YouVersion Logo
تلاش

خروج 1:33-23

خروج 1:33-23 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

پھر یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا، ”تُم اَور وہ لوگ جنہیں مِصر سے نکال لائے، یہ جگہ چھوڑکر اُس مُلک کی طرف روانہ ہو جِس کا مَیں نے قَسم کھا کر اَبراہامؔ، اِصحاقؔ اَور یعقوب سے یہ وعدہ کیا تھا، ’میں اُنہیں تمہاری نَسل کو دے دُوں گا۔‘ اَور مَیں اَپنے فرشتہ کو تمہارے آگے آگے بھیجوں گا اَور مَیں کنعانیوں، امُوریوں، حِتّیوں، پَرزّیوں، حِوّیوں اَور یبُوسیوں کو نکال دُوں گا۔ اُس مُلک میں جہاں دُودھ اَور شہد بہتا ہے داخل ہو۔ لیکن مَیں تمہارے ساتھ نہ جاؤں گا کیونکہ تُم ایک ضِدّی قوم ہو اَور کہیں اَیسا نہ ہو کہ میں تُمہیں راہ ہی میں فنا کر ڈالوں۔“ جَب لوگوں نے یہ وحشتناک الفاظ سُنے تو غمزدہ ہو گئے اَور کسی نے بھی کویٔی زیور نہ پہنا۔ کیونکہ یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا تھا، ”بنی اِسرائیل کو کہہ دیں، ’تُم ایک ضِدّی قوم ہو اَور اگر مَیں ایک لمحہ کے لیٔے بھی تمہارے ساتھ چلُوں تو تُمہیں فنا کر سَکتا ہُوں۔ لہٰذا اَپنے زیورات اُتار ڈالو تَب میں فیصلہ کروں گا کہ تمہارے ساتھ کیا کرنا چاہیے۔‘ “ چنانچہ بنی اِسرائیل نے حورِبؔ پہاڑ پر اَپنے زیورات اُتار ڈالے۔ اَور مَوشہ ایک خیمہ اِجتماع لے کر اُسے چھاؤنی کے باہر کچھ دُور لگا لیا کرتے تھے جِس کا نام اُنہُوں نے ”خیمہ اِجتماع رکھا تھا۔“ اَورجو کویٔی یَاہوِہ کا طالب ہوتا وہ چھاؤنی کے باہر اُس خیمہ اِجتماع کی طرف چلا جاتا تھا۔ جَب کبھی مَوشہ باہر اُس خیمہ کی طرف جاتے تو تمام لوگ اُٹھ اُٹھ کر اَپنے خیموں کے دروازہ پر کھڑے ہو جاتے اَور جَب تک مَوشہ اُس خیمہ کے اَندر داخل نہ ہو جاتے اُنہیں دیکھتے رہتے۔ اَور جَب مَوشہ خیمہ کے اَندر چلے جاتے تو بادل کا سُتون نیچے اُترتا اَور دروازہ پر جاتا اَور یَاہوِہ مَوشہ سے باتیں کرنے لگتے۔ اَور جَب بھی لوگ بادل کے سُتون کو خیمہ کے دروازہ پر کھڑا دیکھتے تو سَب کے سَب کھڑے ہو جاتے اَور اَپنے اَپنے خیمہ کے دروازہ پر یَاہوِہ کو سَجدہ کرتے۔ اَور یَاہوِہ مَوشہ سے رُوبرو باتیں کرتے تھے، جَیسے کویٔی اَپنے دوست سے باتیں کرتا ہے۔ پھر مَوشہ چھاؤنی کو واپس لَوٹ آتے مگر اُن کا خادِم یہوشُعؔ بِن نُونؔ جو جَوان اِنسان تھا خیمہ ہی میں رہتا تھا۔ مَوشہ نے یَاہوِہ سے کہا، ”آپ مُجھ سے کہتے رہے ہیں، ’اِن لوگوں کی رہبری کرو،‘ لیکن آپ نے یہ نہیں بتایا کہ میرے ساتھ کِس کو بھیجیں گے۔ آپ نے یہ بھی فرمایا، ’میں تُمہیں نام سے جانتا ہُوں اَور آپ نے مُجھ پر مہربانی کی ہے۔‘ پس اگر آپ مُجھ سے خُوش ہیں تو مُجھے اَپنے طریقے سکھائیں، تاکہ مَیں آپ کو جان سکوں اَور آپ کی نظر میں افضل ٹھہروں۔ خیال رکھیں کہ یہ قوم آپ کی ہی اُمّت ہے۔“ یَاہوِہ نے جَواب دیا، ”میری حُضُوری تمہارے ساتھ جائے گی اَور مَیں تُمہیں اِطمینان بخشوں گا۔“ تَب مَوشہ نے اُن سے کہا، ”اگر آپ کی حُضُوری ہمارے ساتھ نہ ہوگی تو آپ ہمیں یہاں سے آگے نہ بھیجیں۔ کیسے مَعلُوم ہوگا کہ آپ مُجھ سے اَور اَپنے لوگوں سے راضی ہیں جَب تک کہ آپ ہمارے ساتھ نہ جائیں؟ اِسی سے تو ظاہر ہوگا کہ میں اَور آپ کے لوگ رُوئے زمین کی ساری قوموں میں اِمتیازی حیثیّت رکھتے ہیں۔“ اَور یَاہوِہ نے مَوشہ سے کہا، ”جِس بات کے لیٔے آپ نے درخواست کی ہے میں اُسے ضروُر پُوری کروں گا کیونکہ مَیں آپ سے راضی ہُوں اَور مَیں تُمہیں تمہارے نام سے جانتا ہُوں۔“ تَب مَوشہ نے کہا، ”اَب مُجھے اَپنا جلال دِکھائیں۔“ اَور یَاہوِہ نے فرمایا، ”میں اَپنا جلال تمہارے سامنے عیاں کروں گا اَور اَپنا نام خُداوؔند کا تمہاری مَوجُودگی میں اعلان کروں گا۔ جِس پر مُجھے رحم کرنا منظُور ہوگا اُس پر رحم کروں گا، اَور جِس پر ترس کھانا منظُور ہوگا اُس پر ترس کھاؤں گا۔“ اَور یہ بھی کہا، ”تُم میرا چہرہ نہیں دیکھ سکتے کیونکہ کویٔی بھی اِنسان مُجھے دیکھ کر زندہ نہیں رہ سَکتا۔“ پھر یَاہوِہ نے فرمایا، ”میرے قریب ہی ایک جگہ ہے وہاں تُم ایک چٹّان پر کھڑے ہو جاؤ۔ اَور جَب میرا جلال وہاں سے گزرے گا تو میں تُمہیں اُس چٹّان کے شگاف میں رکھوں گا اَور اَپنے ہاتھ سے تُمہیں اُس وقت تک ڈھانکے رہُوں گا جَب تک کہ میں گزر نہ جاؤں۔ پھر میں اَپنا ہاتھ ہٹا لُوں گا اَور تمہاری نظر میرے چہرے پر پڑےگی لیکن تُمہیں میرا چہرہ ہرگز دِکھائی نہیں دے گا۔“

