گلتیوں 11:2-14
گلتیوں 11:2-14 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
جَب کیفؔا انطاکِیہؔ شہر میں آیا، تو میں نے سَب کے سامنے کیفؔا کی مُخالفت کی، کیونکہ وہ ملامت کے لائق تھا۔ بات یہ تھی کہ وہ یعقُوب کی طرف سے چند اَشخاص کے بھیجے جانے سے پیشتر، غَیریہُودیوں کے ساتھ کھانا کھا لیا کرتے تھے۔ مگر جَب وہ لوگ وہاں پہُنچے، تو پطرس نے مختونوں کے خوف سے غَیریہُودیوں سے کنارہ کر لیا۔ باقی یہُودی مَسیحی بھائیوں نے اِس ریاکاری میں پطرس کا ساتھ دیا، یہاں تک کہ اُن کی ریاکاری سے بَرنباسؔ کے قدم بھی ڈگمگا گیٔے۔ جَب میں نے دیکھا کہ اُن کی یہ حرکت خُوشخبری کی سچّائی کے برخلاف ہے تو میں نے سَب کے سامنے کیفؔا سے کہا، ”تُم یہُودی ہونے کے باوُجُود، غَیریہُودیوں کی طرح زندگی گزارتے ہو۔ تو کِس مُنہ سے، غَیریہُودیوں کو مجبُور کرتے ہو کہ وہ یہُودیوں کے رَسم و رِواج کی پیروی کریں؟
گلتیوں 11:2-14 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
لیکن جب پطرس انطاکیہ شہر آیا تو مَیں نے رُوبرُو اُس کی مخالفت کی، کیونکہ وہ اپنے رویے کے سبب سے مجرم ٹھہرا۔ جب وہ آیا تو پہلے وہ غیریہودی ایمان داروں کے ساتھ کھانا کھاتا رہا۔ لیکن پھر یعقوب کے کچھ عزیز آئے۔ اُسی وقت پطرس پیچھے ہٹ کر غیریہودیوں سے الگ ہوا، کیونکہ وہ اُن سے ڈرتا تھا جو غیریہودیوں کا ختنہ کروانے کے حق میں تھے۔ باقی یہودی بھی اِس ریاکاری میں شامل ہوئے، یہاں تک کہ برنباس کو بھی اُن کی ریاکاری سے بہکایا گیا۔ جب مَیں نے دیکھا کہ وہ اُس سیدھی راہ پر نہیں چل رہے ہیں جو اللہ کی خوش خبری کی سچائی پر مبنی ہے تو مَیں نے سب کے سامنے پطرس سے کہا، ”آپ یہودی ہیں۔ لیکن آپ غیریہودی کی طرح زندگی گزار رہے ہیں، یہودی کی طرح نہیں۔ تو پھر یہ کیسی بات ہے کہ آپ غیریہودیوں کو یہودی روایات کی پیروی کرنے پر مجبور کر رہے ہیں؟“
گلتیوں 11:2-14 کِتابِ مُقادّس (URD)
لیکن جب کیفا انطاؔکِیہ میں آیا تو مَیں نے رُوبرُو ہو کر اُس کی مُخالِفت کی کیونکہ وہ ملامت کے لائِق تھا۔ اِس لِئے کہ یعقُوبؔ کی طرف سے چند شخصوں کے آنے سے پہلے تو وہ غَیر قَوم والوں کے ساتھ کھایا کرتا تھا مگر جب وہ آ گئے تو مختُونوں سے ڈر کر باز رہا اور کنارہ کِیا۔ اور باقی یہُودیوں نے بھی اُس کے ساتھ ہو کر رِیاکاری کی۔ یہاں تک کہ برنباؔس بھی اُن کے ساتھ رِیاکاری میں پڑ گیا۔ جب مَیں نے دیکھا کہ وہ خُوشخبری کی سچّائی کے مُوافِق سِیدھی چال نہیں چلتے تو مَیں نے سب کے سامنے کیفا سے کہا کہ جب تُو باوُجُود یہُودی ہونے کے غَیر قَوموں کی طرح زِندگی گُذارتا ہے نہ کہ یہُودیوں کی طرح تو غَیر قَوموں کو یہُودیوں کی طرح چلنے پر کیوں مجبُور کرتا ہے؟