِرا دی تھیں، اگر اُنہیں پھر سے کھڑا کرنے لگُوں تو اَپنے آپ کو ہی قُصُوروار ٹھہراتا ہُوں۔ ”شَریعت کے اعتبار سے تو میں صلیب پر مَر چُکا ہُوں تاکہ میں خُدا کے اعتبار سے زندہ ہو جاؤں۔ میں المسیؔح کے ساتھ جِسمانی طور سے مصلُوب ہو چُکا ہُوں اَور میں زندہ نہیں ہُوں، بَلکہ المسیؔح مُجھ میں زندہ ہے۔ اَورجو زندگی میں اَب گزار رہا ہُوں، وہ خُدا کے بیٹے پر ایمان لانے کی وجہ سے گزار رہا ہُوں، جِس نے مُجھ سے مَحَبّت کی اَور میرے لیٔے اَپنی جان قُربان کر دی۔ میں خُدا کے اِس فضل کو ردّ نہیں کرتا، کیونکہ اگر راستبازی شَریعت کے وسیلہ سے حاصل کی جا سکتی تھی، تو المسیؔح نے بِلا مقصد اَپنی جان قُربان کی!“

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں گلتیوں 2

گلتیوں 15:2-21 کِتابِ مُقادّس (URD)

گو ہم پَیدایش سے یہُودی ہیں اور گُنہگار غَیر قَوموں میں سے نہیں۔ تَو بھی یہ جان کر کہ آدمی شرِیعت کے اَعمال سے نہیں بلکہ صِرف یِسُوعؔ مسِیح پر اِیمان لانے سے راست باز ٹھہرتا ہے خُود بھی مسِیح یِسُوعؔ پر اِیمان لائے تاکہ ہم مسِیح پر اِیمان لانے سے راست باز ٹھہریں نہ کہ شرِیعت کے اَعمال سے۔ کیونکہ شرِیعت کے اَعمال سے کوئی بشر راست باز نہ ٹھہرے گا۔ اور ہم جو مسِیح میں راست باز ٹھہرنا چاہتے ہیں اگر خُود ہی گُنہگار نِکلیں تو کیا مسِیح گُناہ کا باعِث ہے؟ ہرگِز نہیں! کیونکہ جو کُچھ مَیں نے ڈھا دِیا اگر اُسے پِھر بناؤں تو اپنے آپ کو قُصُوروار ٹھہراتا ہُوں۔ چُنانچہ مَیں شرِیعت ہی کے وسِیلہ سے شرِیعت کے اِعتبار سے مَر گیا تاکہ خُدا کے اِعتبار سے زِندہ ہو جاؤں۔ مَیں مسِیح کے ساتھ مصلُوب ہُؤا ہُوں اور اب مَیں زِندہ نہ رہا بلکہ مسِیح مُجھ میں زِندہ ہے اور مَیں جو اَب جِسم میں زِندگی گُذارتا ہُوں تو خُدا کے بیٹے پر اِیمان لانے سے گُذارتا ہُوں جِس نے مُجھ سے مُحبّت رکھّی اور اپنے آپ کو میرے لِئے مَوت کے حوالہ کر دِیا۔ مَیں خُدا کے فضل کو بیکار نہیں کرتا کیونکہ راست بازی اگر شرِیعت کے وسِیلہ سے مِلتی تو مسِیح کا مَرنا عَبث ہوتا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں گلتیوں 2