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں خروج 33

خروج 1:33-23 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

رب نے موسیٰ سے کہا، ”اِس جگہ سے روانہ ہو جا۔ اُن لوگوں کو لے کر جن کو تُو مصر سے نکال لایا ہے اُس ملک کو جا جس کا وعدہ مَیں نے ابراہیم، اسحاق اور یعقوب سے کیا ہے۔ اُن ہی سے مَیں نے قَسم کھا کر کہا تھا، ’مَیں یہ ملک تمہاری اولاد کو دوں گا۔‘ مَیں تیرے آگے آگے فرشتہ بھیج کر کنعانی، اموری، حِتّی، فرِزّی، حِوّی اور یبوسی اقوام کو اُس ملک سے نکال دوں گا۔ اُٹھ، اُس ملک کو جا جہاں دودھ اور شہد کی کثرت ہے۔ لیکن مَیں ساتھ نہیں جاؤں گا۔ تم اِتنے ہٹ دھرم ہو کہ اگر مَیں ساتھ جاؤں تو خطرہ ہے کہ تمہیں وہاں پہنچنے سے پہلے ہی برباد کر دوں۔“ جب اسرائیلیوں نے یہ سخت الفاظ سنے تو وہ ماتم کرنے لگے۔ کسی نے بھی اپنے زیور نہ پہنے، کیونکہ رب نے موسیٰ سے کہا تھا، ”اسرائیلیوں کو بتا کہ تم ہٹ دھرم ہو۔ اگر مَیں ایک لمحہ بھی تمہارے ساتھ چلوں تو خطرہ ہے کہ مَیں تمہیں تباہ کر دوں۔ اب اپنے زیورات اُتار ڈالو۔ پھر مَیں فیصلہ کروں گا کہ تمہارے ساتھ کیا کِیا جائے۔“ اِن الفاظ پر اسرائیلیوں نے حورب یعنی سینا پہاڑ پر اپنے زیور اُتار دیئے۔ اُس وقت موسیٰ نے خیمہ لے کر اُسے کچھ فاصلے پر خیمہ گاہ کے باہر لگا دیا۔ اُس نے اُس کا نام ’ملاقات کا خیمہ‘ رکھا۔ جو بھی رب کی مرضی دریافت کرنا چاہتا وہ خیمہ گاہ سے نکل کر وہاں جاتا۔ جب بھی موسیٰ خیمہ گاہ سے نکل کر وہاں جاتا تو تمام لوگ اپنے خیموں کے دروازوں پر کھڑے ہو کر موسیٰ کے پیچھے دیکھنے لگتے۔ اُس کے ملاقات کے خیمے میں اوجھل ہونے تک وہ اُسے دیکھتے رہتے۔ موسیٰ کے خیمے میں داخل ہونے پر بادل کا ستون اُتر کر خیمے کے دروازے پر ٹھہر جاتا۔ جتنی دیر تک رب موسیٰ سے باتیں کرتا اُتنی دیر تک وہ وہاں ٹھہرا رہتا۔ جب اسرائیلی ملاقات کے خیمے کے دروازے پر بادل کا ستون دیکھتے تو وہ اپنے اپنے خیمے کے دروازے پر کھڑے ہو کر سجدہ کرتے۔ رب موسیٰ سے رُوبرُو باتیں کرتا تھا، ایسے شخص کی طرح جو اپنے دوست سے باتیں کرتا ہے۔ اِس کے بعد موسیٰ نکل کر خیمہ گاہ کو واپس چلا جاتا۔ لیکن اُس کا جوان مددگار یشوع بن نون خیمے کو نہیں چھوڑتا تھا۔ موسیٰ نے رب سے کہا، ”دیکھ، تُو مجھ سے کہتا آیا ہے کہ اِس قوم کو کنعان لے چل۔ لیکن تُو میرے ساتھ کس کو بھیجے گا؟ تُو نے اب تک یہ بات مجھے نہیں بتائی حالانکہ تُو نے کہا ہے، ’مَیں تجھے بنام جانتا ہوں، تجھے میرا کرم حاصل ہوا ہے۔‘ اگر مجھے واقعی تیرا کرم حاصل ہے تو مجھے اپنے راستے دکھا تاکہ مَیں تجھے جان لوں اور تیرا کرم مجھے حاصل ہوتا رہے۔ اِس بات کا خیال رکھ کہ یہ قوم تیری ہی اُمّت ہے۔“ رب نے جواب دیا، ”مَیں خود تیرے ساتھ چلوں گا اور تجھے آرام دوں گا۔“ موسیٰ نے کہا، ”اگر تُو خود ساتھ نہیں چلے گا تو پھر ہمیں یہاں سے روانہ نہ کرنا۔ اگر تُو ہمارے ساتھ نہ جائے تو کس طرح پتا چلے گا کہ مجھے اور تیری قوم کو تیرا کرم حاصل ہوا ہے؟ ہم صرف اِسی وجہ سے دنیا کی دیگر قوموں سے الگ اور ممتاز ہیں۔“ رب نے موسیٰ سے کہا، ”مَیں تیری یہ درخواست بھی پوری کروں گا، کیونکہ تجھے میرا کرم حاصل ہوا ہے اور مَیں تجھے بنام جانتا ہوں۔“ پھر موسیٰ بولا، ”براہِ کرم مجھے اپنا جلال دکھا۔“ رب نے جواب دیا، ”مَیں اپنی پوری بھلائی تیرے سامنے سے گزرنے دوں گا اور تیرے سامنے ہی اپنے نام رب کا اعلان کروں گا۔ مَیں جس پر مہربان ہونا چاہوں اُس پر مہربان ہوتا ہوں، اور جس پر رحم کرنا چاہوں اُس پر رحم کرتا ہوں۔ لیکن تُو میرا چہرہ نہیں دیکھ سکتا، کیونکہ جو بھی میرا چہرہ دیکھے وہ زندہ نہیں رہ سکتا۔“ پھر رب نے فرمایا، ”دیکھ، میرے پاس ایک جگہ ہے۔ وہاں کی چٹان پر کھڑا ہو جا۔ جب میرا جلال وہاں سے گزرے گا تو مَیں تجھے چٹان کے ایک شگاف میں رکھوں گا اور اپنا ہاتھ تیرے اوپر پھیلاؤں گا تاکہ تُو میرے گزرنے کے دوران محفوظ رہے۔ اِس کے بعد مَیں اپنا ہاتھ ہٹاؤں گا اور تُو میرے پیچھے دیکھ سکے گا۔ لیکن میرا چہرہ دیکھا نہیں جا سکتا۔“

