YouVersion Logo
تلاش

عزرا 1:5-17

عزرا 1:5-17 کِتابِ مُقادّس (URD)

پِھر نبی یعنی حجُّی نبی اور زکریاہ بِن عِدُّو اُن یہُودیوں کے سامنے جو یہُوداؔہ اور یرُوشلِیم میں تھے نبُوّت کرنے لگے اُنہوں نے اِسرائیل کے خُدا کے نام سے اُن کے سامنے نبُوّت کی۔ تب زرُبّابل بِن سِالتی ایل اور یشُوع بِن یُوصدؔق اُٹھے اور خُدا کے گھر کو جو یروشلیِم میں ہے بنانے لگے اور خُدا کے وہ نبی اُن کے ساتھ ہو کر اُن کی مدد کرتے تھے۔ اُن ہی دِنوں دریا پار کا حاکِم تتّنی اور شتربوزؔنَی اور اُن کے ساتھی اُن کے پاس آ کر اُن سے کہنے لگے کہ کِس کے فرمان سے تُم اِس گھر کو بناتے اور اِس فصِیل کو تمام کرتے ہو؟ تب ہم نے اُن سے اِس طرح کہا کہ اُن لوگوں کے کیا نام ہیں جو اِس عِمارت کو بنا رہے ہیں؟ پر یہُودیوں کے بزُرگوں پر اُن کے خُدا کی نظر تھی۔ سو اُنہوں نے اُن کو نہ روکا جب تک کہ وہ مُعاملہ دارا تک نہ پُہنچا اور پِھر اِس کے بارے میں خط کے ذرِیعہ سے جواب نہ آیا۔ اُس خط کی نقل جو دریا پار کے حاکِم تتّنی اور شتربوزؔنَی اور اُس کے افارسکی رفِیقوں نے جو دریا پار تھے دارا بادشاہ کو بھیجا۔ اُنہوں نے اُس کے پاس ایک خط بھیجا جِس میں یُوں لِکھا تھا دارا بادشاہ کی ہر طرح سلامتی ہو! بادشاہ کو معلُوم ہو کہ ہم یہُوداؔہ کے صُوبہ میں خُدای تعالیٰ کے گھر کو گئے۔ وہ بڑے بڑے پتّھروں سے بن رہا ہے اور دِیواروں پر کڑیاں دھری جا رہی ہیں اور کام خُوب کوشِش سے ہو رہا ہے اور اُن کے ہاتھوں ترقّی پا رہا ہے۔ تب ہم نے اُن بزُرگوں سے سوال کِیا اور اُن سے یُوں کہا کہ تُم کِس کے فرمان سے اِس گھر کو بناتے اور اِس دِیوار کو تمام کرتے ہو؟ اور ہم نے اُن کے نام بھی پُوچھے تاکہ ہم اُن لوگوں کے نام لِکھ کر حضُور کو خبر دیں کہ اُن کے سردار کَون ہیں۔ اور اُنہوں نے ہم کو یُوں جواب دِیا کہ ہم زمِین و آسمان کے خُدا کے بندے ہیں اور وُہی مسکن بنا رہے ہیں جِسے بنے بُہت برس ہُوئے اور جِسے اِسرائیل کے ایک بڑے بادشاہ نے بنا کر تیّار کِیا تھا۔ لیکن جب ہمارے باپ دادا نے آسمان کے خُدا کو غُصّہ دِلایا تو اُس نے اُن کو شاہِ بابل نبُوکدؔنضر کسدی کے ہاتھ میں کر دِیا جِس نے اِس گھر کو اُجاڑ دِیا اور لوگوں کو بابل کو لے گیا۔ لیکن شاہِ بابل خورس کے پہلے سال خورس بادشاہ نے حُکم دِیا کہ خُدا کا یہ گھر بنایا جائے۔ اور خُدا کے گھر کے سونے اور چاندی کے ظرُوف کو بھی جِن کو نبُوکدؔنضر یروشلیِم کی ہَیکل سے نِکال کر بابل کے مندِر میں لے آیا تھا اُن کو خورس بادشاہ نے بابل کے مندِر سے نِکالا اور اُن کو شیسبضّر نامی ایک شخص کو جِسے اُس نے حاکِم بنایا تھا سَونپ دِیا۔ اور اُس سے کہا کہ اِن برتنوں کو لے اور جا اور اِن کو یروشلیِم کی ہَیکل میں رکھ اور خُدا کا مسکن اپنی جگہ پر بنایا جائے۔ تب اُسی شیسبضّر نے آ کر خُدا کے گھر کی جو یروشلیِم میں ہے بُنیاد ڈالی اور اُس وقت سے اب تک یہ بن رہا ہے پر ابھی تیّار نہیں ہُؤا۔ سو اب اگر بادشاہ مُناسِب جانے تو بادشاہ کے دَولت خانہ میں جو بابل میں ہے تفتِیش کی جائے کہ خورس بادشاہ نے خُدا کے اِس گھر کو یروشلیِم میں بنانے کا حُکم دِیا تھا یا نہیں اور اِس مُعاملہ میں بادشاہ اپنی مرضی ہم پر ظاہِر کرے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں عزرا 5

