YouVersion Logo
تلاش

خروج 1:32-8

خروج 1:32-8 کِتابِ مُقادّس (URD)

اور جب لوگوں نے دیکھا کہ مُوسیٰؔ نے پہاڑ سے اُترنے میں دیر لگائی تو وہ ہارُونؔ کے پاس جمع ہو کر اُس سے کہنے لگے کہ اُٹھ ہمارے لِئے دیوتا بنا دے جو ہمارے آگے آگے چلے کیونکہ ہم نہیں جانتے کہ اِس مَرد مُوسیٰؔ کو جو ہم کو مُلکِ مِصرؔ سے نِکال کر لایا کیا ہو گیا۔ ہارُونؔ نے اُن سے کہا تُمہاری بیویوں اور لڑکوں اور لڑکیوں کے کانوں میں جو سونے کی بالِیاں ہیں اُن کو اُتار کر میرے پاس لے آؤ۔ چُنانچہ سب لوگ اُن کے کانوں سے سونے کی بالیاں اُتار اُتار کر اُن کو ہارُونؔ کے پاس لے آئے۔ اور اُس نے اُن کو اُن کے ہاتھوں سے لے کر ایک ڈھالا ہُؤا بچھڑا بنایا جِس کی صُورت چَھینی سے ٹھیک کی۔ تب وہ کہنے لگے اَے اِسرائیلؔ یہی تیرا وہ دیوتا ہے جو تُجھ کو مُلکِ مِصرؔ سے نِکال کر لایا۔ یہ دیکھ کر ہارُونؔ نے اُس کے آگے ایک قُربان گاہ بنائی اور اُس نے اِعلان کر دِیا کہ کل خُداوند کے لِئے عِید ہو گی۔ اور دُوسرے دِن صُبح سویرے اُٹھ کر اُنہوں نے قُربانِیاں چڑھائیں اور سلامتی کی قُربانِیاں گُذرانیں۔ پِھر اُن لوگوں نے بَیٹھ کر کھایا پِیا اور اُٹھ کر کھیل کُود میں لگ گئے۔ تب خُداوند نے مُوسیٰؔ کو کہا نِیچے جا کیونکہ تیرے لوگ جِن کو تُو مُلکِ مِصرؔ سے نِکال لایا بِگڑ گئے ہیں۔ وہ اُس راہ سے جِس کا مَیں نے اُن کو حُکم دِیا تھا بُہت جلد پِھر گئے ہیں۔ اُنہوں نے اپنے لِئے ڈھالا ہُؤا بچھڑا بنایا اور اُسے پُوجا اور اُس کے لِئے قُربانی چڑھا کر یہ بھی کہا کہ اَے اِسرائیلؔ یہ تیرا وہ دیوتا ہے جو تُجھ کو مُلکِ مِصرؔ سے نِکال کر لایا۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں خروج 32

خروج 1:32-8 اُردو ہم عصر ترجُمہ (UCV)

