حزقی ایل 1:37-14
حزقی ایل 1:37-14 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
ایک دن رب کا ہاتھ مجھ پر آ ٹھہرا۔ رب نے مجھے اپنے روح سے باہر لے جا کر ایک کھلی وادی کے بیچ میں کھڑا کیا۔ وادی ہڈیوں سے بھری تھی۔ اُس نے مجھے اُن میں سے گزرنے دیا تو مَیں نے دیکھا کہ وادی کی زمین پر بےشمار ہڈیاں بکھری پڑی ہیں۔ یہ ہڈیاں سراسر سوکھی ہوئی تھیں۔ رب نے مجھ سے پوچھا، ”اے آدم زاد، کیا یہ ہڈیاں دوبارہ زندہ ہو سکتی ہیں؟“ مَیں نے جواب دیا، ”اے رب قادرِ مطلق، تُو ہی جانتا ہے۔“ تب اُس نے فرمایا، ”نبوّت کر کے ہڈیوں کو بتا، ’اے سوکھی ہوئی ہڈیو، رب کا کلام سنو! رب قادرِ مطلق فرماتا ہے کہ مَیں تم میں دم ڈالوں گا تو تم دوبارہ زندہ ہو جاؤ گی۔ مَیں تم پر نسیں اور گوشت چڑھا کر سب کچھ جِلد سے ڈھانپ دوں گا۔ مَیں تم میں دم ڈال دوں گا، اور تم زندہ ہو جاؤ گی۔ تب تم جان لو گی کہ مَیں ہی رب ہوں‘۔“ مَیں نے ایسا ہی کیا۔ اور جوں ہی مَیں نبوّت کرنے لگا تو شور مچ گیا۔ ہڈیاں کھڑکھڑاتے ہوئے ایک دوسری کے ساتھ جُڑ گئیں، اور ہوتے ہوتے پورے ڈھانچے بن گئے۔ میرے دیکھتے دیکھتے نسیں اور گوشت ڈھانچوں پر چڑھ گیا اور سب کچھ جِلد سے ڈھانپا گیا۔ لیکن اب تک جسموں میں دم نہیں تھا۔ پھر رب نے فرمایا، ”اے آدم زاد، نبوّت کر کے دم سے مخاطب ہو جا، ’اے دم، رب قادرِ مطلق فرماتا ہے کہ چاروں طرف سے آ کر مقتولوں پر پھونک مار تاکہ دوبارہ زندہ ہو جائیں‘۔“ مَیں نے ایسا ہی کیا تو مقتولوں میں دم آ گیا، اور وہ زندہ ہو کر اپنے پاؤں پر کھڑے ہو گئے۔ ایک نہایت بڑی فوج وجود میں آ گئی تھی! تب رب نے فرمایا، ”اے آدم زاد، یہ ہڈیاں اسرائیلی قوم کے تمام افراد ہیں۔ وہ کہتے ہیں، ’ہماری ہڈیاں سوکھ گئی ہیں، ہماری اُمید جاتی رہی ہے۔ ہم ختم ہی ہو گئے ہیں!‘ چنانچہ نبوّت کر کے اُنہیں بتا، ’رب قادرِ مطلق فرماتا ہے کہ اے میری قوم، مَیں تمہاری قبروں کو کھول دوں گا اور تمہیں اُن میں سے نکال کر ملکِ اسرائیل میں واپس لاؤں گا۔ اے میری قوم، جب مَیں تمہاری قبروں کو کھول دوں گا اور تمہیں اُن میں سے نکال لاؤں گا تب تم جان لو گے کہ مَیں ہی رب ہوں۔ مَیں اپنا روح تم میں ڈال دوں گا تو تم زندہ ہو جاؤ گے۔ پھر مَیں تمہیں تمہارے اپنے ملک میں بسا دوں گا۔ تب تم جان لو گے کہ یہ میرا، رب کا فرمان ہے اور مَیں یہ کروں گا بھی‘۔“
حزقی ایل 1:37-14 کِتابِ مُقادّس (URD)
