YouVersion Logo
تلاش

خروج 13:18-21

خروج 13:18-21 ہولی بائبل کا اردو جیو ورژن (URDGVU)

اگلے دن موسیٰ لوگوں کا انصاف کرنے کے لئے بیٹھ گیا۔ اُن کی تعداد اِتنی زیادہ تھی کہ وہ صبح سے لے کر شام تک موسیٰ کے سامنے کھڑے رہے۔ جب یترو نے یہ سب کچھ دیکھا تو اُس نے پوچھا، ”یہ کیا ہے جو آپ لوگوں کے ساتھ کر رہے ہیں؟ سارا دن وہ آپ کو گھیرے رہتے اور آپ اُن کی عدالت کرتے رہتے ہیں۔ آپ یہ سب کچھ اکیلے ہی کیوں کر رہے ہیں؟“ موسیٰ نے جواب دیا، ”لوگ میرے پاس آ کر اللہ کی مرضی معلوم کرتے ہیں۔ جب کبھی کوئی تنازع یا جھگڑا ہوتا ہے تو دونوں پارٹیاں میرے پاس آتی ہیں۔ مَیں فیصلہ کر کے اُنہیں اللہ کے احکام اور ہدایات بتاتا ہوں۔“ موسیٰ کے سُسر نے اُس سے کہا، ”آپ کا طریقہ اچھا نہیں ہے۔ کام اِتنا وسیع ہے کہ آپ اُسے اکیلے نہیں سنبھال سکتے۔ اِس سے آپ اور وہ لوگ جو آپ کے پاس آتے ہیں بُری طرح تھک جاتے ہیں۔ میری بات سنیں! مَیں آپ کو ایک مشورہ دیتا ہوں۔ اللہ اُس میں آپ کی مدد کرے۔ لازم ہے کہ آپ اللہ کے سامنے قوم کے نمائندہ رہیں اور اُن کے معاملات اُس کے سامنے پیش کریں۔ یہ بھی ضروری ہے کہ آپ اُنہیں اللہ کے احکام اور ہدایات سکھائیں، کہ وہ کس طرح زندگی گزاریں اور کیا کیا کریں۔ لیکن ساتھ ساتھ قوم میں سے قابلِ اعتماد آدمی چنیں۔ وہ ایسے لوگ ہوں جو اللہ کا خوف مانتے ہوں، راست دل ہوں اور رشوت سے نفرت کرتے ہوں۔ اُنہیں ہزار ہزار، سَو سَو، پچاس پچاس اور دس دس آدمیوں پر مقرر کریں۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں خروج 18

خروج 13:18-21 کِتابِ مُقادّس (URD)

اور دُوسرے دِن مُوسیٰؔ لوگوں کی عدالت کرنے بَیٹھا اور لوگ مُوسیٰؔ کے آس پاس صُبح سے شام تک کھڑے رہے۔ اور جب مُوسیٰؔ کے خُسر نے سب کُچھ جو وہ لوگوں کے لِئے کرتا تھا دیکھ لِیا تو اُس سے کہا یہ کیا کام ہے جو تُو لوگوں کے لِئے کرتا ہے؟ تُو کیوں آپ اکیلا بَیٹھتا ہے اور سب لوگ صُبح سے شام تک تیرے آس پاس کھڑے رہتے ہیں؟ مُوسیٰؔ نے اپنے خُسر سے کہا اِس کا سبب یہ ہے کہ لوگ میرے پاس خُدا سے دریافت کرنے کے لِئے آتے ہیں۔ جب اُن میں کُچھ جھگڑا ہوتا ہے تو وہ میرے پاس آتے ہیں اور مَیں اُن کے درمیان اِنصاف کرتا اور خُدا کے احکام اور شرِیعت اُن کو بتاتا ہُوں۔ تب مُوسیٰؔ کے خُسر نے اُس سے کہا کہ تُو اچّھا کام نہیں کرتا۔ اِس سے تُو کیا بلکہ یہ لوگ بھی جو تیرے ساتھ ہیں قطعی گُھل جائیں گے کیونکہ یہ کام تیرے لِئے بُہت بھاری ہے۔ تُو اکیلا اِسے نہیں کر سکتا۔ سو اب تُو میری بات سُن۔ مَیں تُجھے صلاح دیتا ہُوں اور خُدا تیرے ساتھ رہے۔ تُو اِن لوگوں کے لِئے خُدا کے سامنے جایا کر اور اِن کے سب معاملے خُدا کے پاس پُہنچا دِیا کر۔ اور تُو رسُوم اور شرِیعت کی باتیں اِن کو سِکھایا کر اور جِس راستہ اِن کو چلنا اور جو کام اِن کو کرنا ہو وہ اِن کو بتایا کر۔ اور تُو اِن لوگوں میں سے اَیسے لائِق اشخاص چُن لے جو خُدا ترس اور سچّے اور رِشوت کے دُشمن ہوں اور اُن کو ہزار ہزار اور سَو سَو اور پچاس پچاس اور دس دس آدمیوں پر حاکِم بنا دے۔

دوسروں تک پہنچائیں
پڑھیں خروج 18