اَور جَب لوگوں نے دیکھا کہ مَوشہ نے پہاڑ سے اُترنے میں دیر لگائی تو وہ اَہرونؔ کے پاس جمع ہوکر کہنے لگے، ”آئیے ہمیں ایک معبُود بنا کر دیں جو ہمارے آگے آگے چلے، کیونکہ ہم نہیں جانتے کہ اُس اِنسان مَوشہ کو جو ہمیں مِصر سے نکال لائے کیا ہو گیا ہے۔“ اَہرونؔ نے اُن سے کہا، ”تمہاری بیویوں اَور بیٹوں اَور بیٹیوں کے کانوں میں جو سونے کی بالیاں ہیں، اُنہیں اُتار کر میرے پاس لے آؤ۔“ پس سارے لوگ اُن کے کانوں سے بالیاں اُتار کر اَہرونؔ کے پاس لے آئے اَورجو کچھ اُنہُوں نے اُسے دیا اُس نے اُسے لے کر ایک بُت بنایا جو بچھڑے کی صورت میں ڈھالا گیا تھا اَور اُسے چھینی سے ٹھیک کیا۔ تَب وہ کہنے لگے، ”اَے اِسرائیل یہی تمہارا وہ معبُود ہے جو تُمہیں مِصر سے نکال لایا ہے۔“ جَب اَہرونؔ نے یہ دیکھا تو اُس نے اُس بچھڑے کے سامنے ایک مذبح بنا کر اعلان کیا، ”کل یَاہوِہ کے لیٔے عید ہوگی۔“ پس اگلے دِن لوگوں نے صُبح سویرے اُٹھ کر سوختنی نذریں چڑھائیں اَور سلامتی کی نذر کی قُربانیاں گزرانیں۔ لوگ کھانے پینے کے لیٔے بیٹھے اَور پھر اُٹھ کر رنگ رلیاں منانے لگے۔ تَب یَاہوِہ نے مَوشہ سے فرمایا، ”نیچے جاؤ کیونکہ تمہارے لوگ جنہیں تُم مِصر سے نکال کر لائے بگڑ گیٔے ہیں۔ وہ اُس راہ سے جِس پر چلنے کا مَیں نے اُنہیں حُکم دیا تھا بہت جلد پھر گیٔے ہیں اَور اُنہُوں نے اَپنے لیٔے بچھڑے کی صورت میں ڈھالا ہُوا بُت بنا لیا ہے۔ اُنہُوں نے اُس کی پرستش کی ہے اَور اُس کے لیٔے قُربانی چڑھا کر یہ بھی کہا، ’اَے اِسرائیل! یہ تمہارا وہ معبُود ہے جو تُمہیں مِصر سے نکال کر لایا ہے۔‘

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں خروج 32

خروج 1:32-8 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

پہاڑ کے دامن میں لوگ موسیٰ کے انتظار میں رہے، لیکن بہت دیر ہو گئی۔ ایک دن وہ ہارون کے گرد جمع ہو کر کہنے لگے، ”آئیں، ہمارے لئے دیوتا بنا دیں جو ہمارے آگے آگے چلتے ہوئے ہماری راہنمائی کریں۔ کیونکہ کیا معلوم کہ اُس بندے موسیٰ کو کیا ہوا ہے جو ہمیں مصر سے نکال لایا۔“ جواب میں ہارون نے کہا، ”آپ کی بیویاں، بیٹے اور بیٹیاں اپنی سونے کی بالیاں اُتار کر میرے پاس لے آئیں۔“ سب لوگ اپنی بالیاں اُتار اُتار کر ہارون کے پاس لے آئے تو اُس نے یہ زیورات لے کر بچھڑا ڈھال دیا۔ بچھڑے کو دیکھ کر لوگ بول اُٹھے، ”اے اسرائیل، یہ تیرے دیوتا ہیں جو تجھے مصر سے نکال لائے۔“ جب ہارون نے یہ دیکھا تو اُس نے بچھڑے کے سامنے قربان گاہ بنا کر اعلان کیا، ”کل ہم رب کی تعظیم میں عید منائیں گے۔“ اگلے دن لوگ صبح سویرے اُٹھے اور بھسم ہونے والی قربانیاں اور سلامتی کی قربانیاں چڑھائیں۔ وہ کھانے پینے کے لئے بیٹھ گئے اور پھر اُٹھ کر رنگ رلیوں میں اپنے دل بہلانے لگے۔ اُس وقت رب نے موسیٰ سے کہا، ”پہاڑ سے اُتر جا۔ تیرے لوگ جنہیں تُو مصر سے نکال لایا بڑی شرارتیں کر رہے ہیں۔ وہ کتنی جلدی سے اُس راستے سے ہٹ گئے ہیں جس پر چلنے کے لئے مَیں نے اُنہیں حکم دیا تھا۔ اُنہوں نے اپنے لئے ڈھالا ہوا بچھڑا بنا کر اُسے سجدہ کیا ہے۔ اُنہوں نے اُسے قربانیاں پیش کر کے کہا ہے، ’اے اسرائیل، یہ تیرے دیوتا ہیں۔ یہی تجھے مصر سے نکال لائے ہیں‘۔“

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں خروج 32