خُداوند کا ہاتھ مُجھ پر تھا اور اُس نے مُجھے اپنی رُوح میں اُٹھا لِیا اور اُس وادی میں جو ہڈِّیوں سے پُر تھی مُجھے اُتار دِیا۔ اور مُجھے اُن کے آس پاس چَوگِرد پِھرایا اور دیکھ وہ وادی کے مَیدان میں بکثرت اور نِہایت سُوکھی تھِیں۔ اور اُس نے مُجھے فرمایا اَے آدمؔ زاد کیا یہ ہڈِّیاں زِندہ ہو سکتی ہیں؟ مَیں نے جواب دِیا اَے خُداوند خُدا تُو ہی جانتا ہے۔ پِھر اُس نے مُجھے فرمایا تُو اِن ہڈِّیوں پر نبُوّت کر اور اِن سے کہہ اَے سُوکھی ہڈِّیو خُداوند کا کلام سُنو۔ خُداوند خُدا اِن ہڈِّیوں کو یُوں فرماتا ہے کہ مَیں تُمہارے اندر رُوح ڈالُوں گا اور تُم زِندہ ہو جاؤ گی۔ اور تُم پر نسیں پَھیلاؤُں گا اور گوشت چڑھاؤُں گا اور تُم کو چمڑا پہناؤُں گا اور تُم میں دَم پُھونکُوں گا اور تُم زِندہ ہو گی اور جانو گی کہ مَیں خُداوند ہُوں۔ پس مَیں نے حُکم کے مُطابِق نبُوّت کی اور جب مَیں نبُوّت کر رہا تھا تو ایک شور ہُؤا اور دیکھ زلزلہ آیا اور ہڈِّیاں آپس میں مِل گئِیں۔ ہر ایک ہڈّی اپنی ہڈّی سے۔ اور مَیں نے نِگاہ کی تو کیا دیکھتا ہُوں کہ نسیں اور گوشت اُن پر چڑھ آئے اور اُن پر چمڑے کی پوشِش ہو گئی پر اُن میں دَم نہ تھا۔ تب اُس نے مُجھے فرمایا کہ نبُوّت کر۔ تُو ہوا سے نبُوّت کر اَے آدمؔ زاد اور ہوا سے کہہ خُداوند خُدا یُوں فرماتا ہے کہ اَے دَم تُو چاروں طرف سے آ اور اِن مقتُولوں پر پُھونک کہ زِندہ ہو جائیں۔ پس مَیں نے حُکم کے مُطابِق نبُوّت کی اور اُن میں دَم آیا اور وہ زِندہ ہو کر اپنے پاؤں پر کھڑی ہُوئِیں۔ ایک نِہایت بڑا لشکر۔ تب اُس نے مُجھے فرمایا اَے آدمؔ زاد یہ ہڈِّیاں تمام بنی اِسرائیل ہیں۔ دیکھ یہ کہتے ہیں ہماری ہڈِّیاں سُوکھ گئِیں اور ہماری اُمّید جاتی رہی۔ ہم تو بِالکُل فنا ہو گئے۔ اِس لِئے تُو نبُوّت کر اور اِن سے کہہ خُداوند خُدا یُوں فرماتا ہے کہ اَے میرے لوگو دیکھو مَیں تُمہاری قبروں کو کھولُوں گا اور تُم کو اُن سے باہر نِکالُوں گا اور اِسرائیل کے مُلک میں لاؤُں گا۔ اور اَے میرے لوگو جب مَیں تُمہاری قبروں کو کھولُوں گا اور تُم کو اُن سے باہر نِکالُوں گا تب تُم جانو گے کہ خُداوند مَیں ہُوں۔ اور مَیں اپنی رُوح تُم میں ڈالُوں گا اور تُم زِندہ ہو جاؤ گے اور مَیں تُم کو تُمہارے مُلک میں بساؤُں گا تب تُم جانو گے کہ مَیں خُداوند نے فرمایا اور پُورا کِیا خُداوند فرماتا ہے۔