عزرا 15:8-36

عزرا 15:8-36 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

مَیں نے اُنہیں اُس نہر کے پاس جو اہاواؔ کی طرف بہتا ہے جمع کیا اَور ہم نے وہاں تین دِن پڑاؤ کیا۔ جَب مَیں نے لوگوں اَور کاہِنوں کا جائزہ لیا تو بنی لیوی میں سے کسی کو نہ پایا۔ پس مَیں نے الیعزرؔ، اریئیلؔ، شمعیاہؔ، الناتھانؔ، یرِیبؔ، الناتھانؔ، ناتنؔ، زکریاؔہ اَور مِشُلّامؔ کو جو سردار تھے اَور یُویرِیبؔ اَور الناتھانؔ کو جو مُعلّم تھے بُلوایا۔ اَور مَیں نے اُنہیں عِدّوؔ کے پاس بھیجا جو کَسِیفیاؔ میں رہنما تھا اَور اُنہیں بتایا کہ کَسِیفیاؔ جا کر عِدّوؔ اَور اُس کے بھائیوں سے جو بیت المُقدّس کے خُدّام ہیں کیا کچھ کہنا ہے تاکہ وہ وہاں سے خُدا کے گھر کے لیٔے خدمت گار ہمارے پاس لے آئیں۔ چونکہ ہمارے خُدا کا مہربان ہاتھ ہم پر تھا اِس لیٔے وہ محلیؔ بِن لیوی بِن اِسرائیل کی اَولاد میں سے ایک ہوشیار شخص شیرِبیاہؔ کو اَور اُس کے بیٹوں اَور بھائیوں یعنی اٹھّارہ آدمیوں کو؛ اَور حشبیاہؔ کو اَور اُس کے ساتھ بنی مِراریؔ میں سے یِشعیہ کو اَور اُس کے بھائیوں اَور اُن کے بیٹوں کو یعنی 20 آدمیوں کو ہمارے پاس لے آئے۔ وہ دو سَو بیس بیت المُقدّس کے خُدّام کو بھی لے کر آئے۔ یہ اُن لوگوں میں سے تھے جنہیں داویؔد اَور اُمرا نے لیویوں کی مدد کے لیٔے مُقرّر کیا تھا۔ سبھوں کو نام بنام فہرست میں درج کئےگئے تھے۔ وہاں اہاواؔ نہر کے پاس مَیں نے روزہ رکھنے کی مُنادی کرائی تاکہ ہم اَپنے آپ کو خُدا کے حُضُور حلیم بنائیں اَور خُدا سے دعا کریں کہ وہ ہمارے سفر کو مُبارک کریں اَور ہمیں، ہمارے بال بچّوں اَور مال و متاع کو محفوظ رکھیں۔ چونکہ ہم نے بادشاہ سے کہاتھا کہ، ”ہمارے خُدا کا مہربان ہاتھ اُس پر بھروسا کرنے والے ہر ایک شخص پر ہوتاہے لیکن اُن سَب پر اُن کا عتاب نازل ہوتاہے جو اُنہیں ترک کر دیتے ہیں۔ اِس لیٔے میں شرماتا تھا کہ بادشاہ سے راستے میں دُشمنوں سے حِفاظت کے لیٔے فَوجی سپاہیوں اَور گُھڑسواروں کے لیٔے درخواست کروں۔ سَو ہم نے روزہ رکھا اَور اُس بارے میں اَپنے خُدا کی بارگاہ میں اِلتماس کی۔ اَور اُنہُوں نے ہماری دعا کا جَواب دیا۔“ پھر مَیں نے شیرِبیاہؔ، حشبیاہؔ اَور اُن کے دس بھائیوں سمیت بَارہ سربراہ کاہِنوں کو الگ کیا۔ اَور چاندی اَور سونے کے عطیات اَور وہ اَشیا جو بادشاہ، اُس کے مُشیروں اَور اُس کے افسروں اَور وہاں مَوجُود تمام اِسرائیلیوں نے ہمارے خُدا کے گھر کے لیٔے نذر کی تھیں تول کر اُنہیں دیں۔ مَیں نے اُنہیں 650 تالنت چاندی، چاندی کے برتن 100 تالنت، سونا 100 تالنت، 20 سونے کے پیالے جِن کی قیمت 1,000 دِرہم تھی اَور چمکائے ہُوئے کانسے کے دو نفیس برتن جو سونے کی طرح قیمتی تھے تول کر دیئے۔ مَیں نے اُن سے کہا، ”تُم بھی اَور یہ اَشیا بھی یَاہوِہ کے لیٔے مُقدّس ہیں۔ یہ چاندی سونا تمہارے آباؤاَجداد کے خُدا یَاہوِہ کے لیٔے رضا کی قُربانی ہے۔ جَب تک تُو اُنہیں سرکردہ کاہِنوں، لیویوں اَور اِسرائیل کے آبائی خاندانوں کے سرداروں کے سامنے تول کر یروشلیمؔ میں یَاہوِہ کے گھر کے مال خانوں میں جمع نہ کروادے تَب تک احتیاط سے اُن کی حِفاظت کرنا۔“ تَب کاہِنوں اَور لیویوں نے چاندی، سونا اَور مُقدّس برتن تول کر لے لیٔے تاکہ اُنہیں یروشلیمؔ میں ہمارے خُدا کے گھر پہُنچا دیں۔ پہلے مہینے کی بارہویں تاریخ کو ہم اہاواؔ نہر سے یروشلیمؔ جانے کے لیٔے روانہ ہُوئے۔ ہمارے خُدا کا ہاتھ ہم پر تھا اَور اُنہُوں نے راستہ میں ہمیں دُشمنوں اَور رَہزنوں سے محفوظ رکھا۔ اِس طرح ہم یروشلیمؔ پہُنچے اَور وہاں تین دِن تک ٹھہرے رہے۔ چوتھے دِن ہم نے چاندی اَور سونا اَور مُقدّس ظروف کو تول کر یَاہوِہ کے گھر میں مریموتؔ بِن اورِیّاہؔ کاہِنؔ کے ہاتھ میں دے دیا۔ اُس وقت الیعزرؔ بِن فِنحاسؔ اُس کے ساتھ تھا۔ اَور اِسی طرح لیوی یُوزبادؔ بِن یہوشُعؔ اَور نوعیدیاہؔ بِن بِنّوئی بھی اُس کے ساتھ تھے۔ تمام اَشیا کا اُن کی تعداد اَور وزن کے مُطابق پُورا پُورا حِساب دیا گیا اَور تمام وزن اُسی وقت درج کر لیا گیا۔ تَب بابیل کی اسیری سے واپس آنے والوں نے تمام اِسرائیل کے لیٔے بَارہ بچھڑے، چھیانوے مینڈھے اَور ستّر نر برّے لیٔے اَور گُناہ کی قُربانی کے لیٔے بَارہ بکرے لیٔے اَور اُنہیں اِسرائیل کے یَاہوِہ کے لیٔے سوختنی نذروں کے طور پر چڑھایا۔ اُنہُوں نے بادشاہ کے فرمان بھی دریائے فراتؔ کے پار صُوبہ داروں اَور حاکموں کے حوالہ کئے اَور اُنہُوں نے بھی لوگوں کی اَور خُدا کے گھر کی مدد کی۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں عزرا 8

عزرا 15:8-36 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

مَیں یعنی عزرا نے مذکورہ لوگوں کو اُس نہر کے پاس جمع کیا جو اہاوا کی طرف بہتی ہے۔ وہاں ہم خیمے لگا کر تین دن ٹھہرے رہے۔ اِس دوران مجھے پتا چلا کہ گو عام لوگ اور امام آ گئے ہیں لیکن ایک بھی لاوی حاضر نہیں ہے۔ چنانچہ مَیں نے اِلی عزر، اری ایل، سمعیاہ، اِلناتن، یریب، اِلناتن، ناتن، زکریاہ اور مسُلّام کو اپنے پاس بُلا لیا۔ یہ سب خاندانی سرپرست تھے جبکہ شریعت کے دو اُستاد بنام یویریب اور اِلناتن بھی ساتھ تھے۔ مَیں نے اُنہیں لاویوں کی آبادی کاسفیاہ کے بزرگ اِدّو کے پاس بھیج کر وہ کچھ بتایا جو اُنہیں اِدّو، اُس کے بھائیوں اور رب کے گھر کے خدمت گاروں کو بتانا تھا تاکہ وہ ہمارے خدا کے گھر کے لئے خدمت گار بھیجیں۔ اللہ کا شفیق ہاتھ ہم پر تھا، اِس لئے اُنہوں نے ہمیں محلی بن لاوی بن اسرائیل کے خاندان کا سمجھ دار آدمی سربیاہ بھیج دیا۔ سربیاہ اپنے بیٹوں اور بھائیوں کے ساتھ پہنچا۔ کُل 18 مرد تھے۔ اِن کے علاوہ مِراری کے خاندان کے حسبیاہ اور یسعیاہ کو بھی اُن کے بیٹوں اور بھائیوں کے ساتھ ہمارے پاس بھیجا گیا۔ کُل 20 مرد تھے۔ اُن کے ساتھ رب کے گھر کے 220 خدمت گار تھے۔ اِن کے تمام نام نسب نامے میں درج تھے۔ داؤد اور اُس کے ملازموں نے اُن کے باپ دادا کو لاویوں کی خدمت کرنے کی ذمہ داری دی تھی۔ وہیں اہاوا کی نہر کے پاس ہی مَیں نے اعلان کیا کہ ہم سب روزہ رکھ کر اپنے آپ کو اپنے خدا کے سامنے پست کریں اور دعا کریں کہ وہ ہمیں ہمارے بال بچوں اور سامان کے ساتھ سلامتی سے یروشلم پہنچائے۔ کیونکہ ہمارے ساتھ فوجی اور گھڑسوار نہیں تھے جو ہمیں راستے میں ڈاکوؤں سے محفوظ رکھتے۔ بات یہ تھی کہ مَیں شہنشاہ سے یہ مانگنے سے شرم محسوس کر رہا تھا، کیونکہ ہم نے اُسے بتایا تھا، ”ہمارے خدا کا شفیق ہاتھ ہر ایک پر ٹھہرتا ہے جو اُس کا طالب رہتا ہے۔ لیکن جو بھی اُسے ترک کرے اُس پر اُس کا سخت غضب نازل ہوتا ہے۔“ چنانچہ ہم نے روزہ رکھ کر اپنے خدا سے التماس کی کہ وہ ہماری حفاظت کرے، اور اُس نے ہماری سنی۔ پھر مَیں نے اماموں کے 12 راہنماؤں کو چن لیا، نیز سربیاہ، حسبیاہ اور مزید 10 لاویوں کو۔ اُن کی موجودگی میں مَیں نے سونا چاندی اور باقی تمام سامان تول لیا جو شہنشاہ، اُس کے مشیروں اور افسروں اور وہاں کے تمام اسرائیلیوں نے ہمارے خدا کے گھر کے لئے عطا کیا تھا۔ مَیں نے تول کر ذیل کا سامان اُن کے حوالے کر دیا: تقریباً 22,000 کلو گرام چاندی، چاندی کا کچھ سامان جس کا کُل وزن تقریاً 3,400 کلو گرام تھا، 3,400 کلو گرام سونا، سونے کے 20 پیالے جن کا کُل وزن تقریباً ساڑھے 8 کلو گرام تھا، اور پیتل کے دو پالش کئے ہوئے پیالے جو سونے کے پیالوں جیسے قیمتی تھے۔ مَیں نے آدمیوں سے کہا، ”آپ اور یہ تمام چیزیں رب کے لئے مخصوص ہیں۔ لوگوں نے اپنی خوشی سے یہ سونا چاندی رب آپ کے باپ دادا کے خدا کے لئے قربان کی ہے۔ سب کچھ احتیاط سے محفوظ رکھیں، اور جب آپ یروشلم پہنچیں گے تو اِسے رب کے گھر کے خزانے تک پہنچا کر راہنما اماموں، لاویوں اور خاندانی سرپرستوں کی موجودگی میں دوبارہ تولنا۔“ پھر اماموں اور لاویوں نے سونا چاندی اور باقی سامان لے کر اُسے یروشلم میں ہمارے خدا کے گھر میں پہنچانے کے لئے محفوظ رکھا۔ ہم پہلے مہینے کے 12ویں دن اہاوا نہر سے یروشلم کے لئے روانہ ہوئے۔ اللہ کا شفیق ہاتھ ہم پر تھا، اور اُس نے ہمیں راستے میں دشمنوں اور ڈاکوؤں سے محفوظ رکھا۔ ہم یروشلم پہنچے تو پہلے تین دن آرام کیا۔ چوتھے دن ہم نے اپنے خدا کے گھر میں سونا چاندی اور باقی مخصوص سامان تول کر امام مریموت بن اُوریاہ کے حوالے کر دیا۔ اُس وقت اِلی عزر بن فینحاس اور دو لاوی بنام یوزبد بن یشوع اور نوعدیاہ بن بِنّوئی اُس کے ساتھ تھے۔ ہر چیز گنی اور تولی گئی، پھر اُس کا پورا وزن فہرست میں درج کیا گیا۔ اِس کے بعد جلاوطنی سے واپس آئے ہوئے تمام لوگوں نے اسرائیل کے خدا کو بھسم ہونے والی قربانیاں پیش کیں۔ اِس ناتے سے اُنہوں نے پورے اسرائیل کے لئے 12 بَیل، 96 مینڈھے، بھیڑ کے 77 بچے اور گناہ کی قربانی کے 12 بکرے قربان کئے۔ مسافروں نے دریائے فرات کے مغربی علاقے کے گورنروں اور حاکموں کو شہنشاہ کی ہدایات پہنچائیں۔ اِن کو پڑھ کر اُنہوں نے اسرائیلی قوم اور اللہ کے گھر کی حمایت کی۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں عزرا 8

عزرا 15:8-36 کِتابِ مُقادّس (URD)

پِھر مَیں نے اُن کو اُس دریا کے پاس جو اہاوا کی سِمت کو بہتا ہے اِکٹّھا کِیا اور وہاں ہم تِین دِن خَیموں میں رہے اور مَیں نے لوگوں اور کاہِنوں کا مُلاحظہ کِیا پر بنی لاوی میں سے کِسی کو نہ پایا۔ تب مَیں نے الِیعزر اور ارِیئیل اور سمعیاؔہ اور اِلناتن اور یرِیب اور اِلناتن اور ناتن اور زکرؔیاہ اور مسلاّؔم کو جو رئِیس تھے اور یُویرِؔیب اور اِلناتن کو جو مُعلِّم تھے بُلوایا۔ اور مَیں نے اُن کو کسِیفیا نام ایک مقام میں اِدُّو سردار کے پاس بھیجا اور جو کُچھ اُن کو اِدُّو اور اُس کے بھائیوں نتنیِم سے کسِیفیا میں کہنا تھا بتایا کہ وہ ہمارے خُدا کے گھر کے لِئے خِدمت کرنے والے ہمارے پاس لے آئیں۔ اور چُونکہ ہمارے خُدا کی شفقت کا ہاتھ ہم پر تھا اِس لِئے وہ محلی بِن لاوی بِن اِسرائیل کی اَولاد میں سے ایک دانِش مند شخص کو اور سرِبیاؔہ کو اور اُس کے بیٹوں اور بھائیوں یعنی اٹّھارہ آدمِیوں کو۔ اور حسبیاؔہ کو اور اُس کے ساتھ بنی مراری میں سے یسعیاہ کو اور اُس کے بھائیوں اور اُن کے بیٹوں کو یعنی بِیس آدمِیوں کو۔ اور نتنِیم میں سے جِن کو داؤُد اور امِیروں نے لاویوں کی خِدمت کے لِئے مُقرّر کِیا تھا دو سَو بِیس نتنیِم کو لے آئے۔ اِن سبھوں کے نام بتا دِئے گئے تھے۔ تب مَیں نے اہاوا کے دریا پر روزہ کی مُنادی کرائی تاکہ ہم اپنے خُدا کے حضُور اُس سے اپنے اور اپنے بال بچّوں اور اپنے مال کے لِئے سِیدھی راہ طلب کرنے کو فروتن بنیں۔ کیونکہ مَیں نے شرم کے باعِث بادشاہ سے سپاہِیوں کے جتھے اور سواروں کے لِئے درخواست نہ کی تھی تاکہ وہ راہ میں دُشمن کے مُقابلہ میں ہماری مدد کریں کیونکہ ہم نے بادشاہ سے کہا تھا کہ ہمارے خُدا کا ہاتھ بھلائی کے لِئے اُن سب کے ساتھ ہے جو اُس کے طالِب ہیں اور اُس کا زور اور قہر اُن سب کے خِلاف ہے جو اُسے ترک کرتے ہیں۔ سو ہم نے روزہ رکھ کر اِس بات کے لِئے اپنے خُدا سے مِنّت کی اور اُس نے ہماری سُنی۔ تب مَیں نے سردار کاہِنوں میں سے بارہ کو یعنی سرِبیاؔہ اور حسبیاؔہ اور اُن کے ساتھ اُن کے بھائیوں میں سے دس کو الگ کِیا۔ اور اُن کو وہ چاندی سونا اور ظرُوف یعنی وہ ہدیہ جو ہمارے خُدا کے گھر کے لِئے بادشاہ اور اُس کے وزِیروں اور امِیروں اور تمام اِسرائیل نے جو وہاں حاضِر تھے نذر کِیا تھا تول دِیا۔ مَیں ہی نے اُن کے ہاتھ میں ساڑھے چھ سو قِنطار چاندی اور سَو قِنطار چاندی کے برتن اور سَو قِنطار سونا۔ اور سونے کے بِیس پِیالے جو ہزار دِرہم کے تھے اور چوکھے چمکتے ہُوئے پِیتل کے دو برتن جو سونے کی طرح قِیمتی تھے تول کر دِئے۔ اور مَیں نے اُن سے کہا کہ تُم خُداوند کے لِئے مُقدّس ہو اور یہ برتن بھی مُقدّس ہیں اور یہ چاندی اور سونا خُداوند تُمہارے باپ دادا کے خُدا کے لِئے رضا کی قُربانی ہے۔ سو ہوشیار رہنا جب تک یروشلیِم میں خُداوند کے گھر کی کوٹھرِیوں میں سردار کاہِنوں اور لاویوں اور اِسرائیل کے آبائی خاندانوں کے امِیروں کے سامنے اُن کو تول نہ دو اُن کی حِفاظت کرنا۔ سو کاہِنوں اور لاویوں نے سونے اور چاندی اور برتنوں کو تول کر لِیا تاکہ اُن کو یروشلیِم میں ہمارے خُدا کے گھر میں پُہنچائیں۔ پِھر ہم پہلے مہِینے کی بارھوِیں تارِیخ کو اہاوا کے دریا سے روانہ ہُوئے کہ یروشلیِم کو جائیں اور ہمارے خُدا کا ہاتھ ہمارے ساتھ تھا اور اُس نے ہم کو دُشمنوں اور راستہ میں گھات لگانے والوں کے ہاتھ سے بچایا۔ اور ہم یروشلیِم پُہنچ کر تِین دِن تک ٹھہرے رہے۔ اور چَوتھے دِن وہ چاندی اور سونا اور برتن ہمارے خُدا کے گھر میں تول کر کاہِن مرِیموؔت بِن اُورِؔیاہ کے ہاتھ میں دِئے گئے اور اُس کے ساتھ الِیعزر بِن فِینحاؔس تھا اور اُن کے ساتھ یہ لاوی تھے یعنی یُوزاباد بِن یشُوع اور نَوعِیدؔیاہ بِن بِنوی۔ سب چِیزوں کو گِن کر اور تول کر پُورا وزن اُسی وقت لِکھ لِیا گیا۔ اور اسِیری میں سے اُن لوگوں نے جو جَلاوطنی سے لَوٹ آئے تھے اِسرائیل کے خُدا کے لِئے سوختنی قُربانِیاں چڑھائیں یعنی سارے اِسرائیل کے لِئے بارہ بچھڑے اور چھیانوے مینڈھے اور ستتّر برّے اور خطا کی قُربانی کے لِئے بارہ بکرے۔ یہ سب خُداوند کے لِئے سوختنی قُربانی تھی۔ اور اُنہوں نے بادشاہ کے فرمانوں کو بادشاہ کے نائبوں اور دریا پار کے حاکِموں کے حوالہ کِیا اور اُنہوں نے لوگوں کی اور خُدا کے گھر کی حِمایت کی۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں عزرا 8