YouVersion Logo
تلاش

خروج 1:31-18

خروج 1:31-18 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

پھر رب نے موسیٰ سے کہا، ”مَیں نے یہوداہ کے قبیلے کے بضلی ایل بن اُوری بن حور کو چن لیا ہے تاکہ وہ مُقدّس خیمے کی تعمیر میں راہنمائی کرے۔ مَیں نے اُسے الٰہی روح سے معمور کر کے حکمت، سمجھ اور تعمیر کے ہر کام کے لئے درکار علم دے دیا ہے۔ وہ نقشے بنا کر اُن کے مطابق سونے، چاندی اور پیتل کی چیزیں بنا سکتا ہے۔ وہ جواہر کو کاٹ کر جڑنے کی قابلیت رکھتا ہے۔ وہ لکڑی کو تراش کر اُس سے مختلف چیزیں بنا سکتا ہے۔ وہ بہت سارے اَور کاموں میں بھی مہارت رکھتا ہے۔ ساتھ ہی مَیں نے دان کے قبیلے کے اُہلیاب بن اخی سمک کو مقرر کیا ہے تاکہ وہ ہر کام میں اُس کی مدد کرے۔ اِس کے علاوہ مَیں نے تمام سمجھ دار کاری گروں کو مہارت دی ہے تاکہ وہ سب کچھ اُن ہدایات کے مطابق بنا سکیں جو مَیں نے تجھے دی ہیں۔ یعنی ملاقات کا خیمہ، کفارے کے ڈھکنے سمیت عہد کا صندوق اور خیمے کا سارا دوسرا سامان، میز اور اُس کا سامان، خالص سونے کا شمع دان اور اُس کا سامان، بخور جلانے کی قربان گاہ، جانوروں کو چڑھانے کی قربان گاہ اور اُس کا سامان، دھونے کا حوض اُس ڈھانچے سمیت جس پر وہ رکھا جاتا ہے، وہ لباس جو ہارون اور اُس کے بیٹے مقدِس میں خدمت کرنے کے لئے پہنتے ہیں، مسح کا تیل اور مقدِس کے لئے خوشبودار بخور۔ یہ سب کچھ وہ ویسے ہی بنائیں جیسے مَیں نے تجھے حکم دیا ہے۔“ رب نے موسیٰ سے کہا، ”اسرائیلیوں کو بتا کہ ہر سبت کا دن ضرور مناؤ۔ کیونکہ سبت کا دن ایک نمایاں نشان ہے جس سے جان لیا جائے گا کہ مَیں رب ہوں جو تمہیں مخصوص و مُقدّس کرتا ہوں۔ اور یہ نشان میرے اور تمہارے درمیان نسل در نسل قائم رہے گا۔ سبت کا دن ضرور منانا، کیونکہ وہ تمہارے لئے مخصوص و مُقدّس ہے۔ جو بھی اُس کی بےحرمتی کرے وہ ضرور جان سے مارا جائے۔ جو بھی اِس دن کام کرے اُسے اُس کی قوم میں سے مٹایا جائے۔ چھ دن کام کرنا، لیکن ساتواں دن آرام کا دن ہے۔ وہ رب کے لئے مخصوص و مُقدّس ہے۔ اسرائیلیوں کو حال میں اور مستقبل میں سبت کا دن ابدی عہد سمجھ کر منانا ہے۔ وہ میرے اور اسرائیلیوں کے درمیان ابدی نشان ہو گا۔ کیونکہ رب نے چھ دن کے دوران آسمان و زمین کو بنایا جبکہ ساتویں دن اُس نے آرام کیا اور تازہ دم ہو گیا۔“ یہ سب کچھ موسیٰ کو بتانے کے بعد رب نے اُسے سینا پہاڑ پر شریعت کی دو تختیاں دیں۔ اللہ نے خود پتھر کی اِن تختیوں پر تمام باتیں لکھی تھیں۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں خروج 31

خروج 1:31-18 کِتابِ مُقادّس (URD)