عزرا 1:5-17 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

ایک دن دونبی بنام حجی اور زکریاہ بن عِدّو اُٹھ کر اسرائیل کے خدا کے نام میں جو اُن کے اوپر تھا یہوداہ اور یروشلم کے یہودیوں کے سامنے نبوّت کرنے لگے۔ اُن کے حوصلہ افزا الفاظ سن کر زرُبابل بن سیالتی ایل اور یشوع بن یوصدق نے فیصلہ کیا کہ ہم دوبارہ یروشلم میں اللہ کے گھر کی تعمیر شروع کریں گے۔ دونوں نبی اِس میں اُن کے ساتھ تھے اور اُن کی مدد کرتے رہے۔ لیکن جوں ہی کام شروع ہوا تو دریائے فرات کے مغربی علاقے کے گورنر تتّنی اور شتربوزنی اپنے ہم خدمت افسروں سمیت یروشلم پہنچے۔ اُنہوں نے پوچھا، ”کس نے آپ کو یہ گھر بنانے اور اِس کا ڈھانچا تکمیل تک پہنچانے کی اجازت دی؟ اِس کام کے لئے ذمہ دار آدمیوں کے نام ہمیں بتائیں!“ لیکن اُن کا خدا یہوداہ کے بزرگوں کی نگرانی کر رہا تھا، اِس لئے اُنہیں روکا نہ گیا۔ کیونکہ لوگوں نے سوچا کہ پہلے دارا بادشاہ کو اطلاع دی جائے۔ جب تک وہ فیصلہ نہ کرے اُس وقت تک کام روکا نہ جائے۔ پھر دریائے فرات کے مغربی علاقے کے گورنر تتّنی، شتربوزنی اور اُن کے ہم خدمت افسروں نے دارا بادشاہ کو ذیل کا خط بھیجا، ”دارا بادشاہ کو دل کی گہرائیوں سے سلام کہتے ہیں! شہنشاہ کو علم ہو کہ صوبہ یہوداہ میں جا کر ہم نے دیکھا کہ وہاں عظیم خدا کا گھر بنایا جا رہا ہے۔ اُس کے لئے بڑے تراشے ہوئے پتھر استعمال ہو رہے ہیں اور دیواروں میں شہتیر لگائے جا رہے ہیں۔ لوگ بڑی جاں فشانی سے کام کر رہے ہیں، اور مکان اُن کی محنت کے باعث تیزی سے بن رہا ہے۔ ہم نے بزرگوں سے پوچھا، ’کس نے آپ کو یہ گھر بنانے اور اِس کا ڈھانچا تکمیل تک پہنچانے کی اجازت دی ہے؟‘ ہم نے اُن کے نام بھی معلوم کئے تاکہ لکھ کر آپ کو بھیج سکیں۔ اُنہوں نے ہمیں جواب دیا، ’ہم آسمان و زمین کے خدا کے خادم ہیں، اور ہم اُس گھر کو از سرِ نو تعمیر کر رہے ہیں جو بہت سال پہلے یہاں قائم تھا۔ اسرائیل کے ایک عظیم بادشاہ نے اُسے قدیم زمانے میں بنا کر تکمیل تک پہنچایا تھا۔ لیکن ہمارے باپ دادا نے آسمان کے خدا کو طیش دلایا، اور نتیجے میں اُس نے اُنہیں بابل کے بادشاہ نبوکدنضر کے حوالے کر دیا جس نے رب کے گھر کو تباہ کر دیا اور قوم کو قید کر کے بابل میں بسا دیا۔ لیکن بعد میں جب خورس بادشاہ بن گیا تو اُس نے اپنی حکومت کے پہلے سال میں حکم دیا کہ اللہ کے اِس گھر کو دوبارہ تعمیر کیا جائے۔ ساتھ ساتھ اُس نے سونے چاندی کی وہ چیزیں واپس کر دیں جو نبوکدنضر نے یروشلم میں اللہ کے گھر سے لُوٹ کر بابل کے مندر میں رکھ دی تھیں۔ خورس نے یہ چیزیں ایک آدمی کے سپرد کر دیں جس کا نام شیس بضر تھا اور جسے اُس نے یہوداہ کا گورنر مقرر کیا تھا۔ اُس نے اُسے حکم دیا کہ سامان کو یروشلم لے جاؤ اور رب کے گھر کو پرانی جگہ پر از سرِ نو تعمیر کر کے یہ چیزیں اُس میں محفوظ رکھو۔ تب شیس بضر نے یروشلم آ کر اللہ کے گھر کی بنیاد رکھی۔ اُسی وقت سے یہ عمارت زیرِ تعمیر ہے، اگرچہ یہ آج تک مکمل نہیں ہوئی۔‘ چنانچہ اگر شہنشاہ کو منظور ہو تو وہ تفتیش کریں کہ کیا بابل کے شاہی دفتر میں کوئی ایسی دستاویز موجود ہے جو اِس بات کی تصدیق کرے کہ خورس بادشاہ نے یروشلم میں رب کے گھر کو از سرِ نو تعمیر کرنے کا حکم دیا۔ گزارش ہے کہ شہنشاہ ہمیں اپنا فیصلہ پہنچا دیں۔“

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں عزرا 5