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں خروج 33

خروج 1:33-23 کِتابِ مُقادّس (URD)

اور خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا کہ اُن لوگوں کو اپنے ساتھ لے کر جِن کو تُو مُلکِ مِصرؔ سے نِکال کر لایا یہاں سے اُس مُلک کی طرف روانہ ہو جِس کے بارے میں ابرہامؔ اور اِضحاقؔ اور یعقُوبؔ سے مَیں نے قَسم کھا کر کہا تھا کہ اِسے مَیں تیری نسل کو دُوں گا۔ اور مَیں تیرے آگے آگے ایک فرِشتہ کو بھیجُوں گا اور مَیں کنعانیوں اور امورِیوں اور حِتّیوں اور فرزّیوں اور حوّیوں اور یبوسیوں کو نِکال دُوں گا۔ اُس مُلک میں دُودھ اور شہد بہتا ہے اور چُونکہ تُو گردن کش قَوم ہے اِس لِئے مَیں تیرے بِیچ میں ہو کر نہ چلُوں گا تا اَیسا نہ ہو کہ مَیں تُجھ کو راہ میں فنا کر ڈالُوں۔ لوگ اِس وحشت ناک خبر کو سُن کر غمگِین ہُوئے اور کِسی نے اپنے زیور نہ پہنے۔ کیونکہ خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہہ دِیا تھا کہ بنی اِسرائیل سے کہنا کہ تُم گردن کش لوگ ہو۔ اگر مَیں ایک لمحہ بھی تیرے بِیچ میں ہو کر چلُوں تو تُجھ کو فنا کر دُوں گا۔ سو تُو اپنے زیور اُتار ڈال تاکہ مُجھے معلُوم ہو کہ تیرے ساتھ کیا کرنا چاہِئے۔ چُنانچہ بنی اِسرائیل حورِبؔ پہاڑ سے لے کر آگے آگے اپنے زیوروں کو اُتارے رہے۔ اور مُوسیٰؔ خَیمہ کو لے کر اُسے لشکر گاہ سے باہر بلکہ لشکر گاہ سے دُور لگا لِیا کرتا تھا اور اُس کا نام خَیمۂِ اِجتماع رکھّا اور جو کوئی خُداوند کا طالِب ہوتا وہ لشکر گاہ کے باہر اُسی خَیمہ کی طرف چلا جاتا تھا۔ اور جب مُوسیٰؔ باہر خَیمہ کی طرف جاتا تو سب لوگ اُٹھ کر اپنے اپنے ڈیرے کے دروازہ پر کھڑے ہو جاتے اور مُوسیٰؔ کے پِیچھے دیکھتے رہتے تھے جب تک وہ خَیمہ کے اندر داخِل نہ ہو جاتا۔ اور جب مُوسیٰؔ خَیمہ کے اندر چلا جاتا تو ابر کا سُتُون اُتر کر خَیمہ کے دروازہ پر ٹھہرا رہتا اور خُداوند مُوسیٰؔ سے باتیں کرنے لگتا۔ اور سب لوگ ابر کے سُتُون کو خَیمہ کے دروازہ پر ٹھہرا ہُؤا دیکھتے تھے اور سب لوگ اُٹھ اُٹھ کر اپنے اپنے ڈیرے کے دروازہ پر سے اُسے سِجدہ کرتے تھے۔ اور جَیسے کوئی شخص اپنے دوست سے بات کرتا ہے وَیسے ہی خُداوند رُوبرُو ہو کر مُوسیٰؔ سے باتیں کرتا تھا اور مُوسیٰؔ لشکر گاہ کو لَوٹ آتا تھا پر اُس کا خادِم یشُوؔع جو نُون کا بیٹا اور جوان آدمی تھا خَیمہ سے باہر نہیں نِکلتا تھا۔ اور مُوسیٰؔ نے خُداوند سے کہا دیکھ تُو مُجھ سے کہتا ہے کہ اِن لوگوں کو لے چل پر مُجھے یہ نہیں بتایا کہ تُو کس کو میرے پاس بھیجے گا حالانکہ تُو نے یہ بھی کہا ہے کہ مَیں تُجھ کو بنام جانتا ہُوں اور تُجھ پر میرے کرم کی نظر ہے۔ پس اگر مُجھ پر تیرے کرم کی نظر ہے تو مُجھ کو اپنی راہ بتا جِس سے مَیں تُجھے پہچان لُوں تاکہ مُجھ پر تیرے کرم کی نظر رہے اور یہ خیال رکھ کہ یہ قَوم تیری ہی اُمّت ہے۔ تب اُس نے کہا مَیں ساتھ چلُوں گا اور تُجھے آرام دُوں گا۔ مُوسیٰؔ نے کہا اگر تُو ساتھ نہ چلے تو ہم کو یہاں سے آگے نہ لے جا۔ کیونکہ یہ کیونکر معلُوم ہو گا کہ مُجھ پر اور تیرے لوگوں پر تیرے کرم کی نظر ہے؟ کیا اِسی طرِیق سے نہیں کہ تُو ہمارے ساتھ ساتھ چلے تاکہ مَیں اور تیرے لوگ رُویِ زمِین کی سب قَوموں سے نرالے ٹھہریں؟ خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا مَیں یہ کام بھی جِس کا تُو نے ذِکر کِیا ہے کرُوں گا کیونکہ تُجھ پر میرے کرم کی نظر ہے اور مَیں تُجھ کو بنام پہچانتا ہُوں۔ تب وہ بول اُٹھا کہ مَیں تیری مِنّت کرتا ہُوں مُجھے اپنا جلال دِکھا دے۔ اُس نے کہا مَیں اپنی ساری نیکی تیرے سامنے ظاہِر کرُوں گا اور تیرے ہی سامنے خُداوند کے نام کا اِعلان کرُوں گا اور مَیں جِس پر مہربان ہونا چاہُوں مہربان ہُوں گا اور جِس پر رحم کرنا چاہُوں رحم کرُوں گا۔ اور یہ بھی کہا تُو میرا چہرہ نہیں دیکھ سکتا کیونکہ اِنسان مُجھے دیکھ کر زِندہ نہیں رہے گا۔ پِھر خُداوند نے کہا دیکھ میرے قرِیب ہی ایک جگہ ہے سو تُو اُس چٹان پر کھڑا ہو۔ اور جب تک میرا جلال گُذرتا رہے گا مَیں تُجھے اُس چٹان کے شِگاف میں رکھّوں گا اور جب تک مَیں نِکل نہ جاؤُں تُجھے اپنے ہاتھ سے ڈھانکے رہُوں گا۔ اِس کے بعد مَیں اپنا ہاتھ اُٹھا لُوں گا اور تُو میرا پِیچھا دیکھے گا لیکن میرا چہرہ دِکھائی نہیں دے گا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں خروج 33