خروج 1:33-6
خروج 1:33-6 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)
پھر یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا، ”تُم اَور وہ لوگ جنہیں مِصر سے نکال لائے، یہ جگہ چھوڑکر اُس مُلک کی طرف روانہ ہو جِس کا مَیں نے قَسم کھا کر اَبراہامؔ، اِصحاقؔ اَور یعقوب سے یہ وعدہ کیا تھا، ’میں اُنہیں تمہاری نَسل کو دے دُوں گا۔‘ اَور مَیں اَپنے فرشتہ کو تمہارے آگے آگے بھیجوں گا اَور مَیں کنعانیوں، امُوریوں، حِتّیوں، پَرزّیوں، حِوّیوں اَور یبُوسیوں کو نکال دُوں گا۔ اُس مُلک میں جہاں دُودھ اَور شہد بہتا ہے داخل ہو۔ لیکن مَیں تمہارے ساتھ نہ جاؤں گا کیونکہ تُم ایک ضِدّی قوم ہو اَور کہیں اَیسا نہ ہو کہ میں تُمہیں راہ ہی میں فنا کر ڈالوں۔“ جَب لوگوں نے یہ وحشتناک الفاظ سُنے تو غمزدہ ہو گئے اَور کسی نے بھی کویٔی زیور نہ پہنا۔ کیونکہ یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا تھا، ”بنی اِسرائیل کو کہہ دیں، ’تُم ایک ضِدّی قوم ہو اَور اگر مَیں ایک لمحہ کے لیٔے بھی تمہارے ساتھ چلُوں تو تُمہیں فنا کر سَکتا ہُوں۔ لہٰذا اَپنے زیورات اُتار ڈالو تَب میں فیصلہ کروں گا کہ تمہارے ساتھ کیا کرنا چاہیے۔‘ “ چنانچہ بنی اِسرائیل نے حورِبؔ پہاڑ پر اَپنے زیورات اُتار ڈالے۔
خروج 1:33-6 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)
رب نے موسیٰ سے کہا، ”اِس جگہ سے روانہ ہو جا۔ اُن لوگوں کو لے کر جن کو تُو مصر سے نکال لایا ہے اُس ملک کو جا جس کا وعدہ مَیں نے ابراہیم، اسحاق اور یعقوب سے کیا ہے۔ اُن ہی سے مَیں نے قَسم کھا کر کہا تھا، ’مَیں یہ ملک تمہاری اولاد کو دوں گا۔‘ مَیں تیرے آگے آگے فرشتہ بھیج کر کنعانی، اموری، حِتّی، فرِزّی، حِوّی اور یبوسی اقوام کو اُس ملک سے نکال دوں گا۔ اُٹھ، اُس ملک کو جا جہاں دودھ اور شہد کی کثرت ہے۔ لیکن مَیں ساتھ نہیں جاؤں گا۔ تم اِتنے ہٹ دھرم ہو کہ اگر مَیں ساتھ جاؤں تو خطرہ ہے کہ تمہیں وہاں پہنچنے سے پہلے ہی برباد کر دوں۔“ جب اسرائیلیوں نے یہ سخت الفاظ سنے تو وہ ماتم کرنے لگے۔ کسی نے بھی اپنے زیور نہ پہنے، کیونکہ رب نے موسیٰ سے کہا تھا، ”اسرائیلیوں کو بتا کہ تم ہٹ دھرم ہو۔ اگر مَیں ایک لمحہ بھی تمہارے ساتھ چلوں تو خطرہ ہے کہ مَیں تمہیں تباہ کر دوں۔ اب اپنے زیورات اُتار ڈالو۔ پھر مَیں فیصلہ کروں گا کہ تمہارے ساتھ کیا کِیا جائے۔“ اِن الفاظ پر اسرائیلیوں نے حورب یعنی سینا پہاڑ پر اپنے زیور اُتار دیئے۔
خروج 1:33-6 کِتابِ مُقادّس (URD)
اور خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا کہ اُن لوگوں کو اپنے ساتھ لے کر جِن کو تُو مُلکِ مِصرؔ سے نِکال کر لایا یہاں سے اُس مُلک کی طرف روانہ ہو جِس کے بارے میں ابرہامؔ اور اِضحاقؔ اور یعقُوبؔ سے مَیں نے قَسم کھا کر کہا تھا کہ اِسے مَیں تیری نسل کو دُوں گا۔ اور مَیں تیرے آگے آگے ایک فرِشتہ کو بھیجُوں گا اور مَیں کنعانیوں اور امورِیوں اور حِتّیوں اور فرزّیوں اور حوّیوں اور یبوسیوں کو نِکال دُوں گا۔ اُس مُلک میں دُودھ اور شہد بہتا ہے اور چُونکہ تُو گردن کش قَوم ہے اِس لِئے مَیں تیرے بِیچ میں ہو کر نہ چلُوں گا تا اَیسا نہ ہو کہ مَیں تُجھ کو راہ میں فنا کر ڈالُوں۔ لوگ اِس وحشت ناک خبر کو سُن کر غمگِین ہُوئے اور کِسی نے اپنے زیور نہ پہنے۔ کیونکہ خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہہ دِیا تھا کہ بنی اِسرائیل سے کہنا کہ تُم گردن کش لوگ ہو۔ اگر مَیں ایک لمحہ بھی تیرے بِیچ میں ہو کر چلُوں تو تُجھ کو فنا کر دُوں گا۔ سو تُو اپنے زیور اُتار ڈال تاکہ مُجھے معلُوم ہو کہ تیرے ساتھ کیا کرنا چاہِئے۔ چُنانچہ بنی اِسرائیل حورِبؔ پہاڑ سے لے کر آگے آگے اپنے زیوروں کو اُتارے رہے۔