پِھر خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا۔ دیکھ مَیں نے بضلی ایلؔ بِن اُورؔی بِن حُورؔ کو یہُوداؔہ کے قبیلہ میں سے نام لے کر بُلایا ہے۔ اور مَیں نے اُس کو حِکمت اور فہم اور عِلم اور ہر طرح کی صنعت میں رُوحُ اﷲ سے معمُور کِیا ہے۔ تاکہ ہُنرمندی کے کاموں کو اِیجاد کرے اور سونے اور چاندی اور پِیتل کی چِیزیں بنائے۔ اور پتّھر کو جڑنے کے لِئے کاٹے اور لکڑی کو تراشے جِس سے سب طرح کی کارِیگری کا کام ہو۔ اور دیکھ مَیں نے اہلیاؔب کو جو اَخیسمک ؔکا بیٹا اور دانؔ کے قبیلہ میں سے ہے اُس کا ساتھی مُقرّر کِیا ہے اور مَیں نے سب رَوشن ضمیروں کے دِل میں اَیسی سمجھ رکھّی ہے کہ جِن جِن چِیزوں کا مَیں نے تُجھ کو حُکم دِیا ہے اُن سبھوں کو وہ بنا سکیں۔ یعنی خَیمۂِ اِجتماع اور شہادت کا صندُوق اور سرپوش جو اُس کے اُوپر رہے گا اور خَیمہ کا سب سامان۔ اور میز اور اُس کے ظرُوف اور خالِص سونے کا شمعدان اور اُس کے سب ظرُوف اور بخُور جلانے کی قُربان گاہ۔ اور سوختنی قُربانی کی قُربان گاہ اور اُس کے سب ظرُوف اور حَوض اور اُس کی کُرسی۔ اور بیل بُوٹے کڑھے ہُوئے جامے اور ہارُونؔ کاہِن کے مُقدّس لِباس اور اُس کے بیٹوں کے لِباس تاکہ کاہِن کی خِدمت کو انجام دیں۔ اور مَسح کرنے کا تیل اور مَقدِس کے لِئے خُوشبُودار مصالِح کا بخُور۔ اِن سبھوں کو وہ جَیسا مَیں نے تُجھے حُکم دِیا ہے وَیسا ہی بنائیں۔ اور خُداوند نے مُوسیٰؔ سے کہا۔ تُو بنی اِسرائیل سے یہ بھی کہہ دینا کہ تُم میرے سبتوں کو ضرُور ماننا۔ اِس لِئے کہ یہ میرے اور تُمہارے درمیان تُمہاری پُشت در پُشت ایک نِشان رہے گا تاکہ تُم جانو کہ مَیں خُداوند تُمہارا پاک کرنے والا ہُوں۔ پس تُم سبت کو ماننا اِس لِئے کہ وہ تُمہارے لِئے مُقدّس ہے۔ جو کوئی اُس کی بے حُرمتی کرے وہ ضرُور مار ڈالا جائے۔ جو اُس میں کُچھ کام کرے وہ اپنی قَوم میں سے کاٹ ڈالا جائے۔ چھ دِن کام کاج کِیا جائے لیکن ساتواں دِن آرام کا سبت ہے جو خُداوند کے لِئے مُقدّس ہے۔ جو کوئی سبت کے دِن کام کرے وہ ضرُور مار ڈالا جائے۔ پس بنی اِسرائیل سبت کو مانیں اور پُشت در پُشت اُسے دائمی عہد جان کر اُس کا لِحاظ رکھّیں۔ میرے اور بنی اِسرائیل کے درمیان یہ ہمیشہ کے لِئے ایک نِشان رہے گا اِس لِئے کہ چھ دِن میں خُداوند نے آسمان اور زمِین کو پَیدا کِیا اور ساتویں دِن آرام کر کے تازہ دَم ہُؤا۔ اور جب خُداوند کوہِ سِیناؔ پر مُوسیٰؔ سے باتیں کر چُکا تو اُس نے اُسے شہادت کی دو لَوحیں دِیں۔ وہ لَوحیں پتّھر کی اور خُدا کے ہاتھ کی لِکھی ہُوئی تِھیں۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں خروج 31